Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zahra Javed
  4. Abhi Kuch Waqt Baqi Hai Laut Jaane Ko

Abhi Kuch Waqt Baqi Hai Laut Jaane Ko

ابھی کچھ وقت باقی ہے لوٹ جانے کو

زندگی اب بھی چل رہی ہے، مگر ہم جی نہیں رہے۔ ہم بس گزرتے جا رہے ہیں، ہر دن ایک جیسا، ایک ہی سلسلے میں، بغیر کسی مقصد کے۔ ہم انسان تو ہیں، مگر انسانیت کہیں پیچھے رہ گئی ہے۔

رشتے اب صرف فائدے تک محدود ہو گئے ہیں۔ جب تک ضرورت ہوتی ہے، ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں اور جیسے ہی فائدہ ختم ہوتا ہے، بہانے شروع ہو جاتے ہیں۔ تعلقات کا وجود اب صرف اُس وقت تک ہے جب تک وہ ہمیں کچھ دے رہے ہوتے ہیں۔ ہم اپنی منزل بھول چکے ہیں۔ منافع ہماری سوچ، ہمارا دین اور ہماری زندگی بن گیا ہے۔

سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ ہم نے رب کو ناراض کرکے اُس کے بندوں کو راضی کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہم انسانوں کی تصدیق کے لیے اپنے رب کے حکم کو توڑ دیتے ہیں اور پھر جب وہی لوگ ہمیں ذلیل کرتے ہیں، ہمیں ٹھکرا دیتے ہیں، تو ہم شکوہ رب سے کرتے ہیں، جس سے ہم نے سب سے پہلے منہ موڑا ہوتا ہے۔

آج آپ اور میں صرف مطلب کی تلاش میں رہتے ہیں۔ جہاں کوئی بغیر مطلب کے عزت دے دے، وہاں ہم فوراً اُس کی خودداری کی قیمت لگانے لگتے ہیں۔ کسی کی معمولی سی غلطی کو بہانہ بنا کر ہم اُس پر ہر گناہ کا بوجھ ڈال دیتے ہیں اور پھر سکون سے کہتے ہیں: "تعلق ختم!" ہم نے صرف رشتے نہیں، اپنی یکجہتی بھی چھوڑ دی ہے۔ ایک متحد قوم ہونے کے باوجود، ہم فرقوں میں بٹ چکے ہیں۔

سنی، شیعہ، دیوبندی، وہابی، یہ سب صرف لباس ہیں۔ حقیقت میں ہم سب اللہ کے بندے ہیں اور صرف مسلمان۔ فرقے رب نے نہیں بنائے، ہم نے بنائے۔ جب تک ہم اپنی پہچان کو ان لباسوں سے جوڑتے رہیں گے، اُمتِ مسلمہ صرف کتابوں میں رہے گی، حقیقت میں نہیں۔

آج وقت ہے، ہم لوٹ سکتے ہیں۔ ایک بار پھر سے قوم بن کر جی سکتے ہیں۔ ہم اپنی روحانیت، انسانیت اور اتحاد کو زندہ کرکے مغرب کے دیکھے گئے خوابوں کی تعبیر بدل سکتے ہیں۔ ہم وہ بنیں جن کی مثال دی جائے، نہ کہ وہ جو مثالوں میں کھو گئے۔

بس ضرورت ہے تو صرف ایک پہچان کی، ایک نرمی کی، ایک سچائی کی اور سب سے بڑھ کر ایک رب سے جڑے ہوئے دل کی۔

کیونکہ، ابھی کچھ وقت باقی ہے لوٹ جانے کو۔

سب کچھ ختم نہیں ہوا۔

اُمید اب بھی زندہ ہے۔

اور بدلنے کے لیے، بس ایک سچا ارادہ چاہیے۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan