Sunday, 15 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Mehdi Bukhari
  4. Mera Agla Business Idea

Mera Agla Business Idea

میرا اگلا بزنس آئیڈیا

ضرورت ایجاد کی ماں ہے اور ہمارے معروضی سیاسی و سماجی حالات میں یہ جملہ سو فیصد فِٹ بیٹھتا ہے۔ ہر المیہ اپنے ہمراہ ایک آپرچیونٹی بھی لاتا ہے۔ ضرورت بس امر کی ہوتی ہے کہ اس سانحے سے کیسے مثبت انداز میں آگے بڑھا جائے اور پرسنل و فنانشل گروتھ کی جانب توجہ مرکوز کی جائے۔ ایک نوکری پیشہ انسان جس نے کبھی کاروبار نہ کیا ہو وہ بولڈ سٹیپ لینے سے گھبراتا ہے لیکن آپ نے سنا ہوگا کہ آؤٹ آف ٹرن ترقی وہی لوگ کرتے ہیں جو بڑا رسک لیتے ہیں۔ یہاں میں نہایت سوچ و بچار کے بعد ایک بزنس آئیڈیا لے کر آپ سب کے سامنے حاضر ہو رہا ہوں۔ اس بزنس آئیڈیا کے بارے میں سو فیصد یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ رِسک فیکٹر زیرو ہے اور منافع کی شرح سو فیصد ہے۔

بھائیو اور لیڈیز، میں ایک کنسلٹنٹ کمپنی شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ یہ کمپنی شپنگ کارپوریشن کے انڈر رجسٹرڈ ہوگی مگر یہ کارگو کا کام نہیں کرے گی۔ میرا آئیڈیا یہ ہے کہ ابتدائی طور پر ہم ڈیڑھ سو کنٹینرز خرید لیں، پندرہ عدد کنٹینر لفٹر مشینیں اور بیس عدد کنٹینرز کی نقل و حمل کے واسطے لانگ وہیل بیسڈ گاڑیاں۔ ہمارا سارا سیٹ آپ quickly moveable ہوگا۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سارے سامان کو پارک کرنے واسطے جگہیں لیز یا کرائے پر لی جائیں گی۔ ہم ہر حکومت وقت کو سروسز فراہم کریں گے۔ حکومتیں بھی یقیناً یہ چاہیں گی کہ غریب ٹرک والوں اور کارگو کمپنیوں کے کنٹینرز کو پکڑ کر سڑکیں بلاک کرکے ان کی بد دعائیں لینے سے بچا جائے اور ایک رجسٹرڈ فرم سے سروسز حاصل کر لی جائیں۔ ہم اپنے کنٹینرز کی تعداد کو وقت کے ساتھ بڑھا کر ایک ہزار تک لے جائیں گے۔

حکومت کے ساتھ ایم او یو سائن کیا جائے گا۔ ہر حکومت یقیناً احتجاج کو روکنا چاہتی ہے۔ ہمارے ہاں ہر ماہ کوئی نہ کوئی گروہ، لشکر یا جماعت سڑکوں پر نکلی ہوتی ہے۔ ان کے علاوہ کسان ہوں، مزدور ہوں، ہیومن رائٹس والے ہوں سب سڑکوں پر ملین مارچ کرتے ہی رہتے ہیں۔ ہماری کمپنی ہر احتجاج کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار ہوگی۔ ہم ایک گھنٹے کے نوٹس پر حکومت کی درخواست پر سروسز فراہم کرتے ہوئے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے مرکزی پوائنٹس کو بلاک کر دیں گے۔

بزنس ماڈل صرف و صرف حکومت کو سروسز دینے تک محدود نہیں رکھا جا سکتا۔ میرے استاد مرحوم کہا کرتے تھے "بیٹا، کبھی سارے انڈے ایک ٹوکری میں نہیں ڈالنے چاہئیے"۔ لہذا ہماری فرم ہر قسم کے "پُر امن" احتجاجیوں کے لیے خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت یا گروہ یا لشکر سے ہو (ماسوائے کالعدم تنظیموں کے) ان کو ارزاں نرخوں پر لاٹھیاں، ماسک، آنسو گیس شیلز، شیلز کو فائر کرنے والے لانچرز، سیٹلائٹ انٹرنیٹ ڈیوائسز، ہیلمٹس، گول پتھر، غلیلیں، پانی کی بوتلیں، نمکیات کی کمی کو پورا کرنے والے ساشے پیک پاؤڈر، پتھراؤ سے محفوظ بنانے کے لیے لوہے کے بلاکرز، کجھوریں اور ڈرائی فروٹس سمیت بھُنے ہوئی چنوں کے پیکٹس بھی فراہم کرے گی۔ پیشگی معذرت پٹرول بمب میں ہم ڈیل نہیں کریں گے۔ یہ ایک مکمل پیکج ہوگا۔ پر ہیڈ پرائس ہوگی اور بچا ہوا سامان اگر ڈیمج نہیں ہے تو آدھی قیمت پر قابلِ واپسی بھی ہوگا۔ ہمارے پاس احتجاج سٹارٹر پیک کے پریمئیم پیکج "انقلاب زندہ باد" میں کفن بھی شامل ہے۔

علاوہ ازیں آگے چل کر حکومت اور احتجاجی راہنماؤں کے مابین مذاکرات کے لیے محفوظ مقام پر پورٹیبل مارکی لگانے اور کھانے کے ساتھ کیٹرنگ کی مکمل سروسز بھی پلان میں شامل ہیں۔ یہ صرف و صرف چار دن قبل ایڈوانس آرڈر اور سو فیصد ایڈوانس پیمنٹ پر سروسز مہیا کی جائیں گی تاکہ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں ہماری پیمنٹس محفوظ رہیں۔

مجھے امید ہے آپ سب کو میرا بزنس آئیڈیا اور ماڈل سمجھ آ گیا ہے اور آپ کا دل چیخ چیخ کر یہ گواہی دے رہا ہے کہ بخاری کا بزنس پلان شاندار، رسک فری اور سو فیصد پرافٹ ایبل ہے۔ ہمارا مشن صرف و صرف غیر جانبدار رہتے ہوئے ہر دو طرفہ پارٹیوں کو سروسز کی فراہمی بروقت یقینی بنانا ہے۔ انویسٹمنٹ کا یہ سنہرا موقع ہے۔ اگر آپ گھر بیٹھے کمانا چاہتے ہیں تو مجھ سے رابطہ کیجئیے۔ چونکہ سامان مہنگا ہے اس لیے انویسٹمنٹ کرنے کے لیے کم از کم رقم ایک کروڑ پاکستانی روپے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ کی کوئی حد نہیں ہے۔ دِس بزنس پلان از ناٹ فار فینٹ ہارٹڈ پیپل۔

کمپنی کا نام تو میں بتانا ہی بھول گیا۔ ہماری کمپنی کا نام ہوگا صرف سنگل الفابٹ L. جی ہاں بہت مختصر، سادہ اور یونیک نام۔ جو اپنے اندر کئی معنیٰ سموئے ہوئے ہو۔

L for Love, Loyalty & Leadership

اور ہمارا ون لائنر یا موٹو جو ہر کنٹینر کے اوپر اور ہمارے ہر سامان پر لکھا ہوگا " L لگ گئے"۔

خیر اندیش۔

Check Also

Shaam, Bashar Raft o Hayat Ul Tahrir Aamad (6)

By Haider Javed Syed