Wednesday, 01 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Raazi Bar Raza

Raazi Bar Raza

راضی بر رضا

پاکستان کو خدا نے بارہ سو کلومیٹر لمبی کوسٹل پٹی عطا کی ہے۔ جس کا زیادہ تر حصہ بلوچستان کو لگتا ہے۔ ان چھوئے ساحل ہیں، مگر ان ساحلوں پر قدم رکھنے کے لئے راہیں خود تلاشنا پڑتی ہیں۔ یہ مرکزی سڑکوں سے ہٹ کر پہاڑوں کے بیچ یا ریتلے ٹیلوں کے دامن میں واقع ہیں۔ ایسا ہی ایک ساحل داران کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس تصویر میں میں خود کھڑا ہوں، کچھ لمحے قبل سورج ڈوبا تھا۔

اس وقت میں فوٹوگرافی میں مشغول رہا، بہت کٹھنائیاں جھیل کر دشوار گزار راہوں میں راہ تلاشتا میں اس ساحل پر پہنچا تھا۔ اب جب آسمان پر بادل کے ایک ٹکرے کو ڈوبتے سورج کی آخری کرن نے گلال مل دیا ہے تو ایسی تنہائی و اداسی کے لمحات میں مجھے اپنے ماضی سے کئی منظر یاد آنے لگتے ہیں۔ کئی سورج بجھ چکے، کتنی شامیں غروب ہو چکیں، کئی راتیں مجھے سفر میں لوریاں سناتے بیت چکیں۔

ایسی اداس شام میں بیتے لمحے، سفری یادیں، ہنستے روتے لوگ، گلگت بلتستان کی وادیاں، جیپوں کا شور، جنگل، نگر اور ہیسپر کے پرانے گھر، دریاوں کے کنارے، سمندروں کی نمکین باس، پربت، جھرنے اور چپ راتوں میں لگا تنہا کیمپ سب یاد آنے لگتے ہیں۔ انسان فطرت کو اپنے اندر جذب کرتے کرتے کبھی زندگی کی اس اسٹیج پر پہنچ جاتا ہے کہ فطرت اسے اپنے اندر جذب کرنے لگتی ہے اور وه لمحہ بہ لمحہ، یاد بہ یاد، فنا ہوتا جاتا ہے۔

ایک نطفے سے پیدا ہو کر خاک میں مل کر نائیٹروجن بننے تک کا سارا سفر، تحلیل ہونے کا مرحلہ ہی تو ہے۔ خلیہ بہ خلیہ فطرت کو اپنے اندر سمونے کی چاه میں مگن لوگوں کو اصل میں فطرت اپنے اندر سمو لیتی ہے۔ بیتے شب و روز دھیان میں آ کر ایک ہنگامہ برپا کیئے رکھتے ہیں۔ آئسولیشن نے مجھے کبھی بے چین نہیں کیا۔ جو لوگ مجھے جانتے ہیں، ان کو معلوم ہے کہ میں فطری طور پر الگ تھلگ یا تنہا رہنے والا انسان ہوں۔

اور اسی میں خوش رہتا ہوں۔ مجھے ہجوم، کانفرنسوں، ملاقاتوں، نمائشوں، تقریبات وغیرہ وغیرہ سے چڑ ہے۔ میل جول سے اجتناب کرتا ہوں۔ کوئی شخص خود آ کر مل لے تو مل لے یہ تنہاروی میری فطرت ہے۔ مصنوعی ہنسی، مروت بھری باتیں اور گوسپس مجھ سے نہیں ہو پاتے، کبھی آئینے میں اپنی صورت دیکھوں تو سر کے بالوں میں چاندی اُترنے لگی ہے۔

ان سفید ہوتے بالوں اور سیاہ پڑتی آنکھوں، جذبات کی مدہم ہوتی لَو، اور گم گشتہ رشتوں کے بیچ ایسے کھڑا ہوں، جیسے مسافر آدھے سفر کے بعد کسی سرائے میں کچھ دیر کو ٹھہرے اور پھر باقی آدھے سفر کی تیاری کرنے لگے۔ اگر انسان کی اوسط عمر ساٹھ سال ہے تو آدھی گزر چکی۔ مسافر مڑ کے دیکھنا بھی چاہے تو پیچھے راستوں پر گردباد کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔

دُھول مٹی کا طوفان ہے، جیسے کچے راستے سے گزر کر سواری اپنے پیچھے گرد مٹی کا طوفان چھوڑ جاتی ہے۔ اسی گردباد میں کئی دوست، رشتے، ماں باپ، اور عزیز مٹی اوڑھ کر سو چکے ہیں۔ زندگی کے اب تک کے سفر میں کیسے کیسے نقش مٹ چکے ہیں۔ دوست ہنگامہ روز و شب میں فکرِ معاش لیے دور جا بسے ہیں۔ اچھے سے اچھے کی تلاش میں، لائف اسٹائل کو پر تعیش بنانے کی چاہ میں دوست بچھڑتے جاتے ہیں۔

اور میں اپنی دُھن میں اپنے شوق کے پیچھے کئی سالوں سے سرگرداں ہوں، تصویر کشی یا مصوری ایک ثانوی فن ہے، اصل تو سفر ہے۔ جو انسان کو شعور بخشتا ہے۔ دوسروں کے بارے جاننے کا موقع ملتا ہے۔ کئی کہانیاں سنائی دیتی ہیں، کئی رسم و رواج دکھائی دیتے ہیں۔ کئی ہمسفر ہمیشہ یاد رہتے ہیں، تو کئیوں سے انسان اسی وقت فرار ہو جاتا ہے۔ مزاج داں ملے نہ ملے سفر کا سارا مزہ دوسروں کو جاننے میں ہے۔

اس منظر سے کچھ ہی لمحے قبل سورج آخری ہچکیاں لے رہا تھا تو آنکھ نے بس دیکھا کیا، کئی گزر جانے والوں کی شکلیں ڈوبتے سورج میں گڈ مڈ ہوگئیں۔ کئی ناموں پر دل پسیجا اور دیکھتے دیکھتے اُفق پر ٹھہرے بادل کے ٹکرے میں خون اتر آیا، آنے والے دنوں کا مالک و مختار پتہ نہیں زندگی کے اور کیا کیا رنگ دکھاتا ہے۔ مگر ایک موہوم سی تسلی تو اندر سے آتی ہے کہ جو ہو رہا ہے ٹھیک ہو رہا ہے۔

جو ہوا وہ ہونا ہی تھا اور آگے بھی جو ہوگا ٹھیک ہی ہوگا۔ راضی بر رضا اور منشائے الہی کے سامنے سر خم کرنے کے سوا انسان کے پاس چارہ ہی کیا ہے۔ اے انسان، ایک تیری چاہت ہے اور ایک میری چاہت ہے۔ ہوگا وہی جو میری چاہت ہے۔ حدیث قدسی

Check Also

Sadia Nazeer

By Rauf Klasra