Jang, Barfani Golay Aur Mukhtalif Jehatein
جنگ، برفانی گولے اور مختلف جہتیں

جو لوگ برفیلے علاقوں میں رہتے ہیں یا وہاں سیاحت کے لیے جاتے ہیں وہ ایک سادہ سا منظر اکثر دیکھتے ہیں۔ برف کی سطح پر اگر ہاتھوں سے ایک چھوٹا سا گولا بنا کر اسے زمین پر دھکیلا جائے تو وہ گولا اپنی جگہ نہیں رکتا۔ آگے بڑھتے ہوئے وہ اپنے ساتھ مزید برف سمیٹتا جاتا ہے۔ ابتدا میں وہ ایک معمولی سا ٹکڑا ہوتا ہے، مگر ہر گزرتے لمحے کے بعد وہ اتنا بڑا ہو جاتا ہے کہ اسے روکنا آسان نہیں رہتا۔
جنگوں کی تاریخ بھی کچھ اسی اصول پر آگے بڑھتی ہے۔ کسی تصادم کے آغاز سے پہلے منصوبہ بندی، خفیہ اندازے، عسکری تیاری اور سفارتی حساب کتاب کے کئی مرحلے طے کیے جاتے ہیں، مگر جیسے ہی پہلا قدم اٹھتا ہے، واقعات کا سلسلہ ایک نئی رفتار اختیار کر لیتا ہے۔ ہر ردعمل، ہر حملہ اور ہر سفارتی حرکت اس ابتدائی قدم کو مزید وسعت دیتی جاتی ہے، یہاں تک کہ ایک محدود تصادم ایک وسیع بحران میں تبدیل ہونے لگتا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان ابھرنے والی حالیہ کشیدگی کو عالمی مبصرین بھی اسی زاویے سے دیکھ رہے ہیں۔ اس بحران میں ایک نمایاں بات یہ ہے کہ میدانِ جنگ کے ساتھ ساتھ معلومات کا بہاؤ بھی سختی سے قابو میں رکھا گیا ہے۔ سرکاری بیانات محدود ہیں، تفصیلات کم ہیں اور سوشل میڈیا پر آنے والی اطلاعات میں سچ، پراپیگنڈا، اے آئی فیبریکٹڈ اور افواہ کا فرق واضح نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دفاعی تجزیہ کار براہِ راست خبروں سے زیادہ فوجی نقل و حرکت، بحری بیڑوں کی تعیناتی، فضائی سرگرمیوں اور سفارتی بیانات کے درمیان موجود اشاروں کو دیکھ کر صورتحال کی تصویر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس بحران کا پہلا بنیادی سوال یہی ہے کہ آیا جنگ کا آغاز ایک طویل منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا یا حالات کے دباؤ میں لیا گیا فوری فیصلہ۔ بڑی طاقتیں عام طور پر اچانک جنگ نہیں چھیڑتیں۔ اس سے پہلے اہداف کی نشاندہی، ممکنہ ردعمل کا اندازہ اور داخلی سیاسی ماحول کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ لیکن تاریخ یہ بھی بتاتی ہے کہ ایک بار کارروائی شروع ہو جائے تو واقعات کا تسلسل اکثر ابتدائی منصوبوں سے مختلف سمت اختیار کر لیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض مبصرین اس تصادم کو ایک محدود عسکری کارروائی کے طور پر دیکھتے ہیں جبکہ کچھ کے نزدیک یہ ایک بڑی علاقائی طاقت آزمائی کی ابتدا بھی ہو سکتی ہے۔
عسکری سطح پر اس بحران کی نوعیت پچھلی کئی جنگوں سے مختلف ہے۔ جدید جنگ کا بڑا حصہ اب میزائلوں، ڈرونز، الیکٹرانک و سائبر وارفیر اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نظاموں کے گرد گھومتا ہے۔ حملہ آور قوتیں صرف فضائی طاقت یا زمینی فوج پر انحصار نہیں کرتیں بلکہ معلوماتی برتری حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے اہداف کی نشاندہی، سیٹلائٹ ڈیٹا کا تجزیہ اور میزائل دفاعی نظام کی رفتار کو بہتر بنایا جاتا ہے۔ اسی لیے اس طرح کے تصادم میں مقابلہ صرف ہتھیاروں کا نہیں بلکہ ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کی رفتار کا بھی ہوتا ہے۔
خلیجی خطے میں موجود امریکی عسکری ڈھانچہ بھی اس بحث کا ایک اہم پہلو بن چکا ہے۔ امریکی پانچویں بحریہ کا مرکز، فضائی اڈے اور کثیر الجہتی نگرانی کا نظم دہائیوں سے خطے کے دفاعی نظام کا حصہ ہیں۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ اگر اتنے وسیع فوجی ڈھانچے موجود ہیں تو پھر حملوں کے خطرے کو مکمل طور پر کیوں نہیں روکا جا سکا۔
دفاعی ماہرین اس اعتراض کو مختلف زاویے سے دیکھتے ہیں۔ جدید میزائل اور ڈرون جنگ میں مکمل دفاع ممکن نہیں ہوتا۔ زیادہ تر دفاعی نظام اس لیے بنائے جاتے ہیں کہ حملوں کے اثرات کم یا محدود کیے جائیں اور عوام کے ساتھ اہم تنصیبات کو محفوظ رکھا جائے، نہ کہ ہر خطرے کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے۔ ایران کے ردعمل کو بھی عالمی تجزیہ نگار کئی زاویوں سے دیکھ رہے ہیں۔ ایک رائے یہ ہے کہ کسی بڑے حملے کے بعد ایران کے لیے جواب دینا ناگزیر تھا کیونکہ داخلی سیاست اور قومی وقار اس کی اجازت نہیں دیتے کہ وہ مکمل خاموشی اختیار کرے۔
دوسری رائے یہ ہے کہ اصل حکمتِ عملی ردعمل کی شدت کو اس حد تک محدود رکھنے میں ہوتی ہے جہاں طاقت کا اظہار بھی ہو جائے اور مکمل جنگ کا دروازہ بھی نہ کھلے۔ اسی لیے بعض دفاعی مبصرین ایران کے اقدامات کو ایک ایسے ردعمل کے طور پر دیکھتے ہیں جو پیغام تو دیتا ہے مگر جنگ کے دائرے کو غیر ضروری طور پر وسیع نہیں کرتا۔ خلیجی ریاستوں کا رویہ اس بحران میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ان ممالک کے لیے سب سے بڑی ترجیح داخلی استحکام اور معاشی سلامتی ہے۔
توانائی کی عالمی منڈی میں ان کا کردار اتنا اہم ہے کہ کسی بھی بڑی جنگ کا پہلا اثر ان کی معیشت اور عالمی تیل کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔ اسی لیے ان کی پالیسی میں ایک محتاط اور نپا تلا توازن دکھائی دیتا ہے، ایک طرف وہ اپنی سلامتی کے لیے بیرونی اتحادوں پر انحصار رکھتی ہیں، دوسری طرف وہ اس بات سے بھی بچنا چاہتی ہیں کہ ان کی سرزمین کسی وسیع جنگ کا میدان بن جائے۔ اس کشمکش کا ایک اور اہم پہلو جیوپولیٹیکل توازن ہے۔
یورپی ممالک اس صورتحال کو بنیادی طور پر توانائی کی فراہمی، عالمی تجارت اور ممکنہ مہاجرین کے سیلاب کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔ چین اور روس جیسے ممالک اسے عالمی طاقتوں کے توازن میں تبدیلی کے امکان کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ان کے لیے براہ راست جنگ میں شامل ہونا ترجیح نہیں، بلکہ سفارتی اثر و رسوخ اور سیاسی فائدہ حاصل کرنا زیادہ اہم ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر بیک وقت سفارتی رابطے بھی جاری رہتے ہیں اور عسکری تیاری بھی۔ جدید جنگ کا ایک اہم میدان معلومات بھی ہے۔
اس طرح کے بحرانوں میں اطلاعات کا بہاؤ بھی ایک ہتھیار بن جاتا ہے۔ ہر فریق یہ کوشش کرتا ہے کہ اپنی عوام کا اعتماد برقرار رکھے، مخالف کو مکمل معلومات نہ ملنے دے اور عالمی رائے عامہ کو اپنے حق میں متاثر کرے۔ اسی لیے ابتدائی مراحل میں سامنے آنے والی بہت سی خبریں بعد میں یا تو ادھوری ثابت ہوتی ہیں یا ان کا رخ بالکل مختلف نکلتا ہے۔ ان تمام پہلوؤں کو سامنے رکھ کر دیکھا جائے تو موجودہ بحران کی اصل نوعیت طاقت کے مظاہرے اور جنگ کے خطرے کے درمیان ایک پچیدہ اور حساس توازن کی ہے جہاں حملوں کی تعداد یا اظہار کی بجائے نقصان کی نوعیت دیکھی جاتی ہے۔ ہر فریق اپنی قوت دکھانا چاہتا ہے تاکہ مخالف کو پیغام دیا جا سکے کہ حملے کی قیمت ادا کرنی پڑے گی، لیکن کوئی بھی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہتا جو پورے خطے کو طویل اور تباہ کن جنگ میں دھکیل دے۔
یہی وہ مرحلہ ہے جہاں جنگیں اکثر اس برفانی گولے کی طرح رفتار پکڑتی ہیں جس کا ذکر ابتدا میں ہوا۔ ایک بار حرکت شروع ہو جائے تو ہر نیا واقعہ اس گولے کو مزید بڑا کر سکتا ہے۔ اسی لیے سنجیدہ عالمی مبصرین کی توجہ صرف فوری لڑائی پر نہیں بلکہ اس پورے سیاسی، عسکری اور معاشی توازن پر مرکوز ہے جس پر آنے والے مہینوں اور برسوں کی سمت کا انحصار ہوگا۔

