Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zahra Javed
  4. Alfaz Ki Taqat

Alfaz Ki Taqat

الفاظ کی طاقت

الفاظ اپنے اندر ایک عجیب سی طاقت رکھتے ہیں۔ کبھی یہ چند سادہ سے الفاظ کسی کی پریشانی کو دور کر دیتے ہیں اور کبھی یہی الفاظ کسی کی خوشی کو ماند کر دیتے ہیں۔ ہم اکثر کچھ کہنے سے پہلے یہ نہیں سوچتے کہ ہمارے الفاظ کسی کے دل کو چوٹ بھی پہنچا سکتے ہیں۔

میں نے خود الفاظ سے ملنے والی خوشی کو محسوس کیا ہے۔ اسی لیے اب میں یہ کوشش کرتی ہوں کہ جو بات دل میں ہو، وہ سچائی سے اور پوری نرمی کے ساتھ کہہ سکوں۔ شاید میرے یہ الفاظ کسی کے لیے سکون، خوشی یا محبت کا ذریعہ بن جائیں۔

ایک دن میری ایک قریبی دوست نے مجھے بتایا کہ میری اُستاذِ محترم، ڈاکٹر افشاں، جو کہ ایک نہایت باوقار، مہذب اور شفیق اُستاذ رہی ہیں، نے ایک دن کہا: "بیٹی ہونے کی خوشی زیادہ ہوتی ہے، کیونکہ میری اپنی بیٹی نہیں ہے"۔

یہ الفاظ اُن کے دل سے نکلے تھے اور دل سے نکلے الفاظ سیدھا دل پر اثر کرتے ہیں۔ اُن کی بات نے میرے دل کو چھو لیا۔ میرے دل نے کہا کہ مجھے اُن کے لیے وہ الفاظ لکھنے چاہییں جن کی وہ حقیقتاً حقدار ہیں۔

یہ سچ ہے کہ دل سے نکلے الفاظ ہی دل کو چھو جاتے ہیں۔

جب میں نے وہ الفاظ لکھے، تو اُن کے چہرے پر جو خوشی، مسکراہٹ اور سکون تھا، وہ میری آنکھوں کے سامنے ہے اور وہ سکون شاید مجھے میری اپنی کسی خوشی سے بھی حاصل نہ ہوا ہو۔

اور میں اُن سے یہ بھی کہنا چاہتی ہوں کہ بیٹی ہونا صرف خون کے رشتے کا نام نہیں ہے۔ جب آپ کسی اور کی بیٹی کو ماں جیسا پیار، تحفظ اور مامتا کا احساس دیتی ہیں، تو وہ بیٹی بھی آپ کو ماں جیسا رتبہ دے سکتی ہے۔

آخر میں، میں دل سے کہنا چاہتی ہوں:

"شکریہ میڈم! آپ کی وجہ سے میرے لیے ایک نیا راستہ بنا اور آج میں یہ بلاگ لکھ پا رہی ہوں۔ میری دلی دعا ہے کہ آپ ہمیشہ خوش رہیں، سلامت رہیں اور یونہی روشنی بانٹتی رہیں"۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan