Sunday, 08 March 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Mohammad Kalwar
  4. Mukhbari Ka Aalmi Siasat Mein Kirdar Aur Aaj Ka Iran

Mukhbari Ka Aalmi Siasat Mein Kirdar Aur Aaj Ka Iran

مخبری کا عالمی سیاست میں کردار اور آج کا ایران

ایران کی تاریخ ہمیشہ سے داخلی خلفشار اور خفیہ کارروائیوں سے بھری رہی ہے اور حالیہ واقعہ، ایران کے مذہبی رہنما علی خامنہ‌ ای کی ہلاکت، اس پر ایک نیا اور دردناک باب رقم کر گیا ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف ایران کے سیاسی منظرنامے میں ایک بھیانک تبدیلی ہے بلکہ مخبری اور انٹیلیجنس کی طاقت کا جدید ترین مظاہرہ بھی ہے۔

ایران میں مخبری کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ حماس کے قائد اسماعیل ہنیہ سے لے کر اعلیٰ ایرانی جرنیلوں تک، ہر ایک کی نقل و حرکت، ٹھکانہ بدلنے اور حتیٰ کہ گھر سے نکلنے کے کئی واقعات خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے معلوم کیے جاتے رہے ہیں۔ علی خامنہ‌ ای کی ہلاکت میں بھی یہی سب ہوا۔ امریکی مہارت سے زیادہ اہم کردار انفارمرز اور مخبروں کا تھا، جنہوں نے ٹھیک ٹھیک اطلاع دی کہ رہبر اعلیٰ کے کمپاؤنڈ میں قیادت کا اجلاس کس وقت ہوگا۔ یہاں تک کہ جب حملے کے بعد ملبہ اٹھایا جا رہا تھا، انہی مخبروں نے خامنہ‌ ای کے جسد خاکی کی تصاویر بھی اپنے امریکی رابطوں کو ارسال کر دی، جو اس کارروائی کی منصوبہ بندی میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ جدید فوجی طاقت یا میزائل حملے ہی کافی نہیں۔ ڈیڑھ سال قبل سے مخصوص رہائش، نقل و حرکت اور حساس مقامات کی معلومات نے حملے کو ممکن بنایا اور یہ مخبری کی طاقت کا ایک شاندار جدید مظاہرہ ہے۔

ایران میں انٹیلیجنس اور خفیہ نیٹ ورک کی تاریخ بھی پرانی ہے۔ 2019 میں، جلال حاجی زوار نامی دفاعی کنٹریکٹر پر CIA کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام لگا اور اسے سزائے موت دی گئی۔ اسی سال کچھ افراد کو ملازمت کے دوران خفیہ معلومات باہر بھیجنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ مشرق وسطیٰ میں ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر مشتبہ سائنس دانوں کو نشانہ بنایا گیا اور کہا جاتا ہے کہ Mossad یا دیگر خارجی انٹیلیجنس نیٹ ورک نے کئی برسوں تک ان کی معلومات اکٹھی کیں۔

یہ سب کچھ شاہ ایران کے دور میں بھی ہوتا رہا، جب SAVAK نامی خفیہ سروس نے مخالفین، سیاستدانوں اور عام شہریوں کی نگرانی کی۔ یہ ایجنسی معلومات اکٹھی کرنے کے ساتھ ساتھ مخالفین کو گرفتار، تشدد اور قید بھی کرتی تھی، لیکن 1979 کے انقلاب کے بعد یہ ختم ہوگئی۔

تاریخ یہ واضح کرتی ہے کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں جیتی یا ہاری جاتی ہیں، وینزویلا کے صدر کو جس طرح گرفتار کرکے امریکہ پہچایا گیا وہ بھی اسی مخبری کی کارستانی ہے۔ اکثر ایک خفیہ اطلاع یا مخبر کی دی ہوئی خبر سے پوری سلطنت کا مستقبل بدل سکتا ہے۔ چند مشہور مثالیں اس کی گواہ ہیں:

1۔ وِدکُن کُویزلنگ (Vidkun Quisling)

ناروے کا سیاستدان، جس نے دوسری عالمی جنگ میں ہٹلر کی نازی حکومت کے ساتھ تعاون کیا اور اپنے ملک کے خلاف جرمنی کو مدد فراہم کی۔ آج "Quisling" لفظ غدار کے مترادف استعمال ہوتا ہے۔

2۔ بینڈکٹ آرنلڈ (Benedict Arnold)

امریکی آزادی کی جنگ میں پہلے امریکہ کے لیے لڑنے والا فوجی بعد میں برطانیہ کے ساتھ خفیہ رابطہ کرکے فوجی راز دینے کی کوشش کرتا رہا۔ اس کا نام امریکہ میں غداری کی علامت بن گیا۔

3۔ رچرڈ زورگے (Richard Sorge)

دوسری عالمی جنگ میں سوویت یونین کا جاسوس، جس نے جاپان اور جرمنی کے جنگی منصوبوں کی معلومات ماسکو تک پہنچائیں۔ اس کی اطلاعات نے سوویت یونین کو دوسری جنگ عظیم کے دوران اہم فائدہ دیا۔

4۔ میر جعفر

1757 میں پلاسی کی جنگ کے دوران بنگال کے نواب سراج الدولہ کے ایک بڑے کمانڈر، میر جعفر، نے انگریزوں کے ساتھ خفیہ معاہدہ کیا۔ جنگ کے وقت اس نے اپنی فوج کو لڑنے سے روکا، جس کی وجہ سے برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کو فتح حاصل ہوئی اور ہندوستان میں برطانوی اقتدار کی بنیاد مضبوط ہوئی۔

5۔ میر صادق

ٹیپو سلطان کی حکومت میں ایک درباری، میر صادق، نے سرنگا پٹم کے محاصرے کے دوران فوج کو پیچھے ہٹا کر انگریزوں کو موقع دیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ٹیپو سلطان شہید ہو گئے اور سلطنت ختم ہوگئی۔

یہ تمام مثالیں واضح کرتی ہیں کہ مخبری کا کردار صرف معلومات فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ سلطنتوں، حکومتوں اور جنگوں کے نتائج پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔

علی خامنہ‌ ای کی موت اور ایران میں جاری مخبری کا سلسلہ اسی تاریخی تسلسل کا جدید ترین حصہ ہے۔ یہ نہ صرف ایران کی داخلی سیاست بلکہ عالمی انٹیلیجنس، امریکی و اسرائیلی کارروائیوں اور خطے کی سلامتی پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔

اس پورے عمل سے یہ سبق ملتا ہے کہ طاقت کا اصل راز صرف ہتھیاروں میں نہیں، بلکہ معلومات، مخبری اور خفیہ نیٹ ورک میں مضمر ہے، جو وقت آنے پر فیصلہ کن ثابت ہوتا ہے۔

Check Also

End Of Muslim World

By Javed Chaudhry