Saturday, 30 May 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Saad Makki Shah
  4. Khushk Gosht Powder

Khushk Gosht Powder

خشک گوشت پاؤڈر

انسان نے خوراک کو محفوظ رکھنے کے طریقے ہزاروں برس کے تجربات سے سیکھے ہیں۔ فریج اور فریزر سے پہلے گوشت، دودھ اور دیگر غذائیں مختلف طریقوں سے محفوظ کی جاتی تھیں۔ ان میں سب سے مؤثر طریقہ گوشت کو خشک کرنا ہے۔ آج بھی دنیا کے کئی خطوں میں یہ طریقہ رائج ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی، مہنگائی اور پروٹین کی کمی کے تناظر میں اس تصور کو نئے انداز سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

ایک دلچسپ تجویز یہ ہے کہ مٹن یا بیف کو اچھی طرح پکا کر، مکمل خشک کیا جائے اور پھر اسے باریک پیس کر پاؤڈر بنا لیا جائے۔ اس پاؤڈر کو روزمرہ خوراک جیسے دال، سبزی، کریلے، سوپ یا چاول میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ چاولوں، پکوڑوں اور سموسوں میں بھی ڈال کر استعمال کیا جائے۔ خشک گوشت پاؤڈر کو آٹے میں شامل کرکے شاندار ذائقے والے پراٹھوں کا سوچ کر میرے تو منہ میں پانی آ رھا ہے۔ اس طرح کم مقدار میں گوشت کی غذائیت پورے دن کی خوراک میں تقسیم ہو سکتی ہے۔۔!

پاکستان جیسے ممالک میں جہاں اکثر گھرانے روزانہ گوشت نہیں خرید سکتے، یہ طریقہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ ایک کلو گوشت کو خشک کرکے پاؤڈر کی شکل میں کئی دنوں یا ہفتوں تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یوں گوشت ایک وقتی سالن کے بجائے مسلسل خوراک کا حصہ بن جاتا ہے۔

اس طریقے کا ایک معاشی پہلو بھی ہے۔ جب گوشت سستا ہو تو زیادہ مقدار میں خرید کر محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ دیہی علاقوں میں جہاں گوشت زیادہ دستیاب ہوتا ہے، وہاں اس سے ضیاع کم کیا جا سکتا ہے۔ دنیا بھر میں خوراک کے ضیاع کو کم کرنا ایک اہم مسئلہ ہے اور یہ طریقہ اس کا حل بن سکتا ہے۔

اس عمل میں چند احتیاطیں ضروری ہیں۔ گوشت کو مکمل خشک ہونا چاہیے، ورنہ جراثیم پیدا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل ضروری ہے۔ گوشت کو اچھی طرح پکانا، خشک کرنا اور ہوا بند برتن میں محفوظ کرنا لازمی ہے۔

چربی کی مقدار بھی اہم ہے۔ زیادہ چربی والا گوشت جلد خراب ہو سکتا ہے، اس لیے کم چربی والا گوشت زیادہ بہتر ہے۔ اگر اسے خشک، ٹھنڈی اور ہوا سے محفوظ جگہ پر رکھا جائے تو اس کی مدتِ استعمال بڑھ جاتی ہے۔

یہ طریقہ روایتی کھانوں کی غذائیت بھی بہتر بنا سکتا ہے۔

خشک گوشت کا پاؤڈر کوئی غیر معمولی یا ناقابلِ عمل خیال نہیں۔ خشک دودھ، کافی پاؤڈر اور دیگر غذائی مصنوعات پہلے سے عام ہیں۔۔!

خوراک کا مستقبل صرف زیادہ پیداوار نہیں بلکہ بہتر تحفظ اور کم ضیاع میں بھی ہے۔ گوشت کو خشک کرکے پاؤڈر کی شکل میں استعمال کرنا اسی سوچ کی ایک عملی مثال ہے۔ یہ تازہ گوشت کا متبادل نہیں، لیکن غذائیت بڑھانے اور محدود وسائل سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کا ایک قابلِ غور طریقہ ضرور ہے۔

میں اس مرتبہ باقاعدہ طور پر اس کا تجربہ کر رھا ھوں۔۔ گوشت چولہے پر نیم پخت کرنے کے بعد خشک کرنے کیلئے رکھ چھوڑا ہے۔ پہلے کوٹ کر باریک کروں گا اور اس کے بعد گرائنڈر کے ذریعے اس کا پاؤڈر بناؤں گا۔

اگر تجربہ کامیاب رھا تو اس کے نتائج بھی آپ سے شئیر کروں گا۔ اس سے قبل آلو پاؤڈر کی بابت بھی مضمون کافی پسند کیا گیا تھا۔

Check Also

Hasraton Ka Bojh Aur Rasm e Taziyat

By Muhammad Anwar Bhatti