Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zahra Javed
  4. Meri Pehli Kitab, Khwabon Ka Safar

Meri Pehli Kitab, Khwabon Ka Safar

میری پہلی کتاب، خوابوں کا سفر

کچھ خواب صرف دیکھنے کے لیے نہیں ہوتے، انہیں لفظوں میں ڈھالنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ 55 دن۔ بس اتنے ہی دنوں میں میں نے اپنی پہلی کتاب مکمل کی۔ نام رکھا: "آؤ خواب جیتے ہیں"۔

یہ کتاب میرے خیالات، میری سوچ اور میرے محسوسات کا عکس تھی۔ جب میں اسے لکھ رہی تھی، تو دل میں یقین تھا کہ جیسے ہی مکمل ہوگی، فوراً شائع بھی ہو جائے گی۔ شاید اسی یقین نے مجھے بغیر رکے، مسلسل لکھتے رہنے کی طاقت دی۔

کتاب مکمل ہونے پر میں نے اسے ایک عزیز شخصیت کے ساتھ شیئر کیا۔ ان کے الفاظ تھے: "یہ کتاب شائع ہو سکتی ہے"۔

ان کی بات سن کر دل کو تقویت ملی۔ انتظار شروع ہوا۔ کچھ وقت گزرا، پھر انہوں نے کہا: "اسے انگریزی زبان میں ترجمہ کرو"۔

اس وقت یہ بات غیر متوقع لگی، جیسے میری زبان، میری تحریر، مکمل نہ ہو۔ مگر آج سوچتی ہوں تو مانتی ہوں۔ وہ ٹھیک کہہ رہی تھیں۔

شاید ترجمے سے یہ کتاب اُن لوگوں تک بھی پہنچ جائے، جو میری زبان نہیں سمجھتے مگر میرے احساسات محسوس کر سکتے ہیں۔

وقت گزرتا رہا۔ کوششیں بھی کیں۔ لیکن ایک سال بیت گیا اور یہ کتاب اب تک صرف میرے پاس ہے۔ جن ذرائع تک رسائی تھی، وہاں بھی بھرپور کوشش کی، لیکن اشاعت کی راہیں ہم وار نہ ہو سکیں۔ جب لکھ رہی تھی، تو ایسا لگتا تھا کہ بس کچھ ہی دیر میں سب بدل جائے گا۔ مگر حقیقت میرے اندازوں سے مختلف تھی۔

اب میں چاہتی ہوں کہ یہ سفر صرف میرے دل و دماغ تک محدود نہ رہے۔

یہ بلاگ میری پہلی کتاب کا پہلا قدم ہے، ایک آغاز جس کے ذریعے میں اُن سب لوگوں سے مخاطب ہوں جو لکھتے ہیں، جو خواب رکھتے ہیں اور جو چاہتے ہیں کہ ان کی آواز سنی جائے۔ شاید آپ بھی لکھتے ہوں۔ شاید آپ کے پاس بھی کوئی کتاب ہو جو ابھی تک صرف آپ کے دل میں ہے۔ اگر ایسا ہے، تو یہ تحریر آپ کے لیے ہے۔

اپنے خواب لکھیں۔ اپنے لفظ زندہ رکھیں۔

چاہے وقت لگے، لیکن اپنی آواز کو خاموش نہ ہونے دیں۔ کیونکہ خواب سچ ہونے میں وقت تو لگ سکتا ہے مگر سچ ضرور ہوتے ہیں آپ بس یقین رکھ کر اپنا سفر جاری رکھیے کیونکہ منزل آپ کی منتظر ہے۔

Check Also

Mufti Muneeb Ur Rehman

By Abid Mehmood Azaam