Tuesday, 14 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Sitaron Ki Chaal Mubarak Ho

Sitaron Ki Chaal Mubarak Ho

سیاروں کی چال مبارک ہو

سال دو ہزار پچیس شروع ہو چکا ہے۔ اس ضمن میں کچھ گزارشات پیش کرنا چاہ رہا ہوں۔ میرا یہ دعویٰ تو نہیں کہ میں علمِ نجوم کو بہتر جانتا ہوں مگر تھوڑا سا جو جانتا ہوں اس کی روشنی میں زمین، آسمان اور سیاروں کا حال پیش ہے۔

آسمان پر کیا کیا ہوگا؟

سال دو ہزار پچیس کے پہلے چھ ماہ مریخ اور مشتری ایک دوسرے کو گھورتے رہیں گے مگر آپس میں نہیں ٹکرائیں گے کیونکہ ستائیس جون کو زحل، زہرہ کے ساتھ مل کے فیصلہ کن مصالحتی کردار ادا کرے گا اور مشتری کے اغوا ہونے والے تین چاند مریخ سے بلا تاوان واپس لے کر دونوں سیاروں کی پرانی دشمنی ختم کروا دے گا۔ البتہ امکان یہ ہے کہ ستائیس جون کے بعد نیپچون زہرہ کو بری نظر سے دیکھے گا تو خلا میں تلخی بڑھے گی مگر بالآخر سب سیارے دسمبر کے پہلے ہفتے تک پرانی تنخواہ پر کام کرنے پر رضامند ہو جائیں گے اور پھر سے ہنسی خوشی رہنے لگیں گے تاکہ علمِ نجوم کی صنعت بوریت سے باہر نکل سکے۔

زمین پر کیا کیا ہوگا؟

ساتوں براعظم اور ساتوں سمندر اپنی اپنی جگہ قائم رہیں گے۔ البتہ براعظم امریکا کا دماغ اپنی موجودہ جگہ سے ایک اعشاریہ سات سنٹی میٹر اور کھسکے گا۔ یورپ سال دو ہزار چوبیس کی طرح نئے سال میں بھی روس کی بابت ذہنی خلفشار میں مبتلا رہے گا اور پیوٹن کی بھی کوشش ہوگی کہ یہ خلفشار اور بڑھے۔ شام میں خونریزی جاری رہے گی۔ ایران اور مغرب میں دوری بڑھے گی مگر ہونا ہوانا کچھ بھی نہیں۔ ماحولیاتی آلودگی میں اس برس بھی اضافہ ہوگا۔ البتہ افغانستان، منگولیا، یوگنڈا، ہنگری، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ اور جنوبی امریکہ کے ممالک میں سمندری طوفان آنے کا کوئی امکان نہیں۔ نہ ہی کسی معاملے پر تیسری عالمی جنگ چھڑے گی۔

پاکستان کے لئے یہ سال کیسا رہے گا؟

پاکستان یونہی چلتا رہے گا۔ ملک سے فرار یوٹیوبرز و اینکرز اس سال بھی ملک سے باہر رہیں گے البتہ میاں نواز شریف ماضی کے مقابلے میں بوجوہ پاکستان میں زیادہ وقت گزاریں گے مگر برادرِ اور وزیراعظم شہباز شریف کی آنیوں جانیوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ وہ یونہی تھکتے رہیں گے۔ قائد اور قیدی عمران خان کے ستارے اس سال منیر نیازی کا شعر سناتے نظر آ رہے ہیں

کج شہر دے لوک وی ظالم سن

کج سانوں مرن دا شوق وی سی

مولانا فضل الرحمان اپنی امامت میں تحریک انصاف کو ایک یا دو بار نمازِ استسقاء پڑھانے پر زیادہ توجہ دیں گے۔ آصف علی خان زرداری ایک اہم قدم اٹھائیں گے جس کا فائدہ ان کی قائدانہ تاریخ میں پہلی بار پیپلز پارٹی کو بھی ہوگا۔ معیشت، مہنگائی، کرپشن، اقربا پروری، پولیس گردی؟ یہ معاملات اتنے پیچیدہ اور گنجلک ہیں کہ سیاروں کی عقل سے بھی ماورا ہیں۔ البتہ بلوچستان، پاڑا چنار اور ایکس فاٹا اس برس بھی خونی خلا میں جھولتا رہے گا۔ یہ سال افواجِ پاکستان کی مصروفیات کا سال ہے۔ اگر مریخ نے دشمنی نہ دکھائی تو اکتیس اکتوبر کے بعد دہشت گردی کی لہر کمزور ہونا شروع ہوجائے گی۔

کیا کیا بدلے گا؟

نگاہیں، وعدے، موسم، دعوے، نیت، ارادے، کپڑے، جوتے، فیشن، کھلونے، سازشیں، دریائی پانی، ٹی وی چینلز، سبزیوں پھلوں اور پٹرول کے بھاؤ، پراپرٹی کی قیمتیں، سیاسی بیانئیے، کالم نگاروں و اینکروں کی رائے، اولاد کے تیور، عام آدمی کے خواب، غریبوں کے دلاسے، ستاروں کی چالیں، لیپ ٹاپ اور موبائل فون کے ماڈلز اور ایپس، لان کے پرنٹس اور قیمتیں ضرور بدلیں گی۔

کیا کیا نہیں بدلے گا؟

غریب کی قسمت، بیوی کے طعنے، بچوں کی فرمائشیں، ملک کے حالات، تعلیمی نصاب، دماغ اور سوچ، پنجاب پولیس، تھر کے حالات، جھوٹ کا کاروبار، اقلیتوں کے روز و شب، جہالت کی چمک دمک، عالمانہ مصلحت، نجم سیٹھی کی چڑیا، فوج کی سیاست، ٹرمپ کے تیور، امریکا کا اپنے ہی سر پہ ہتھوڑا مار کے قصور وار کی تلاش، ٹریفک کا نظام، بے وزن شاعری، عدالتی نظام، مفت کی دلالی، اپنے سیاسی و مذہبی لیڈر کی ناموس پر ڈنڈا بردار پہرہ، تاش کے پتے، دو نمبر تحقیق، پاک چین تعلقات، امریکا کے ساتھ لو اینڈ ہیٹ ریلیشن شپ، ٹرینوں کے اوقات، پی آئی اے کا خسارہ، شارٹ کٹ کی تلاش، دھمکی آمیز مذاکرات کی دعوت، خسارے کا منافع اور یوٹیوبرز کے تھمب نیلز۔

میرا نیو ایئر ریزولیوشن

پختہ ارادہ ہے کہ اس سال اپنی فیملی کو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ وقت دوں گا۔ انسان پوری زندگی میں سب سے کم جس آدمی سے مل پاتا ہے وہ، وہ خود ہے۔ کوشش کروں گا کہ بشرطِ زندگی اس سال اپنے ساتھ بھی کچھ وقت گزار سکوں۔ ٹریفک کی لال بتی کا زیادہ احترام کروں۔ دوستوں کو اُدھار دے کر پھنسنے سے حتی الامکان گریز برتوں۔ بیگم کے طعنوں پر کوئی رد عمل نہ دوں۔ دفتری اوقات میں موبائل کا غیر استعمال کم کر دوں۔ اس کے سوا میں چاہ رہا کہ اس سال کوئی خفیہ افئیر بھی چلا لوں۔ انشااللہ العزیز

آپ سب کو سیاروں کی چال مبارک۔

Check Also

Dr. Mubarak Ali

By Fazal Tanha Gharshin