Mah e Ramzan Ki Ronaq
ماہ رمضان کی رونق

ایک مخدومہ کا کلپ دیکھا جس میں عوام الناس کو مخاطب کرتے ہوئے فرما رہی تھیں "چھ روزے گزر گئے۔ آج افطاری میں سوچ رہی ہوں کہ پکوڑے بناؤں۔ آپ بتائیں کہ میں آلو کے پکوڑے تلوں یا بینگن کے؟"۔ بیسیوں بزرگ روزہ داروں نے ان کو اپنی قیمتی آراء سے نواز رکھا تھا۔ کچھ بزرگ روزہ دار نفس پر قابو پانے کی بابت تلقین کرتے بھی پائے گئے۔ رجحان زیادہ تر آلو والے پکوڑوں کے حق میں دیکھا گیا مگر بعضے بعضے بینگن کے پکوڑے تلوانا چاہ رہے تھے۔ چند منچلوں نے لکھ رکھا تھا کہ آپ کے ہاتھ سے جو بھی بنے گا یقیناً لذیذ ہوگا وہیں کچھ دھیمے مزاج لوگ یہ کہتے پائے گئے کہ آپ تو زہر بھی چھو کر گلقند بنا دیں۔
مخدومہ نے فرداً فرداً سب کو دل والا لائک دیا اور کمنٹ کیا "آپ سب میری فیملی ہیں"۔ اس پر ڈھائی سو لوگوں نے دل والا لائک دیا اور فیملی جیسی بے تکلفی برتتے ہوئے یہ کہتے پائے گئے "ماشااللہ، آپ کے ہاتھ بہت پیارے ہیں"۔ اس کمنٹ کو مخدومہ نے دل والا لائک دیا۔ ایک بزرگ روزہ دار نے استفسار کیا "کیا آپ شادی شدہ ہیں یا غیر شادی شدہ؟" مخدومہ نے ان کو جواب دے رکھا تھا " الحمدللہ میرے دو بچے ہیں"۔ بزرگوار نے تجسس کا اظہار کرتے فرمایا "سبحان اللہ مگر آپ بالکل ینگ لگتی ہیں"۔ نیچے ایک منچلے نے آن کر بزرگوار کو ٹیگ کرتے لکھا "بابیو، جاندی کریا کرو، ساڈی لائن تسی بول گئے"۔
ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو خواتین کی پوسٹ کی تاک میں رہتے ہیں۔ خاتون اگر شاعرہ ہو تو سونے پہ سہاگہ ثابت ہوتی ہے لہذا جس جس کو بھی اِن پیج اور فوٹو شاپ کا تھوڑا سا بھی استعمال آتا ہے وہ رنگ برنگی ڈیزائننگ کرکے خاتون کوان الفاظ میں بھیج دیتا ہے "اپنی پیاری، خوبصورت، دلکش، جاذب نظر، سمارٹ اورحسین آپی کی نذر"۔ ایسی "آپیوں" کے شعر کچھ اس قسم کے ہوتے ہیں
نہ جانے کس کا انتظار ہے مجھ کو
میں کافی دیر سے بیٹھی ہوں لیکن سمجھ نہیں آ رہا
چونکہ شعر کے ساتھ آپی کی تازہ "پروفائل پکچر" بھی ہوتی ہے لہذا جونہی یہ شعر "آن ایئر" ہوتا ہے چیتے کی رفتار سے لائکس اور کمنٹس آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ کئی ایک تو جوش جذبات میں یہاں تک لکھ جاتے ہیں "آپی! آپ کا شعر آپ ہی کی طرح دل موہ لینے والا ہے"۔
ایسے ہی ایک شاعرہ کی پکچر کے نیچے واہ واہ کی لائن لگی ہوئی تھی۔ ایک صاحب نے فرطِ جذبات سے مغلوب ہو کر لکھا ہوا تھا "بانو قدسیہ کے بعد آپ ہی عظیم شاعرہ ہیں"۔ ایک اور فین کا تبصرہ تھا "سویٹ آپی! آپ کے اشعار بھی آپ ہی کی طرح خوبصورت ہیں اور اِن میں کہیں کہیں میر تقی میر کا رنگ جھلکتا ہے"۔
رمضان شروع ہونے سے اتنا فرق تو بہرحال پڑا ہے کہ چیتے دل کی بات کہنے سے پہلے "آپی" کا اضافہ کر دیتے ہیں۔ یہی تو اس ماہ کی رونق ہے۔