Begum Follow Karti Hain?
بیگم فالو کرتی ہیں؟
شوہر کی پہرہ داری کرنا بیگم کا اولین فرض ہوتا ہے اور میری بیگم کو لگتا ہے کہ اس کا شوہر معمولی ہوتے ہوئے بھی غیر معمولی انسان ہے، تو اس کو کوئی فاختہ اڑا کے نہ لے جائے۔ اس کو میری فیصلہ سازی کی قوت پر ذرا اعتبار نہیں۔ ایک دن کہنے لگی" اس عمر میں مرد بلنڈر کر دیتے ہیں۔ اس لیے آپ پر نگاہ رکھنا ضروری ہو جاتا ہے۔ ویسے بھی مجھے آپ کی فیصلہ لینے کی صلاحیت پر اعتبار نہیں رہا۔
میں نے جواب دیا " اچھا؟ تم سے شادی کا فیصلہ میں نے ہی لیا تھا شاید" جواباً جواب آیا " ہاں۔ مگر تب آپ دُکھی تھے اور کنگلے تھے۔ اب آپ خوش ہیں اور خوشحال ہیں۔ میرے ایک دوست کا نام قمر ہے۔ موبائل پر اس کی کال آئی تو بیگم نے نام پڑھ لیا۔ میں نے کال اس لیے کاٹ دی کہ اس کو فری ہو کر کال کروں گا۔ بیگم کی حسِ شائبہ فوری پھڑکی " اٹھائی نہیں قمر کی کال؟ کون ہے یہ قمر ویسے؟
میں نے کہا پرانا دوست ہے۔ سن کر بولی " پرانا دوست ہے یا پرانی دوست ہے؟ اس کو یقین دلایا کہ بیگم کئی نام مرد و عورت میں مشترک ہوتے ہیں، قمر بھی ایسا ہی نام ہے اور پھر قمر کو کال ملا دی۔ اب چونکہ انکوائری بھگتنا اور بھگت کر باعزت بری ہونا بہت مشقت طلب امر ہوتا ہے، لہذا میں نے بھی رسمِ دنیا کے مطابق موبائل میں کچھ نمبرز الگ ناموں سے محفوظ کر رکھے تھے۔
ایک بار اصغر الیکٹریشن آدھی رات کو مس کالیں مارنے لگی۔ بیگم نے چونک کر پوچھا کہ یہ الیکٹریشن کو اس وقت کیا ہو گیا ہے؟ بڑی مشکل سے قائل کیا کہ اس کا بل ابھی رہتا ہے۔ آگے سے وہ بھی عجب ہی بولی" آپ اس کا بل پسینہ خشک ہونے سے قبل کیوں نہیں ادا کرتے؟ یہ راز تو برسات کی ایک رات میں طشت از بام ہو گیا۔ بیگم نے چپکے سے موبائل کی تلاشی لی اور پوچھا۔
یہ اتنی رات گئے اصغر الیکٹریشن کیوں پوچھ رہا ہے کہ بارش کی بوندیں دل کے تار ہلاتی ہیں؟ اس رات اسے قائل تو کر لیا کہ نجانے کیوں یہ پاگل ہو چکا ہے اور کس موڈ میں ہے۔ مجھے کیا پتا اس کا نمبر ہی بلاک کر دیتا ہوں الیکٹریشنز کی کوئی کمی ہے کیا۔ ایک ایسی ہی رات کا قصہ ہے۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ کوئی پرہیبت شخصیت میرے انگلی تھامے مجھے جہنم کی طرف لے جا رہی ہے اور میں کپکپاتے ہوئے۔
اس کے ترلے منت کر رہا ہوں کہ ایک بار معافی دے دو۔ اس خواب کے دوران اچانک ڈر کے مارے آنکھ کھلی تو کیا دیکھتا ہوں کہ بیگم میری انگلی پکڑے میرے موبائل کے بائیومیٹرک سینسر پر رکھنے کی کوشش میں مصروف تھی۔ میرا تو بچا کچھا تراہ بھی نکل گیا۔ میں نے اے سی میں پسینہ پونچھتے کہا "یہ کیا کر رہی ہو؟ مجال ہے جو اس کے عزم و ہمت میں زرا سا بھی جھول آیا ہو۔
بولی "وہ بس آپ کا الارم بند کرنا تھا۔ جو آپ نے صبح کا لگایا ہوتا ہے۔ خود تو آپ الارم سے جاگتے نہیں میری نیند حرام کر دیتے ہیں۔ مجھے تو اس دلیل پر یقین نہیں آیا۔ بیگم حد سے زیادہ کئیرنگ ہے۔ آپ میں سے اکثر احباب کمنٹس میں پوچھ رہے ہوتے ہیں کہ کیا بیگم آپ کو فیسبک پر فالو کرتی ہیں؟ فیسبک کیا شے ہے وہ مجھے ہر جگہ فالو کرتی ہے، ماسوائے واش روم کے۔ کموڈ پر اکیلے بیٹھنے کی آزادی ہے۔ الحمدللہ۔