Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Tanhai Ke So Saal

Tanhai Ke So Saal

تنہائی کے سو سال

گارشیا مارکیز کے شہرہ آفاق ناول "تنہائی کے سو سال" پر نیٹ فلکس نے سیریز پیش کی ہے۔ بہت بہترین فلمسازی اور بہترین انداز میں ناول کو سیریز میں ڈھالا ہے۔ یہ ناول میرے پسندیدہ ناولوں میں سے ایک ہے۔ یہ سیریز اور ناول دونوں کو بہتر سمجھنے کے لیے میٹافور یا فلاسفی کی سمجھ ہونا ضروری ہے وگرنہ یہ محض ایک افسانوی داستان ہی معلوم ہوگا۔

کہانی حوزے آرکادیو بوئندیا کی بسائی ہوئی ایک فرضی بستی "ماکوندو" پر محیط ہے۔ یہ بستی بوئندیا گھرانے کی چھ نسلیں دیکھتی ہے۔ کہانی کا سب سے اہم نقطہ تنہائی ہے جس کے گرد تمام ناول گردش کرتا ہے۔ بوئندیا خاندان کا ہر فرد چاہے وہ عورت ہو یا مرد تنہائی کا شکار نظر آتا ہے۔ حوزے آرکادیو بوئندیا سائنسی کھوجناؤں کے پیچھے اپنے آپ کو تنہائی کا شکار بنا لیتا ہے۔ ملکیا دیس کے لیے موت میں بسی تنہائی نا قابل برداشت ہوتی ہے۔ انسان تو انسان ناول میں بیان کی گئی بے جان اشیاء بھی تنہائی سے ماورا نہیں ہیں۔ بوئندیا ہاؤس، ماکوندو کے راستے، خاندان کا ہر فرد تنہائی کا شکار ہے۔

ناول کی تھیسس میں انسو منیا کی وبا، فراموشی، غیر مقامی باشندوں کی آمد اور ان کے مقامی لوگوں پر اثرات، ڈیمو گرافک تغیرات، خانہ جنگی، آبادیوں کا بسنا، ان کا عروج و زوال، جنگ کی لا یعنیت، ملکی سیاست، سیاسی نعروں اور وعدوں کی بنیادوں پرعوام کا استحصال کرنا شامل ہے۔۔ مارکیز نے مافوق الفطرت عناصر کو انتہائی خوبصورتی سے حقیقت سے ملا کر عالمی ادب میں جادوئی حقیقت نگاری کی بنیاد ڈالی ہے۔ ہر کردار ایک منفرد نفسیاتی پہلو لیے ہوئے اور ہر واقعہ کے پس منظر میں فلسفہ ہے۔ ماکوندو کو آپ ایک بستی، ایک گاؤں، ایک شہر، ایک ملک یا پھر ایک تہذیب سمجھیں۔ یہ اسی کے عروج و زوال کی کہانی ہے۔

لبرل اور کنزرویٹیو جماعتوں کے آپسی ٹکراؤ اور سیاسی کشمکمش سے مسلح بغاوت جنم لینے کی داستان ہے۔ ناحاصل محبتوں کی داستان ہے۔ نفسیاتی و جنسی مسائل کی داستان ہے۔ الغرض مارکیز کا یہ ناول کئی حوالوں سے ایک مکمل تھیسس ہے۔ نیٹ فلکس نے پہلا سیزن جاری کیا ہے۔ چونکہ میں ناول پہلے پڑھ چکا ہوں اس لیے مجھے سیریز بہتر ڈھنگ سے فلمائی ہوئی لگی ہے وگرنہ یہ ناول اپنے اندر پورا جنجال پورہ ہے جو مکڑی کے جالے جیسا پھیلا ہوا ہے۔ اسے سنجھتے سمجھتے دماغ پر خاصہ زور دینا پڑتا ہے۔ البتہ سیریز میں اس کو بہت ہی منظم ڈھالا گیا ہے۔ جو اس ناول سے ناآشنا ہیں ان کو بھی کہانی سمجھ آ جائے گی۔ حالانکہ میں سمجھتا ہوں جس کو میٹافورک لینگوئج سے شناسائی نہیں اس کے لئے مارکیز کا ناول اور سیریز بھی بے لُطف ہے۔

Check Also

Gumshuda

By Nusrat Sarfaraz