Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zahra Javed
  4. Kuch Pak Ki Akhri Mulaqat Thi

Kuch Pak Ki Akhri Mulaqat Thi

کچھ پل کی آخری ملاقات تھی

زندگی کبھی کسی کی میراث نہیں ہوتی۔ یہ بس چند لمحوں کی کہانی ہوتی ہے اور کچھ لوگ ہماری زندگی میں صرف انہی لمحوں کے لیے آتے ہیں۔ انہی لمحوں میں ہمیں کچھ ایسے دوست مل جاتے ہیں جنہیں ہم چاہ کر بھی بھلا نہیں سکتے۔

ایمان بھی ایسی ہی ایک شخصیت تھی، مختصر سا تعلق، مگر زندگی بھر کی یادیں۔ وہ لڑکی جو صرف کچھ وقت کے لیے میری زندگی میں آئی، مگر وہ وقت اتنا قیمتی تھا کہ آج بھی میرے دل و دماغ میں نقش ہے۔

ایمان کو بچپن سے ہی صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔ وہ اکثر اسپتال اپنے چیک آپ کے لیے جایا کرتی تھی۔ ایک دن اس کے ڈاکٹر نے اسے مکمل بیڈ ریسٹ کا مشورہ دے دیا۔ انہی دنوں میری اس سے تفصیلی بات چیت شروع ہوئی اور کب ہمارا تعلق گہرا ہوگیا، یہ خود ہمیں بھی اندازہ نہیں ہوا۔

ایمان میں ایک عجیب سی طاقت تھی۔ وہ مشکل حالات میں بھی مسکراتی رہتی تھی اور اس کی مسکراہٹ بھی اس کی طرح بے مثال تھی۔ پھر ایک دن ہماری ایک مشترکہ دوست نے بتایا کہ ایمان اسپتال میں ہے اور اس کی حالت کافی نازک ہے۔ پہلے تو میں نے اسے عام بات سمجھا، مگر جب تفصیلات معلوم ہوئیں تو دل دہل گیا۔

ہم اُسے دیکھنے اسپتال پہنچے تو وہ بے ہوش تھی۔ ڈاکٹر نے دعا کی درخواست کی۔ اگلے دن جب اس کی حالت بہتر ہوئی تو ہم نہیں جا سکے۔ تیسرے دن جب ہم دوبارہ گئے، تو وہ ہوش میں تھی۔ اس نے ہمیں فوراً پہچان لیا اور اپنی بہن کی طرف دیکھتے ہوئے اشارے سے کہا: "پانی لاؤ"۔ اس کے منہ پر آکسیجن کا ماسک تھا، جس کی وجہ سے وہ بول نہیں سکتی تھی، مگر آنکھوں کی چمک میں زندگی واپس آ چکی تھی۔

ہم خوش تھے کہ سب کچھ بہتر ہو رہا ہے۔ لیکن یہ ہماری آخری ملاقات تھی، اس کا ہمیں علم نہ تھا۔ اگلے دن اس کا بلڈ پریشر بہت زیادہ ہوگیا اور اس کی طبیعت اتنی بگڑ گئی کہ وہ ہمیشہ کے لیے ہمیں چھوڑ کر چلی گئی۔

آج بھی مجھے وہ لمحے یاد آتے ہیں۔ ایک عجیب سی خاموشی میں ڈوبا ہوا سوال رہ جاتا ہے، کہ چند لمحوں کی اس زندگی میں وہ کون سا کمال تھا جو وہ ہمیں سکھا گئی؟

شاید ہمت، شاید محبت، شاید دوسروں کی فکر کرنا۔۔

زندگی کے آخری لمحات میں بھی جب اس نے "جوس لاؤ" کہا، وہ صرف ایک جملہ نہیں تھا، بلکہ اس کی شخصیت کا نچوڑ تھا۔ ایک ایسی لڑکی، جو اپنی تکلیف بھول کر دوسروں کے لیے جیتی تھی۔

آج بھی جب میں اُس کے بارے میں سوچتی ہوں، تو حیرت ہوتی ہے کہ اتنے مختصر سے وقت میں وہ میرے دل میں اتنی گہری جگہ کیسے بنا گئی۔ ایمان اب اس دنیا میں نہیں، مگر اس کی یاد، اس کا چہرہ، اس کی مسکراہٹ اور اس کے سکھائے ہوئے سبق ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گے۔

کچھ لوگ واقعی صرف لمحے بھر کے لیے آتے ہیں، مگر ان کی یادیں عمر بھر کا سرمایہ بن جاتی ہیں۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan