Aap Kisi Se Kam Nahi
آپ کسی سے کم نہیں
یہ مصرع محض ایک جملہ نہیں بلکہ ایک ایسی حقیقت کا اعلان ہے جو اکثر ہم خود ہی بھلا دیتے ہیں کہ آپ کسی دوسرے انسان سے کم نہیں۔ بہت سے لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ جو دنیا میں اتنے کامیاب ہیں، اپنی منزلوں تک پہنچ کر کچھ بن چکے ہیں، کیا وہ بھی ہمارے برابر ہیں؟ تو اس سوال کا صاف اور سادہ جواب ہے: جی ہاں، وہ بھی آپ ہی کے برابر ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ انہوں نے خواب دیکھنے کی جرات کی، ان خوابوں کے لیے محنت کی اور پھر اس محنت کا پھل کامیابی کی صورت میں پایا۔
یہ بھی ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ آج جو لوگ کامیابی کے عروج پر نظر آتے ہیں، انہوں نے پہلی ہی کوشش میں فتح حاصل نہیں کی۔ بار بار کی ناکامیوں، مسلسل جدوجہد اور نہ ختم ہونے والی جستجو نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔ انہوں نے دنیا کو یہ باور کروایا کہ جو وہ سوچتے ہیں، اسے حقیقت میں بدلنے کی ہمت بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ ثابت کیا کہ محنت کا پھل ہمیشہ ملتا ہے، بس صحیح وقت اور صحیح صورت میں، مگر انسان اکثر بے صبری میں ناشکری کرنے لگتا ہے۔
آپ میں کمی کسی صلاحیت کی نہیں، کمی صرف اس یقین کی ہے جو آپ کو خود پر ہونا چاہیے۔ ورنہ آپ کے پاس وہ سب کچھ موجود ہے جو ایک کامیاب انسان کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ اصل کمی یہ ہے کہ آپ خود پر یقین رکھتے ہوئے اپنے راستے پر چلنے کی ہمت نہیں کر پاتے۔
آپ خواب تو دیکھ لیتے ہیں، مگر انہیں صرف سوچ تک محدود کر دیتے ہیں، اسی وجہ سے وہ خواب حقیقت کی وادیوں میں پھیل نہیں پاتے۔ آپ کو بہت زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، بس اپنے اردگرد کے ماحول کو غور سے دیکھیں، اسے سمجھیں اور اس طرح اپنائیں کہ آپ جان سکیں کہ آپ کے خواب سچ ہونے کا نہ صرف حق رکھتے ہیں بلکہ انہیں پورا کرنے کی ہمت بھی آپ کے اندر موجود ہے۔
ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ آپ کون سا راستہ چنتے ہیں۔ یا تو ایک بار فیصلہ کرکے جدوجہد کا راستہ اختیار کریں، یا پھر زندگی کو بہانوں کے سہارے گزار دیں۔ یاد رکھیے، آج آپ جو بھی کرنے کا فیصلہ کریں گے، جس خواب کو سنجیدگی سے اپنائیں گے، وہ خواب ضرور پورا ہوگا، بس شرط یہ ہے کہ آپ صحیح راستہ چننے کی ہمت کریں۔

