BBC Ki Ahmaqana Report
بی بی سی کی احمقانہ رپورٹ

آج بی بی سی پر یہ احمقانہ رپورٹ شائع ہوئی ہے کہ امریکا نے یوکرین کو جنگ شروع ہونے کے بعد کتنی رقم دی۔ اصل مقصد ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو غلط ثابت کرنا تھا کہ امریکا اب تک یوکرین کو 350 ارب ڈالر دے چکا ہے۔ بی بی سی نے ادھر ادھر کے اعداد و شمار جمع کرکے کہا ہے کہ یہ رقم 119 سے 182 ارب ڈالر تک ہے۔ گویا یہ معمولی سی رقم ہے جس سے یوکرین کا کچھ بھلا نہیں ہوا۔
بی بی سی کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے یعنی یوکرین کے لیے برطانیہ کی خطیر امداد پر نظر ڈالنی چاہیے۔ کل برطانوی وزیراعظم نے امریکا سے جوتے کھا کر آئے ہوئے زیلنسکی سے ملاقات میں یوکرین کو فقط 2 ارب ڈالر دینے کا اعلان ایسے کیا جیسے اس کے بعد وہ دنیا فتح کرلے گا۔ لیکن یہ قرضہ ہوگا، گرانٹ نہیں ہوگی۔
صدر ٹرمپ کا یوکرین کے بارے میں رویہ بالکل درست ہے۔ اس کے جوکر صدر کو نہ سفارتی آداب کا علم ہے، نہ شکرگزاری کے جذبات کا اظہار کرنا آتا ہے، نہ امن کی خواہش رکھتا ہے۔
میں ہر ماہ سخت محنت کے بعد اپنی آمدنی دیکھتا ہوں تو پتا چلتا ہے کہ ٹیکس اور میڈیکل انشورنس کی مد میں ایک تہائی تنخواہ کٹ گئی ہے۔ اس ٹیکس سے یوکرین یا پاکستان یا کسی بھی ملک کی مدد کیوں کی جائے اگر وہ شکر گزار نہیں، اگر ان کے دل میں امریکا کے خلاف جذبات ہیں۔ یہ ان کا حق نہیں ہے۔
امریکا 80 سال سے نیٹو یعنی مغربی یورپ کی سلامتی کے لیے ہزار ہا ارب خرچ کرچکا ہے۔ اس کا سارا فائدہ یورپی عوام نے اٹھایا کیونکہ ان کے ملک امریکا کے بھروسے پر اپنے دفاع کے لیے بہت کم رقم خرچ کرتے ہیں۔ بچ جانے والے پیسے سے اپنی عوام کو مفت میڈیکل دیتے ہیں۔ مفت تعلیم دیتے ہیں۔ سالانہ وظیفے دیتے ہیں۔
ادھر امریکا میں یونیورسٹی کی تعلیم بہت مہنگی ہے جو عام طالب علم لون لیے بغیر حاصل نہیں کرسکتا۔ علاج بہت مہنگا ہے بلکہ میڈیکل انشورنس بھی کمر توڑ ہے۔ جن دنوں میں اوبر چلارہا تھا، میرے پاس اور میرے بیوی بچوں کے پاس میڈیکل انشورنس نہیں تھی۔ میری بیوی کی سرجری ہونی تھی جو دو سال ٹالنا پڑی۔
امریکا اگر صرف اپنے دفاع پر خرچ کرے اور باقی پیسے اپنے عوام پر لگائے تو ہر شخص کو یونیورسٹی کی تعلیم اور مفت علاج مل سکتا ہے۔ اس معاملے میں ٹرمپ کی پالیسی درست ہے۔ اسی لیے ڈیموکریٹس کی جارحانہ مخالفت، میڈیا کی یکطرفہ مہم اور درجنوں مقدمات کے باوجود ٹرمپ کو انتخاب میں کامیابی ہوئی۔
اب آپ کو اندازہ ہوا کہ میں نے مہینوں پہلے ٹرمپ کی جیت کی پیش گوئی کیسے کردی تھی؟
میں ٹرمپ کا پرستار نہیں ہوں اور ان کی بہت سی پالیسیوں کا ناقد ہوں لیکن بین الاقوامی سطح پر امریکی مفادات کی تحفظ کے لیے وہ درست سمت میں جارہے ہیں۔