Wednesday, 01 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Syed Mehdi Bukhari/
  4. Inam Bhai Ka British Passport Aur Currency

Inam Bhai Ka British Passport Aur Currency

انعام بھائی کا برٹش پاسپورٹ اور کرنسی

انعام بھائی بھی فضول قسم کے گلے کرتے رہتے ہیں۔ جو ان کے گلے ہوتے ہیں اگر وہ خود اپنے آپ سے جرح کریں تو جواب سامنے ہی پڑا مل سکتا ہے۔ نجانے ان کو کیوں لگتا ہے کہ میں آزو بازو حسیناؤں کو لے کر چلتا ہوں یا مراکو کا میں بے تاج بادشاہ ہوں۔ ائیرپورٹ ٹیکسی لے کر ہوٹل آئے۔ ٹیکسی سے سب سے پہلے چمک برآمد ہوئی جو گاڑی کی چھت پر لگی لائٹ کی انعام بھائی کے سر سے ٹکرا کر آتی معکوس چمک تھی۔

پھر انعام بھائی نظر آئے جنہوں نے گہرے نیلے رنگ کی جیکٹ بدزیبِ تن کر رکھی تھی اور گاڑھا پنک سوٹ کیس تھام رکھا تھا جو آنکھوں میں چبھتا تھا۔ کالر سے ذرا اوپر سانولا سلونا رگڑ کے کلین شیو شدہ انعام تھا۔ میں نے ان کو ملتے ہی باور کروایا کہ فوری طور پر سر پر کیپ پہنیں۔ ملے تو بولے "توں یہاں ہوٹل اکیلا آ گیا۔ کدھر ہیں وہ مراکشی حسینائیں جن کی تو نے فوٹوگرافی کی اور جن کے ساتھ ویڈیو انٹرویوز کرتا پھرتا تھا؟" میں نے کہا کہ انعام بھائی میرے حکم کے تابع یہاں کے لوگ نہیں ہیں اور ناں ہی اتنے ویلے ہیں کہ آپ کا ہوٹل میں استقبال کرنے آ سکیں۔

جواب آیا "چل کوئی نئیں۔ میں وی فلائٹ لے کے تھکیا ہویا آں۔ کل مل لاں گے"۔ یہ سُن کر میری تو ہٹ ہی گئی۔ میں نے جواب دیا "جی انعام بھائی۔ بس پہلے آپ میری ساؤتھ انڈین صورت کو ذرا غور سے دیکھیں۔ آپ کو لگتا ہے کہ اس صورت پر مراکشی حسینائیں مر مٹ سکتی ہیں؟ وہ بس میرے فن یا کیمرے کی بدولت دوست بنیں یا ملیں ہیں۔ اس کے بعد آپ ذرا اپنی صورت غور سے دیکھیں جس پر صاف موٹا موٹا لکھا نظر آتا ہے "فُل پاپی"۔ پھر آپ اس پہلو پر غور کریں کہ ہم دونوں ایک ساتھ موجود ہوں تو مراکشی حسینائیں دور سے ہی پہلو بچا کر کیوں نہ نکلنا چاہیں گیں؟

اتنا ہی غنیمت جاننا اگر کسی نے آ کر سلام بھی لے لی۔ " رانے نے پلٹ کر مجھے دیکھا "یار میں اونج ای چھیڑ ریا سی۔ تُوں اینا سیریس کیوں ہوگیا۔ نالے اینا وڈا لیکچر دین دی کی لوڑ سی؟" میں نے جواب میں ہنس دیا تو کچھ دیر بعد رانا بھائی نے کمال ہی کر دیا۔ بولے "پاؤنڈز ہے گے نیں میرے کول۔ برٹش پاسپورٹ وی ہے گا میرا۔ تُوں میرا بھرا میرے نال نہ چل۔ توں لانبے ہو کے رہ۔ ویکھ میں کس طرح ایتھے کارروائی کرنا۔ "

انعام بھائی کا برٹش پاسپورٹ اور برٹش کرنسی پر اعتماد دیکھ کر میرا خون کھول اُٹھا۔ اور آفرین بات یہ ہوئی ہوٹل میں چیک ان کر کے باہر پیدل نکلے اور لوکل سِم لینے کو ایک شاپ پر رُکے۔ یہاں کاؤنٹرز پر خواتین کام کرتیں ہیں۔ ایک حسینہ کھڑی تھی۔ رانے نے اپنا پاسپورٹ اسے دیتے کہا "سوری، آئی ڈونٹ ہیو لوکل کرنسی۔ ڈو یو ایکسپٹ برٹش پاؤنڈز؟" لڑکی نے پاسپورٹ دیکھا۔ چمکتا کُرکتا پاؤنڈ دیکھا اور آنکھیں ٹپٹپاتے انٹرنیٹ پیکجز والا فلائر آگے کرتے بولی "یس سر، پلیز سلیکٹ یور انٹرنیٹ پیکج"۔

رانا نے پیکج سلیکٹ کیا۔ لڑکی نے پراسس کرتے انعام کو مسلسل آنکھیں ٹپٹپاتے دیکھا۔ سم اس کے حوالے کرتے بولی "یور سم ول ایکٹئویٹ ود ان ففٹین منٹس۔ پلیز ٹیک دس کارڈ۔ اف یو ہیو اینی پرابلم ان کنیکٹیویٹی ڈو کانٹیکٹ اَس"۔ رانے نے موبائل ٹیلی کام فرنچائز کا کارڈ پکڑا اور کارڈ پر درج فرنچائز کا نمبر لڑکی کو دکھاتے بولا "از دس یور نمبر منشینڈ آن دی کارڈ؟" لڑکی نے دو بار آنکھیں ٹپٹپائیں اور کارڈ کی بیک سائیڈ پر اپنا نمبر لکھ کر بولی "ناؤ یو ہیو مائی نمبر"۔ رانے کا بس نہیں چل رہا تھا وگرنہ وہ فرطِ جذبات میں کارڈ اٹھا کے آنکھوں سے لگا لیتا۔ اس نے کارڈ کوٹ کی جیب میں رکھا اور میری جانب دیکھ کر بولا "او یو پاکستانی بٹلر۔ فالو می"۔ یہ کہتے وہ شاپ سے نکلا۔

پچھلے دو گھنٹوں سے میں اسے کہہ رہا ہوں کہ مجھے وہ کارڈ دکھاؤ مگر مجال ہے وہ نکالے۔ بس قہقہہ مار دیتا ہے اور کہتا ہے "بخاری، او واٹس ایپ تے وی ہے گی آ"۔ پاکستانی مرد تو یونہی چول کہلاتے ہیں پاکستانی نژاد مرد بھی اخیر ہی چول ہیں۔ میں نے ایک لطیفہ سنا ہوا تھا وہ آج اپنی آنکھوں کے سامنے سچ ہوتا دیکھ لیا۔ مسجد کے صحن میں ایک ملنگ بیٹھا چرس والا سگریٹ پی رہا تھا۔ امام صاحب نے دیکھا تو غصے سے لال پیلے ہوتے بولے" تجھے شرم نہیں آتی ایسی حرکت کرتے؟" ملنگ پلٹ کر بولا "مولوی، اگ تے تینوں اودوں لگنی ایں جدوں توں مینوں جنت وچ ویکھیا" انعام جنت میں ہے اور میرے تن بدن میں آگ لگی ہوئی ہے۔

Check Also

Labour Day

By Hussnain Nisar