Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zahra Javed
  4. Aap Ke Khwab Poore Kyun Nahi Hote?

Aap Ke Khwab Poore Kyun Nahi Hote?

آپ کے خواب پورے کیوں نہیں ہوتے؟

یہ ایک ایسا سوال ہے جو تقریباً ہر انسان کے ذہن میں ہوتا ہے۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ اُس کے خواب حقیقت بن جائیں، لیکن بہت کم لوگ ہیں جو اس سوال کا اصل جواب تلاش کرتے ہیں۔

دنیا میں کوئی بھی شخص ایسا نہیں جو خواب نہ دیکھتا ہو۔ میں بھی دیکھتی ہوں اور یقیناً آپ نے بھی کئی خواب اپنی آنکھوں میں سجا رکھے ہوں گے۔ لیکن یہاں میری مراد نیند میں آنے والے خوابوں سے نہیں بلکہ بیداری کے خوابوں سے ہے۔ وہ خواب جو انسان کو جینے کا مقصد دیتے ہیں۔

کسی نے انہی خوابوں کے بارے میں کہا تھا:

خواب وہ نہیں جو سوتے ہوئے آئیں
خواب تو وہ ہیں جو سونے نہیں دیتے

یہ شعر میں نے پہلی مرتبہ اپنی اُستاد سے سنا تھا اور پھر کبھی بھلایا نہیں۔ اس شعر نے ہمیشہ میرے دل کو ایک عجیب سی انسیت اور تحریک دی۔

لیکن سوال یہ ہے کہ آخر کیوں دنیا کے صرف چند لوگ ہی اپنے خواب پورے کر پاتے ہیں؟ وجہ یہ ہے کہ لوگ خواب تو دیکھتے ہیں مگر اُنہیں حقیقت میں ڈھالنے کے بجائے صرف خوابوں ہی کی دنیا میں رہتے ہیں۔

مثال کے طور پر، کوئی شخص اچھی نوکری کا خواب دیکھتا ہے۔ وہ انٹرویو دیتا ہے، مگر جب معیار پر پورا نہیں اُترتا تو پھر یہ اُمید لگاتا ہے کہ شاید سامنے والا اس پر ترس کھا کر اسے نوکری دے دے۔ حالانکہ اُس خواب نے اُس سے محنت اور خودداری مانگی تھی جو اُس نے کی ہی نہیں۔ پھر وہ اپنے خواب ٹوٹنے کا الزام قسمت اور دنیا کو دیتا ہے، حالانکہ اصل ذمہ دار وہ خود ہوتا ہے۔

یاد رکھیے:

آپ کے خواب صرف آپ کے ہیں۔

اگر ادھورے رہتے ہیں تو بھی آپ کے ہیں۔

اور اگر پورے ہوتے ہیں تو بھی آپ کے ہیں۔

کوئی دوسرا شخص کبھی آپ کے خواب آپ کے لیے پورے نہیں کرے گا۔ اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے محنت بھی آپ کو خود کرنی ہوگی۔ ہاں، سمجھدار اور کامیاب لوگوں سے مشورہ ضرور کریں، لیکن یہ توقع نہ رکھیں کہ وہ آپ کے خوابوں کو پلیٹ میں سجا کر آپ کے سامنے رکھ دیں گے۔

اللہ پر بھروسہ رکھیے، پھر اپنے حصے کی محنت کیجیے اور باقی اپنے رب پر چھوڑ دیجیے۔ یقین مانیے آپ کی محنت کا پھل آپ تک ضرور صحیح وقت اور صحیح طریقے سے پہنچتا ہے۔ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ حقیقت ہے۔ لیکن ناکامی کو ہار نہ سمجھیے۔ اکثر ناکامیاں ہی ہمیں کامیابی کے راستے پر ڈالتی ہیں۔ اگر اُس وقت ہمت ہار دی جائے تو خواب کبھی حقیقت میں نہیں بدل سکتے۔

خواب دیکھنا آسان ہے، مگر اُنہیں حقیقت بنانا محنت، صبر اور یقین مانگتا ہے۔ جو انسان یہ تینوں اختیار کر لے، اُس کے لیے کوئی خواب ناممکن نہیں رہتا۔

Check Also

Mufti Muneeb Ur Rehman

By Abid Mehmood Azaam