Wednesday, 13 May 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Anmol Queen: Sirf Naam He Kafi Hai

Anmol Queen: Sirf Naam He Kafi Hai

انمول کوئین: صرف نام ہی کافی ہے

کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو کوکین بیچ کر "برانڈ" بن جاتے ہیں۔ منشیات کی دنیا میں کولمبیا ڈرگ مافیا کی گریسلڈا بلانکو کو کوکین کوئین کا خطاب ملا تھا۔ یہ کہانی ہے پاکستانی کوکین کوئن انمول عرف پنکی کی۔ دنیا بھر میں کمپنیاں اپنی پراڈکٹ کی مارکیٹنگ پر اربوں خرچ کرتی ہیں مگر پنکی نے ایسا برانڈ متعارف کروایا کہ شوبز سے لے کر بیوروکریسی تک سب اس کے ریگولر کسٹمر نکل آئے۔ اٹھارہ سال کی عمر میں پنکی نے ماڈلنگ کی غرض سے نجی پارٹیوں میں جانا شروع کیا جہاں منشیات کا استعمال عام ہوتا تھا۔ وہاں اس کی ملاقات ایک شخص سے ہوئی جو ملائیشیا میں رہتا تھا اور کوکین کا سپلائر تھا۔ وہ شخص عالمی مافیا سے رابطہ رکھتا تھا۔ پنکی نے اس سے شادی کی۔ اس سے کوکین کو "کُک" کرنا سیکھا اور پھر اس نے اپنی لیبارٹری تیار کر لی۔ تیزی سے وہ اس مقام پر پہنچ گئی جہاں اس کی کوکین منشیات کی دنیا میں ایک برآنڈ بن گئی۔

ایک گرام عام کوکین کی قیمت دس سے بارہ ہزار ہے۔ مگر انمول کوئین کے نام سے تیار کوکین کی قیمت پچیس ہزار تھی۔ اس کی ایک اور کوالٹی تھی جسے گولڈن انمول کوئین کہا جاتا تھا۔ اس کی ایک گرام کی قیمت چالیس ہزار تھی۔ پنکی نے دوسری شادی لاہور میں ایک پولیس افسر (ڈی ایس پی) سے کی۔ اس کی کوکین لیب سٹیٹ آف آرٹ تھی۔ تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ اس نے انٹرنیٹ کی مدد سے نت نئے فارمولے سیکھے جن کو آزما کر اس نے اپنی کوکین تیار کی۔

انمول کوئین کوکین کی دھوم کافی تھی۔ شوبز سٹارز، کھلاڑی، افسران سمیت سٹوڈنٹس اس کے گاہک تھے۔ ہوم ڈلیوری کے لیے اس نے کراچی میں چار رائیڈر رکھے ہوئے تھے۔ پیسہ اتنا تھا کہ اس نے کئی بار سڑکوں پر تیس سے چالیس لاکھ روپے لوگوں میں بانٹے۔ مقدمات بھی درج ہوئے مگر کوئی پنکی کا بال بیکا نہ کر سکا۔ کہانی شروع ہوتی ہے ایک خفیہ ایجنسی کے افسر سے جس کا بیٹا کوکین کی لت کا شکار ہو کر اوور ڈوز سے مرا۔ اس نے اس نیٹورک کا سراغ لگانے کی ٹھان لی اور آخر کار ایجنسی کی اطلاع پر پولیس نے کراچی کے ایک فلیٹ پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا ہے۔ مگر عدالت میں پیشی کے وقت آپ سب نے اس کا پولیس پروٹوکول دیکھ ہی لیا ہے۔ جب پولیس نے اسے گرفتار کیا اس کے پاس سے ڈیڑھ کلو خالص ہاف ڈن کوکین کے ساتھ ایفیڈرین، میتھائل فینیڈیٹ سمیت کئی نشہ آور کیمیکلز برآمد ہوئے۔

اس کہانی میں پولیس افسران، ایلیٹ، بیوروکریسی، شوبز سٹارز، سپورٹس پرسنز سب شامل ہیں۔ کہانی کھُل رہی ہے۔ دیکھتے ہیں پنکی عرف کوکین کوئین کب تک زندہ رہ پاتی ہے۔ وللہ، تفصیلات بہت ہوش رُبا ہیں۔ یہ ڈرگ مافیا سے جڑی ایک کردار کی کہانی ہے جس پر نیٹ فلکس کا سیزن بن سکتا ہے۔ مثلاً۔۔

کہانی یہاں سے شروع ہوتی ہے۔

پائلٹ قسط: کیمرہ ایک پوش فارم ہاؤس کی طرف بڑھتا ہے۔ اندر دھواں، تیز موسیقی، قہقہے، جگمگاتی روشنیاں اور نوجوان لڑکے لڑکیاں۔ انہی چہروں کے درمیان ایک اٹھارہ سالہ لڑکی پہلی بار اس دنیا میں داخل ہوتی ہے۔ نام پنکی۔ آنکھوں میں ماڈل بننے کے خواب، چہرے پر معصومیت اور دل میں تیزی سے اوپر اٹھنے کی خواہش۔ پنکی مڈل پاس ہے۔ غریب گھرانے کی لڑکی۔ چار نکمے نکھٹو بھائی۔ بوڑھے ماں باپ۔ پنکی اپنے ماحول سے فرار کی راہ ڈھونڈتی ہے۔۔

قسط نمبر 2: وہ پارٹیوں میں جانے لگتی ہے۔ آہستہ آہستہ اسے احساس ہوتا ہے کہ اس دنیا میں خوبصورتی صرف دروازہ کھولتی ہے، اصل طاقت اُس سفید پاؤڈر میں ہے جو شیشے کی میزوں پر بکھرا ہوتا ہے۔ پھر ایک رات اس کی ملاقات ایک شخص سے ہوتی ہے۔ وہ ملائیشیا میں رہتا ہے مگر اس کے رابطے دبئی، بینکاک، کولمبیا اور کراچی تک پھیلے ہوئے ہیں۔ وہ کوکین سپلائر ہے۔ عالمی مافیا سے جڑا ہوا آدمی۔ محبت اور ضرورت کا ملاپ۔ وہ شخص پنکی کو پروپوز کرتا ہے۔

قسط نمبر 3: محبت، دولت اور جرم ایک دوسرے میں گھلنے لگتے ہیں۔ پنکی اس شخص سے شادی کر لیتی ہے۔ پھر شروع ہوتی ہے تربیت۔ کوکین کو "کُک" کرنا، کیمیکلز مکس کرنا، purity بڑھانا، فارمولے بدلنا۔ وہ شخص پنکی کو سب اسرار و رموز سکھاتا ہے۔ جلد ہی مڈل پاس پنکی کیمسٹ کی دنیا میں ہلچل مچانے لگتی ہے۔

قسط نمبر 4: کیمرہ اب ایک خفیہ لیبارٹری دکھاتا ہے۔ شیشے کی بوتلیں، سفید پاؤڈر، ماسک، کیمیکل، پنکی اب صرف ایک لڑکی نہیں رہی۔ وہ ایک کیمسٹ بن چکی ہے۔ وہ انٹرنیٹ سے نئے نئے فارمولے سیکھتی ہے۔ کئی راتوں کی ناکامی کے بعد آخر کار وہ ایسی کوکین تیار کر لیتی ہے جو "برانڈ" بن جاتی ہے۔ "انمول کوئین: صرف نام ہی کافی ہے"۔

عام کوکین دس بارہ ہزار گرام مگر "انمول کوئین" پچیس ہزار اور پھر آتی ہے پریمیم ورژن "گولڈن انمول کوئین"۔ چالیس ہزار روپے فی گرام۔

قسط نمبر 5: کراچی کے پوش اپارٹمنٹس، لاہور کے فارم ہاؤسز، شوبز پارٹیاں، یونیورسٹی ہاسٹل اور وی آئی پی محفلیں دکھائی دیتی ہیں۔ اداکار، کھلاڑی، افسر، امیر زادے، سب اس سفید زہر کے خریدار ہیں۔ پنکی اب ملکہ ہے۔ اس کے پاس دولت ہے، اثر و رسوخ ہے، پروٹوکول ہے۔ وہ سڑکوں پر لاکھوں روپے بانٹتی ہے۔ چار رائیڈرز شہر بھر میں ہوم ڈلیوری کرتے ہیں اور حیرت انگیز بات یہ کہ مقدمے بھی بنتے ہیں مگر ہر بار فائلیں کہیں غائب ہو جاتی ہیں۔

قسط نمبر 6: پھر کہانی میں ایک نیا کردار داخل ہوتا ہے۔ ایک خفیہ ایجنسی کا افسر۔ سخت چہرہ، خاموش طبیعت۔ اس کا نوجوان بیٹا کوکین اوور ڈوز سے مر جاتا ہے۔ کہانی یہاں اچانک موڑ لیتی ہے۔ ہسپتال کا کوریڈور۔ سفید چادر میں لپٹی لاش۔ باپ کی خاموش آنکھیں اور پھر صرف ایک جملہ "جس نے یہ زہر بیچا ہے میں اسے ڈھونڈ نکالوں گا"۔

قسط نمبر 7: اب شروع ہوتا ہے شکار۔ فون ٹریس ہوتے ہیں۔ پارٹیوں پر نظر رکھی جاتی ہے۔ رائیڈرز پکڑے جاتے ہیں اور آخر کار کراچی کے ایک لگژری فلیٹ میں پنکی کی موجودگی کی اطلاع ملتی ہے۔ رات کے تین بجے دروازہ توڑا جاتا ہے۔ اندر کیمرہ گھومتا ہے۔ لیبارٹری۔ کیمیکل۔ ڈیڑھ کلو خالص ہاف ڈن کوکین۔ ایفیڈرین۔ میتھائل فینیڈیٹ اور درمیان میں کھڑی پنکی۔

قسط نمبر 8: عدالت کا منظر آتا ہے۔ میڈیا کا ہجوم۔ کیمروں کی فلیش لائٹس اور پنکی پولیس حصار میں ایسے چل رہی ہے جیسے اپنی فلم کا پریمیئر اٹینڈ کرنے آئی ہو۔ لوگ حیران ہیں۔ میڈیا پر اس کی خبریں بریک ہو رہی ہیں۔ یہ ملزمہ ہے یا وی آئی پی؟ مگر اصل سین ابھی باقی ہے۔ کیونکہ تفتیش شروع ہوتے ہی نام نکلنے لگتے ہیں۔ شوبزبیوروکریسی۔ پولیس افسران۔ سپورٹس پرسنز۔ ہر نام ایک نئے دروازے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

اور اب شہر خوفزدہ ہے۔ کیونکہ پنکی صرف ایک عورت نہیں ایک راز ہے۔ ایسے راز زیادہ دیر زندہ نہیں رہتے۔ قسط کے آخری سین میں کراچی کی رات دوبارہ دکھائی دیتی ہے۔ سمندر خاموش ہے۔ شہر جگمگا رہا ہے۔ کہیں دور موسیقی بج رہی ہے اور ایک آواز ابھرتی ہے "اس شہر میں منشیات سے زیادہ خطرناک چیز صرف ایک ہے۔ وہ لوگ جو اس کاروبار کے راز جانتے ہیں"۔

اگلے سیزن میں دیکھیں گے پنکی زندہ بچ پاتی ہے یا نہیں۔۔

Check Also

Hamari Zimmedari Kya Hai? (1)

By Aftab Alam