Waqt Ki Achi Baat
وقت کی اچھی بات

وقت زندگی کی سب سے بڑی حقیقتوں میں سے ایک حقیقت ہے۔ یہ کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا۔ کبھی انسان کے حالات بہت اچھے ہوتے ہیں اور کبھی وہ مشکل وقت سے گزر رہا ہوتا ہے۔ لیکن وقت کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ ہمیشہ بدلتا رہتا ہے۔ اچھا وقت بھی گزر جاتا ہے اور برا وقت بھی۔ جب انسان کا وقت اچھا ہوتا ہے تو اکثر وہ یہ بھول جاتا ہے کہ حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے۔ یہاں تک کہ وہ دوسروں کو کم تر سمجھنے لگتا ہے۔ ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرتا ہے۔ حالانکہ اصل سمجھدار انسان وہ ہے جو اچھے وقت میں عاجزی اور شکر گزاری کو اختیار کریں۔
اگر آج اچھا وقت ہمارے حق میں ہے تو یقین کریں کل وہ کسی اور کے حق میں بھی ہو سکتا ہے۔ اسی طرح جب انسان کا وقت برا ہوتا ہے تو وہ چاہتا ہے کہ لوگ اس پر ترس کھائیں۔ اس کا خیال رکھیں۔ اس کو سمجھے، اس کا ساتھ دے۔ انسانوں سے امید رکھنا کوئی بری بات نہیں ہے۔ کیونکہ اللہ تعالی نے انسانوں کو ایک دوسرے کی مدد اور ایک دوسرے کے احساسات کا خیال رکھنے کے لیے ہی پیدا کیا ہے۔ اگر مشکل وقت میں ہمارے اپنے ہمارا ساتھ نہ دیں تو یہ ہمارے حق میں زیادہ بہتر ہے۔ پتہ ہے کیوں؟
کیونکہ دنیا میں لوگ مشکل وقت میں کیے گئے احسان کا بدلہ مانگ لیتے ہیں۔ لیکن جب مشکل وقت میں انسان کا سہارا صرف اللہ ہو تو یہ سب سے مضبوط سہارا ہوتا ہے، کیونکہ اللہ کا دیا ہوا ساتھ کبھی بھی احسان کے بوجھ تلے نہیں دبتا اور نہ ہی کسی شرط یا بدلے کا محتاج بنتا ہے۔ مزید یہ کہ جو لوگ مشکل وقت میں ہمارے کام نہیں اتے۔ ہم ان سے منہ نہیں بنانا چاہیے۔ ہم ان سے ناراض نہیں ہونا چاہیے۔ وقتی طور پہ انسان کو برا بھی لگتا ہے اور غصہ بھی اتا ہے۔ مگر اللہ پر توکل کرتے ہوئے۔
اللہ کی رضا کے لیے ان کے رویے پر ان کو معاف کرکے آگے بڑھنا چاہیے۔ آخر میں میں یہ کہوں گی کہ وقت کے اچھے یا برے ہونے سے زیادہ اہم انسان کا رویہ ہوتا ہے۔ اپنے رویے پر ہمیں کام کرنا چاہیے۔ اگر ہم اچھے وقت کو شکر گزاری اور عاجزی صبر و تحمل اور حوصلے کے ساتھ گزاریں، تو ہماری زندگی کا ہر لمحہ خوبصورت اور اسان بن سکتا ہے۔
میری زندگی سے سیکھا ہوا ایک سبق جس کو میں نے ایک جملے میں لکھ کر اپنے پاس رکھا ہوا ہے وہ بھی میں آپ کے ساتھ شیئر کرنا چاہوں گی۔ خوشی میں سمجھ سے کام لیں اور غم میں صبر سے کام لیں۔ کیونکہ خوشی میں سمجھ کام آتی ہے اور غم میں صبر۔ اللہ تعالی ہمیں اپنی حکمت کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

