Punjabi Ne Aap Ka Kya Bigara Hai?
پنجابی نے آپ کا بگاڑا کیا ہے؟
گذشتہ ڈیڑھ دہائی سے بطور سیاح یا مسافر ملک کے اندرون میرا شمال تا جنوب اور مشرق تا مغرب سفر رہا ہے۔ اس دوران میں نے اپنے بھائیوں سے بہت کچھ سُنا بھی ہے، خود دیکھا بھی ہے اور بہت کچھ دل پر سہا بھی ہے۔ کوئی مجھے پنجابی جانتے ہوئے "کالا انگریز" کہتا ہے کوئی مجھے پنجابی ہونے کے ناطے پنجابی بیوروکریسی اور پنجابی فوج کے طعنے دیتا رہا ہے۔ میں یہ سن کر ہنس دیتا ہوں۔
میں یہ مانتا ہوں کہ پنجاب وسائل پر کسی حد تک قابض ہے۔ پنجاب میں آبادی کا تناسب باقی صوبوں کی نسبت بہت زیادہ ہے اس واسطے یہاں تعلیمی ادارے، ہاسپٹلز اور سڑکوں و کمیونیکیشن کا نظام بھی باقیوں کی نسبت بہتر ہے۔ پنجابی میں بہت سی خامیاں ہیں اور ہمیشہ میں ان کا ذکر کرتا رہا اور اس بات کا ادراک رکھتا ہوں کہ جو مسائل ہیں وہ ہیں۔ لیکن بہت کچھ ایسا ہے جس میں پنجابی کا کوئی قصور نہیں اور جس کی بِنا پر خوامخواہ نفرت پھیلائی جاتی ہے۔
فوج کو پنجابی فوج کہنے والوں سے عرض ہے کہ آج فوج میں پنجابیوں کی تعداد پختون سپاہیوں سے کم ہے۔ آج بیوروکریسی میں پشتون افسران چھائے ہوئے ہیں۔ چار مارشل لاء لگے جن میں سے ایوب خان اور یحییٰ خان پنجابی نہیں تھے۔ ضیا الحق اور مشرف ہمارے مہاجر بھائیوں میں سے تھے۔ پنجابیوں نے آخر ایسا کیا بگاڑ دیا ہے؟
کے پی کے دوستوں کا شکوہ رہتا ہے کہ پانی ہمارا ہے تو بجلی ہمیں سستی دو۔ وہاں بہت سے علاقوں میں ویسے ہی واپڈا میٹر نہیں فکس بلز ہیں۔ بلوچستان میں بسنے والے بھائیوں کا شکوہ ہے کہ معدنیات ہماری، گیس ہماری اور ہمیں ہی نہ ملیں۔ فاٹا کے دوست الگ شکوے کرتے ہیں، سندھی بھائیوں کے شکوے الگ ہیں۔ سب کا ٹارگٹ پنجاب ہے۔ شکوہ پنجاب سے ہے۔ اسی اصول پر کیا کبھی پنجاب نے یہ مطالبہ کیا کہ گندم و اجناس یہاں پیدا ہوتیں ہیں وہ ہمیں مفت دو یا سبسڈائیز ریٹ پر دو؟ انڈسٹری یہاں ہے تو ہمیں پراڈکٹس سستی دو؟
پھر یہ طعنے بھی سنتا رہا ہوں کہ پنجاب نے غیر ملکی آمروں کے سامنے کبھی مزاحمت نہیں کی اور بادشاہ سکون سے پنجاب و دلی فتح کرتے رہے۔ ٹھیک ہے مگر یہ بھی بتائیں کہ کس نے افغانیوں، ایرانیوں اور سینٹرل ایشئین آمروں کو راہداری دی؟ کون ان کے ساتھ مل کر پنجاب آتے رہے؟ کس راہگزر سے آتے تھے؟ پنجاب تو بارڈر نہیں تھا۔
جو گلے شکوے جائز ہیں وہ ہیں۔ ان کو ماننا چاہئیے۔ میں اس نظرئیے کا ہوں کہ پنجاب کے چار یا کم از کم تین ٹکرے کرکے تین صوبے بنائے جائیں۔ تین کروڑ کی آبادر پر ایک صوبہ تو ہو۔ پنجاب کی آبادی بارہ کروڑ سے بڑھ رہی ہے۔ مگر بھائیو اتنی نفرت نہ پھیلاؤ کہ بلوچستان سے پنجابیوں کی لاشیں موصول ہوں اور باقی صوبوں کے دوست پنجابی کو ہر مسئلے کی جڑ سمجھیں۔ بہت عرصہ میں نے بھی اس ملک میں چپہ چپہ گھوما ہے۔ بہت کچھ کہہ بول سکتا ہوں لیکن نہیں کہوں گا۔ جتنا کہہ دیا یہ کافی ہے۔