Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zahra Javed
  4. Meri Ana Ka Masla Hai

Meri Ana Ka Masla Hai

میری انا کا مسئلہ ہے

میری انا کا مسئلہ ہے۔ یہ مجھے اجازت نہیں دیتی کہ میں یہ مان سکوں کہ میں کوئی بہت اچھی لکھاری نہیں ہوں۔ میرے بلاگز میرے اردگرد کے حالات پر مبنی ہوتے ہیں، جو میں محسوس کرتی ہوں، وہی لکھ دیتی ہوں۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ جو میں محسوس کرتی ہوں، ضروری نہیں کہ آپ بھی ویسا ہی محسوس کریں۔

میری انا مجھے یہ بھی تسلیم نہیں کرنے دیتی کہ اگر کوئی میرا بلاگ نہ پڑھے تو میرا لکھا ہوا بےکار ہوگیا اور نہ ہی یہ ماننے دیتی ہے کہ جن بلاگرز کو زیادہ لوگ پڑھتے ہیں، ان میں واقعی کچھ خاص بات ہوتی ہے جسے پڑھنا چاہیے۔

اگر میں اپنے اردگرد کی بات کروں تو میری انا ہی ہے جو مجھے روکتی ہے کہ میں اپنے رشتوں کی دی ہوئی قربانیوں کو سمجھ سکوں۔ اپنے والد صاحب پر فخر کر سکوں جنہوں نے مجھے وہ زندگی دی جو بہت سے لوگوں کو نصیب نہیں ہوئی۔ اپنی والدہ کے پیار کو محسوس کر سکوں جو ہر ڈانٹ کے بعد خود دل ہی دل میں افسوس کرتی ہیں۔ ایسا نہیں کہ وہ مجھے اکثر ڈانٹتی ہیں، مگر جب بھی کرتی ہیں، میری انا فوراً جاگ اٹھتی ہے۔

میری انا ہی ہے جو مجھے یہ سوچنے نہیں دیتی کہ میرے بھائیوں نے جو احسان کیے، وہ محبت سے کیے تھے، نہ کہ میرا حق تھے۔ یہی انا ہے جو مجھے اپنے دوستوں کے ساتھ کو اپنی بڑائی سمجھنے پر مجبور کرتی ہے، اپنے رب کی عطاؤں کو "میرا کمال" قرار دینے پر اکساتی ہے۔

یہ انا ہی تو ہے کہ اگر میں کسی کو ایک گلاس پانی دے دوں، تو مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں نے کسی پیاسے کو زندگی بخش دی۔ یہی انا ہے جو مجھے اپنی ہر ہار کو حالات یا دوسروں کی امیدوں پر ڈالنے پر مجبور کرتی ہے اور جب کامیابی ملتی ہے تو میں اسے اپنا کمال سمجھنے لگتی ہوں۔

حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ سب انا پرستی کی نشانیاں ہیں۔

اللہ نے انسان کو جو انا دی تھی، وہ اس کے نفس کی تسکین کے لیے نہیں بلکہ عزت و آبرو کی حفاظت کے لیے تھی۔ مگر ہم نے اس انا کو خود پرستی میں بدل دیا اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ہمیں اس کا احساس تک نہیں رہا۔

آج اگر ہم سے کوئی غلطی ہو جائے تو ہم ماننے کے بجائے سو دلیلیں دینے لگتے ہیں، تاکہ ثابت ہو جائے کہ غلط تو دوسرا تھا۔ ہم اپنی انا کو سنبھالتے سنبھالتے اس کی عبادت شروع کر دیتے ہیں۔

کبھی لمحہ بھر کو رک کر سوچیے۔

کیا یہ واقعی میری انا کا مسئلہ ہے یا میں خود اپنی انا کی پرستش میں گم ہو چکی ہوں؟

اپنے رشتوں کو بچائیے، کیونکہ یہ وہ رشتے ہیں جو اللہ نے خاص طور پر آپ کے لیے چنے ہیں۔

یہ اس لیے نہیں کہ آپ اپنی انا کی تسکین میں انہیں توڑ دیں، بلکہ اس لیے کہ آپ ان میں پیار، برداشت اور قربانی سیکھ سکیں۔

ایک بار دل سے مان کر دیکھیے کہ "غلطی میری تھی"۔

شاید اسی ایک جملے میں وہ سکون چھپا ہو جس کی آپ برسوں سے تلاش میں ہیں۔ اپنے لیے آسانیاں کرتے رہیں۔

Check Also

Naye Meesaq Ki Zaroorat Hai

By Syed Mehdi Bukhari