Tuesday, 09 June 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Museum Of Innocence

Museum Of Innocence

میوزئم آف انوسنس

ادب میں نوبل انعام یافتہ اور موجودہ دور کے لیجنڈری ترکش مصنف اورحان پاموک کے ناول پر مبنیٰ نیٹ فلکس کی کمال پروڈکشن ہے۔ پاموک نے ناول میں محبت کو ایک ایسے عجائب گھر میں تبدیل کر دیا ہے جہاں یادیں نمائش کے لیے رکھی جاتی ہیں، وقت شیشے کے صندوقوں میں قید ہو جاتا ہے اور انسان اپنے ماضی کا قیدی بن جاتا ہے۔ ناول جس قدر جذباتی تھا سیریز نے بھی اس کا حق ادا کیا ہے۔ بہت اچھی فلمائی گئی ہے۔

یہ ناول استنبول کے ایک دولتمند خاندان سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی محبت کی داستان ہے جسے ایک رشتے دار مگر لوئر مڈل کلاس گھر کی لڑکی سے محبت ہو جاتی ہے لیکن حقیقت میں یہ محبت سے زیادہ یادداشت، وقت، سماجی طبقاتی فرق اور انسانی جنون کی کہانی ہے۔ کہانی کا تھیسس بہت جذباتی ہے۔ جب محبت لاحاصل ہو جاتی ہے تب نوجوان اپنی محبوبہ سے وابستہ اشیا جمع کرنا شروع کر دیتا ہے۔ سگریٹ کے ٹکرے، کان کی بالیاں، چائے کا کپ، ایک رومال، حتیٰ کہ روزمرہ زندگی کی معمولی ترین چیزیں بھی اس کے لیے محبت کی زندہ دستاویز بن جاتی ہیں۔ یہی اشیا جمع کرتا وہ زندگی کی آخری سٹیج تک پہنچتے ایک عجائب گھر سا بنا لیتا ہے جسے وہ "معصومیت کا عجائب گھر" کا نام دیتا ہے۔

پاموک کے ناول اور نیٹ فلکس کی سیریز کا اصل موضوع محبت سے زیادہ وقت ہے۔ وقت جو مسلسل بہتا رہتا ہے لیکن انسان یادوں کی شکل میں اس کے چند قطرے محفوظ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ مرکزی کردار کی محبت اپنے ماضی کے ساتھ وابستگی بن جاتی ہے۔ وہ اپنی محبوبہ سے کم اور اس زمانے سے زیادہ محبت کرنے لگتا ہے جس میں وہ موجود تھی۔ کہانی میں استنبول شہر بھی ایک کردار کے طور پر سامنے آتا ہے۔ ستر اور اسی کی دہائی کا ترکی، مغرب اور مشرق کے درمیان معلق ایک معاشرہ، طبقاتی کشمکش، جدیدیت اور روایت کی جنگ سب کچھ پس منظر میں چلتا رہتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ناول کی اشاعت کے بعد پاموک نے استنبول میں واقعی ایک عجائب گھر بھی قائم کیا جس کا نام Museum of Innocence رکھا۔ یوں اس نے فکشن کو حقیقت میں ڈھل دیا اور ایک خیالی عشق نے حقیقی دیواروں، کمروں اور شوکیسوں کی شکل اختیار کر لی۔ ادب کی دنیا میں اس کی مثال کم ہی ملتی ہے کہ ایک ناول اپنے لیے حقیقی دنیا میں اپنا وجود تخلیق کر لے۔ کہانی ختم ہونے کے بعد ذہن میں یہ سوال باقی رہ جاتا ہے کہ کیا محبت انسان کو آزاد کرتی ہے یا اسے اپنی ہی یادوں کا قیدی بنا دیتی ہے؟ اور اگر محبت واقعی ایک عجائب گھر ہے تو پھر اس کے سب سے قیمتی نوادرات شاید وہ لمحے ہیں جو کبھی لوٹ کے واپس نہیں آتے۔

یہ ناول اور یہ سیریز شاید مجھے اس لیے بھی پسند ہے کہ استنبول میں پانچ بار جا چکا ہوں۔ اس شہر سے مجھے محبت ہے اور یوں بھی میں نے محبت بھگتائی بھی ہوئی ہے بلکہ ہنڈائی ہوئی ہے۔ اُمید ہے آپ کو بھی سیریز اچھی لگے گی۔

Check Also

Maholiyati Bohran: Khamosh Tabahi Aur Ijtemai Zimmedari

By Dr. Muhammad Tayyab Khan Singhanvi