Allah Chahta Hai Tum Usay Maaf Kar Do
اللہ چاہتا ہے تم اُسے معاف کر دو
آپ کی مصروف زندگی سے مجھے صرف پانچ منٹ چاہیئے۔ مجھے معلوم ہے کہ ان پانچ منٹوں میں آپ کئی اہم کام کر سکتے ہیں، مگر شاید یہ پیغام خاص آپ کے لیے ہی لکھا گیا تھا، اسی لیے آپ یہاں تک پہنچے ہیں۔ میں جانتی ہوں کہ زندگی میں بہت سے لوگوں نے آپ کو تکلیف دی ہوگی۔ کچھ لوگ آپ بھول چکے ہوں گے اور کچھ آپ کی زندگی سے جا چکے ہوں گے۔ لیکن شاید اس وقت بھی آپ کے دل میں کسی کے لیے گلہ، دکھ یا ناراضی باقی ہے۔ شاید کوئی ایسا ہے جس نے آپ کو بہت مایوس کیا، جس سے آپ نے خیر کی امید رکھی تھی، مگر وہی آپ کے درد کی وجہ بن گیا۔
مجھے احساس ہے کہ اب دوسروں پر بھروسہ کرنا مشکل لگتا ہوگا۔ شاید آپ دنیا سے تھک چکے ہوں اور جب کبھی ان لوگوں کو یاد کرتے ہیں تو پرانے زخم پھر تازہ ہو جاتے ہیں۔ مگر یقین مانیے، آپ کا رب آپ سے بہت محبت کرتا ہے۔ وہ نہیں چاہتا کہ آپ مزید تکلیف میں رہیں۔ وہ جانتا ہے کہ کس نے آپ کے ساتھ کیا کیا اور کن لمحوں میں آپ بالکل اکیلے تھے۔ لیکن آج، آپ کا رب چاہتا ہے کہ آپ سب کو معاف کر دیں۔
سوچیے، کیا کوئی انسان اتنا ضروری ہے کہ وہ آپ کے سکون پر قابض ہو جائے؟ کیا وہ دکھ، وہ یاد، وہ چبھن واقعی آپ کی خوشی سے زیادہ قیمتی ہے؟ اگر آپ دل سے معاف نہیں کر پا رہے تو کوشش جاری رکھیں اور اپنے رب سے یہ دعا مانگیں: "اے اللہ، میرے دل کو نرم کر دے، ان لوگوں کے لیے رحم ڈال دے جنہوں نے مجھے تکلیف دی، مجھے ہر شر سے محفوظ رکھ اور مجھے اپنے قریب کر لے"۔
میرے پاس الفاظ نہیں ہیں جو وہ سب بیان کر سکیں جو میں چاہتی ہوں کہ آپ محسوس کریں۔ لیکن شاید یہ الفاظ لکھوانا میرا نہیں، میرے رب کا ارادہ تھا۔ وہی چاہتا تھا کہ میں لکھوں اور آپ تک یہ پیغام پہنچے، کیونکہ وہ چاہتا ہے کہ آپ کے دل کو سکون ملے۔ وہ چاہتا ہے کہ آپ صرف اسی پر بھروسہ رکھیں اور اپنا تعلق اسی سے جوڑے رکھیں۔
آپ کا رب آپ کو بہت آگے لے جانا چاہتا ہے، مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ ان لوگوں کو معاف کر دیں جنہوں نے جان بوجھ کر آپ کو تکلیف دی۔ یاد رکھیں، جب آپ رحم کریں گے تو کل اللہ بھی آپ پر رحم فرمائے گا۔ اپنے رب سے دعا کرتے رہیے، وہ آپ کی بات سن رہا ہے۔
اور اگر اس پیغام نے آپ کے دل کو چھو لیا ہے تو اپنے رب کا شکر ادا کیجیے، کیونکہ وہی ہے جو آپ کو سہی راستے کی طرف بلا رہا ہے۔

