Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Toqeer Bhumla
  4. Digital Creator

Digital Creator

ڈیجیٹل کری ایٹر

درخت کو جب کاٹا جاتا ہے تو اس کے کٹے ہوئے تنے اور شاخوں کو انگریزی میں لاگ logs کہا جاتا ہے۔

پرانے وقتوں میں سمندر کے اندر بحری جہاز کی رفتار کو ماپنے کے لیے ایک طریقہ استعمال کیا جاتا تھا، جس میں جہاز کی عقبی سمت درخت کا کٹا ہوا تنا (لاگ) باندھا جاتا تھا، پھر ایک رسے کو ایک فیدم کے فاصلے پر گانٹھ/ گرہ لگائی جاتی تھی، جب رسے پر کافی تعداد میں گانٹھیں لگ جاتی تو پھر وقت ماپنے والا شیشے کا گلاس نما قدیم آلا جس کے دو بلب نما حصوں میں سے ایک حصے میں ریت ہوتی تھی، اس ریت والی گھڑی کو جہاز کا عملہ پہلے صفر کرتا، پھر گانٹھوں والی اس رسی کے سرے پر لکڑی کا ایک ٹکڑا باندھا جاتا۔

(logged) اور پانی میں چلتے ہوئے بحری جہاز سے اس رسے کو سمندر میں مخصوص دورانیے یا مخصوص مدت / وقت کے لیے پھینکا جاتا تھا، اس کے بعد دیکھا جاتا تھا کہ ریت کی اس گھڑی کے مطابق رسہ پھینکنے والے کے ہاتھ سے کتنے وقت میں رسے کی کتنی گانٹھیں سمندر میں گری ہیں۔ جتنی گانٹھیں پانی میں ہوتی تھیں جہاز کی اتنی ہی رفتار مانی جاتی تھی۔ گرہ، گانٹھ یا ناٹ کو رفتار کی اکائی تصور کرتے ہوئے ایک گانٹھ سمندری ایک میل فی گھنٹہ کے برابر تصور کی جاتی تھی۔

گانٹھوں کو انگریزی میں ناٹ (Knot) کہتے ہیں اس وقت ایک ناٹ ایک فیدم (Fathom) کی ہوتی تھی، اور ایک فیدم دو گز یا چھ فٹ کا ہوتا تھا، جس کی پیمائش انسانی دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی سے بازو، کندھوں سے لے کر بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی تک کی جاتی تھی۔ ناٹ سے ہی ناٹیکل میل کا نام دیا جاتا ہے جو زمینی میل سے لمبا ہوتا ہے۔ رسی اور لکڑی کے ٹکڑے کے ذریعے رفتار ماپنے کے اس عمل کو جہاز کا لاگنگ logging کہا جاتا تھا۔ جس کو باقاعدہ لکھ کر یا کسی بھی شکل میں ریکارڈ رکھا جاتا تھا۔

وقت گزرتا گیا اور بحری جہاز پر سفر کرنے والے تمام مسافروں، سامان کی فہرست، سفر کی تفصیلات، ایندھن، وقت، دن، مہینے، کا حساب اور حاضری وغیرہ کا سفری ریکارڈ، ایک مخصوص جگہ پر لکھا جاتا تھا جسے "لاگ Log" کا نام دیا جاتا تھا اور جس کے اندر لاگ لکھا جاتا تھا اسے لاگ بک Log Book کہا جاتا تھا۔ جوں جوں وقت گزرتا گیا تو یہی "لاگ" مختلف شکلیں اختیار کرتا گیا۔

انٹرنیٹ کے آنے کے بعد ویب سائٹ website کی اصطلاح متعارف ہوئی تو پھر اس ویب سائٹ پر پیش کیے گئے مواد کا نام بھی بلاگ پڑ گیا، جو دراصل ویب اور لاگ کا مرکب ہے۔ Web + log، ویبلاگ کو مزید مختصر کرتے ہوئے ویب / WEB کا آخری حرف "بی B" اور "لاگ LOG" کو جوڑ کر بلاگ / BLOG کی اصطلاح استعمال ہونے لگی، مطلب ویب کے لئے لکھنا۔ اسی بلاگ کے کام کو بلاگنگ Blogging اور لکھنے والے کو بلاگر Blogger کہا جانے لگا، یہاں ایک بات دھیان میں رکھنے کی ہے کہ اس کی ادائیگی بی لاگ کی بجائے بلاگ ہے۔

اسی طرح انگریزی لفظ ویڈیوگرافی کے پہلے حرف وی اور لاگ کے مرکب سے ولاگ بن گیا۔

Video + log = Vlog

یہاں بھی پڑھنے یا ادائیگی میں ولاگ ہے وی لاگ نہیں ہے۔

کسی بھی موضوع پر ویڈیو بنا کر کسی بھی فورم پر پیش کرنے والے کو ولاگر Vlogger اور ویڈیوگرافی کو ولاگنگ Vlogging کہا جاتا ہے۔ یہاں ایک اور بات کا ذکر ہو جائے کہ انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ کے ہر پلیٹ فارم کی اپنی مخصوص اصطلاحات بھی ہیں۔ جیسے کسی بھی پلیٹ فارم کے لیے ویڈیو بنانے والے کو ولاگر کہیں گے مگر یوٹیوب کے لیے ویڈیو بنانے والے کو ولاگر کی بجائے یوٹیوبر YouTuber کہیں گے۔ اور چاہے بلاگ ہو یا ولاگ یا فوٹو لاگ ان تمام قسم کے مواد تیار کرنے والے کو ڈیجیٹل کری ایٹر Digital Creator کہیں گے۔

Check Also

Sain Pir De Pandare Mithe Chol Khao

By Syed Mehdi Bukhari