Kamyabi Do Qadam Par
کامیابی دو قدم پر
پہلا قدم: خود کی پہچان، دوسرا قدم: کامیابی
انسان اپنی زندگی کا بیشتر وقت کسی نہ کسی تلاش میں گزارتا ہے۔ کبھی سکون، کبھی رزق، کبھی رشتے اور کبھی شہرت کی چاہ میں وہ مسلسل دوڑتا رہتا ہے۔ لیکن ان تمام تلاشوں میں ایک تلاش ایسی ہے جو سب سے زیادہ ضروری ہونے کے باوجود سب سے کم کی جاتی ہے اور وہ ہے: خود کی تلاش۔
زیادہ تر لوگ اپنی پوری زندگی دنیا کی دوڑ میں صرف کر دیتے ہیں، لیکن کبھی رک کر یہ نہیں سوچتے کہ وہ خود کون ہیں۔ انہیں اس بات کا شعور ہی نہیں ہوتا کہ ان کی اصل خواہشیں کیا ہیں، کون سے کام انہیں خوشی دیتے ہیں اور کون سی چیزیں انہیں بے سکون کر دیتی ہیں۔ وہ بس زندگی گزار رہے ہوتے ہیں، جیسے سب گزار رہے ہیں، بغیر مقصد، بغیر پہچان۔
کامیابی کی اصل راہ تب شروع ہوتی ہے جب انسان خود سے پہلا سوال کرتا ہے: "میں کون ہوں؟" جب وہ یہ جان لیتا ہے کہ اس کے اندر کیا صلاحیتیں چھپی ہیں، کون سا کام دل سے سکون دیتا ہے اور کون سا وہ صرف مجبوری یا دباؤ میں آکر کرتا ہے، تو یہی لمحہ پہلا قدم بن جاتا ہے: خود کی پہچان۔
خود کو پہچان لینا ایسا ہے جیسے دل میں وہ چراغ جل جائے جو پوری زندگی کو روشنی دے دے۔ جب یہ روشنی اندر روشن ہوتی ہے تو انسان اپنی اصل منزل کو دیکھ پاتا ہے۔ تب وہ جان جاتا ہے کہ کامیابی صرف پیسہ، شہرت یا ظاہری مقام کا نام نہیں بلکہ ایک ایسی حالت کا نام ہے جو دل کو سکون، ذہن کو وضاحت اور روح کو اطمینان دے۔
اور یہی دوسرا قدم ہے: کامیابی۔
جب انسان خود کو پا لیتا ہے، تو کامیابی اس کی طرف خود چل کر آتی ہے۔ وہ کام جو پہلے بوجھ لگتے تھے، اب شوق بن جاتے ہیں۔ فیصلے جو کبھی الجھن تھے، اب یقین بن جاتے ہیں۔ زندگی ایک نیا اور واضح رخ اختیار کرتی ہے۔
دورِ حاضر کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ جو شخص خود کو پہچاننے کی کوشش کرتا ہے، اسے یا تو "الگ تھلگ" اور عجیب سمجھا جاتا ہے، یا اسے پاگل کہہ کر طنز کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اُسے کہا جاتا ہے: "اتنی گہرائی میں کیوں جا رہے ہو؟" یا "زندگی کو اتنا مشکل نہ بناؤ"۔ دوسری طرف، جو شخص صرف پیسے، شہرت یا دنیاوی مقام کی دوڑ میں لگا رہتا ہے، اسے معاشرہ کامیاب تصور کرتا ہے۔
لیکن حقیقت یہ ہے کہ اصل کامیاب وہی ہے جو خود کو پہچان لیتا ہے۔ کیونکہ جس نے خود کو جان لیا، اس نے زندگی کا سب سے بڑا راز پا لیا اور وہی شخص رب کی پہچان تک پہنچنے کے قابل ہوتا ہے۔
اس لیے اگر آپ کامیابی چاہتے ہیں، تو سب سے پہلے خود کو پہچانیے۔
یقین کریں، دوسرا قدم خودبخود کامیابی کی طرف اُٹھ جائے گا۔

