1.  Home/
  2. Blog/
  3. Shaheen Kamal/
  4. Lot Jati Idhar Ko Bhi Nazar Kya Kijiye

Lot Jati Idhar Ko Bhi Nazar Kya Kijiye

لوٹ جاتی ادھر کو بھی نظر کیا کیجیے

پاکستان ماشاءاللہ چھہتر سال کا ہوگیا۔ ہم سب کو پاکستان کی سالگرہ مبارک ہو۔ کہتے ہیں قوموں کی زندگیوں میں صدی معنی نہیں رکھتی، غلط بالکل غلط۔ ہمارے سامنے ہی کی مثال ایک دن بعد آزاد ہونے والا وطن ہندوستان ہے، اسرائیل ہے اور دو ہی سال بعد آزاد ہونے والا چین ہے۔ چین جو نشے میں ڈوبا ہوا پوستی ملک تھا۔ آج وہ سب کہیں سے کہیں نکل گئے۔

بد عنوانی، نا انصافی، مفاد پرستی اور ظلم ان کے یہاں بھی ہے کہ انسانی کجروی سے مفر نہیں مگر انہوں نے بحیثیت قوم اپنا تشخص نہیں کھویا اور اپنے ہدف پر فوکس رہے۔ انہوں نے اداروں کو خدا نہیں بنایا اور سب سے بڑی بات کہ وہاں قانون سے بالا کوئی نہیں۔ ان ممالک میں بھی کرپشن ہے، بڑی مچھلیاں، مٹھی چاپی کرکے عموماً وہاں بھی نکل جاتی ہیں مگر پاکستان جیسا اندھیر کہیں نہیں، حد کہ جنگ کی تباہ کاریوں سے نڈھال افغانستان میں بھی پاکستان جیسا ظلم، اندھیر اور کرپشن نہیں۔

آئیں تھوڑی سی تاریخ کھنگال لیں۔

9 جون 1947 کو دہلی میں آل انڈیا مسلم لیگ کی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم نے فرمایا کہ

"میں نے اپنا کام پورا کر لیا ہے۔ جب فیلڈ مارشل آرمی کو فتح سے ہمکنار کرتا ہے تو اس کے بعد سول اتھارٹی کنٹرول سنبھال لیتی ہے"۔

یہ امر روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ قائداعظم نئی ریاست میں سولین حکومت کے حامی اور خواہش مند تھے۔

1946 میں دہلی میں Reuters کے نامہ نگار ڈون کیمپبل کو انٹرویو دیتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح نے کھلے الفاظ میں اظہار کیا کہ "نئی ریاست، جدید جمہوری ریاست ہوگی، جس میں اقتدار اعلیٰ عوام کے پاس ہوگا اور نئی قوم کے اراکین کو شہریت کے مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔ "

کہاں کھو دیا ہم نے ایسا متوازن، پرامن جنت نظیر پاکستان؟

بدقسمتی کہیے یا بدنیتی کہ پاکستان کی دستور ساز اسمبلی نے آرمی ایکٹ 1911 کو بالکل اسی طرح اپنا لیا جیسا وہ تھا حالاں کہ یہ ایکٹ برطانوی آقاؤں نے اپنے نو آبادیاتی مفادات کے تحفظ، رعایا کے حقوق سلب کرنے اور آزادی کی تحریکوں کو کچلنے کے لیے بنایا تھا مگر ہم نے اس استعماری و نو آبادیاتی آرمی ایکٹ کو کسی ترمیم کے بغیر قبول کرکے جمہوری پاکستان پر پہلی ضرب لگائی۔

برصغیر پاک و ہند کی فوج کا جدوجہد آزادی ہند یا تحریک پاکستان میں کوئی کردار نہ تھا متحد ہندوستان کی چار لاکھ فوج میں سے پاکستان کو تقریباً 33٪ یعنی ڈیڑھ لاکھ فوج ملی۔ پاکستان کو چار ہزار فوجی افسران کی ضرورت تھی لیکن اس وقت اس کے پاس صرف ڈیڑھ ہزار افسر تھے، جن میں سے پانچ سو برطانوی تھے۔ ایک میجر جنرل، دو بریگیڈیئر اور 53 کرنل تھے۔ گیارہ مسلم ملٹری افسر سول سروس میں شامل ہو گئے۔ عارضی کمیشن، شارٹ سروس اور اہلیت و تجربے کے بغیر قبل از وقت ترقیاں دے کر اس کمی کو پورا کیا گیا۔

فوجی اثاثوں کی تقسیم کے مسائل کو پیش نظر رکھا جائے تو حتمی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے حصے میں آنے والی مسلم فوج پیشہ ورانہ لحاظ سے ایک کمزور فوج تھی۔ میجر جنرل شاہد حامد کے مطابق 27 اکتوبر 1947 کو قائداعظم نے کمانڈر ان چیف سر ڈگلس گریسی کو حکم دیا کہ افواج پاکستان کو جموں و کشمیر بھیجا جائے اور سری نگر اور درہ بانہیال پر قبضہ کر لیا جائے۔ جنرل گریسی نے " گورنر جنرل" کے احکامات کی تعمیل سے انکار کر دیا۔ بقول جنرل گریسی کے پرائیویٹ سیکرٹری ولسن، ماؤنٹ بیٹن نے گریسی کو فون کیا اور دھمکی دی کہ اگر فوج کو کشمیر کی جانب روانہ کیا تو یقین کر لے کہ اسے" نائٹ ہڈ " کا خطاب نہیں ملے گا۔

جنرل گریسی کی حکم عدولی نے ملک میں فیصلہ سازی کے عمل پر سوالیہ نشان لگا دیا۔

ایوب خان کو مہاجرین کی آباد کاری کے سلسلے میں سردار عبدالرب نشتر کی معاونت کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ عبدالرب نشتر نے قائداعظم کو رپورٹ پیش کی کہ ایوب خان نے اپنی زمہ داریاں پوری نہیں کیں اور ان کا رویہ پیشہ ورانہ نہیں ہے۔ ایوب خان نے اُسی وقت سے سیاسی جوڑ توڑ شروع کر دی تھی۔ قائداعظم نے سزا کے طور پر ایوب خان کا تبادلہ مشرقی پاکستان کر دیا اور ایک سال تک بیج لگانے کی ممانعت کر دی۔ ایوب خان جیسے منتقیم نے یہ کینہ دل میں پال لیا۔

ائیر مارشل محمد اصغر خان لکھتے ہیں"کہ چودہ اگست کا دن تھا اور پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کراچی میں ایک استقبالیہ دے رہے تھے، جس میں لوگوں کی کثیر تعداد کو مدعو کیا گیا تھا۔ قائداعظم خوشگوار موڈ میں لوگوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ حاضرین میں دفاعی ملازمتوں کے چند عہدے دار بھی تھے۔ قائداعظم ان سے مخاطب ہوئے اور پوچھا آپ لوگ کیسے ہیں؟

وہاں کرنل اکبر خان (بعد میں راولپنڈی سازش کیس والے میجر جنرل اکبر خان) نے جواباً دفاعی حکمت عملی پر اپنے خیالات کی وضاحت شروع کر دی اور جوشِ بیان میں انہوں نے ایسے معاملات پر جو ایک جمہوری نظام میں کسی سول حکومت کی ذمہ داری ہوتے ہیں مشورہ یہ دینا شروع کر دیا کہ دفاعی ملازمتوں کا انتظام کس طرح چلانا چاہیے۔ ابھی کرنل اکبر خان نے بات بھی پوری نہیں کی تھی کہ قائداعظم نے ان کی گفتگو درمیان ہی سے قطع کر دی۔ اپنی انگلی اٹھا کر انہوں نے اکبر خان پر کڑی نظر ڈالی اور دھیمے لہجے میں ایک ایک لفظ پر زور دے کر کہا "یہ نہ بھولیے کہ آپ لوگ جو مسلح افواج میں ہیں، عوام کے خادم ہیں۔ قومی پالیسی آپ لوگ نہیں بناتے۔ یہ ہم شہری لوگ ہیں جو ان معاملات کا فیصلہ کرتے ہیں اور آپ کا فرض ہے کہ جو زمہ داری آپ کو سونپی جائے، اسے پورا کریں"۔

چودہ جون 1948 کو قائداعظم پہلی اور آخری بار سٹاف کالج کوئٹہ گئے تو وہاں انہوں نے لگی لپٹی رکھے بغیر فوجی افسران کو ان کی فراموش کردہ فرض شناسی یاد دلائی اور مرتب شدہ تقریر ملتوی کرکے ان کا "حلف نامہ" پڑھ کر سنایا۔

گورنر جنرل اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح سے وفاداری کا ایک مظاہرہ 11 ستمبر 1948 کو اس وقت ہوا جب شدید بیماری کے عالم میں بابائے قوم کو آرمی کی خستہ حال آرمی ایمبولینس میں ایئرپورٹ سے گورنر جنرل ہاؤس لے جایا جا رہا تھا۔ اس مختصر راستے میں ایمبولینس کا خراب ہونا اور گھنٹوں متبادل ایمبولینس کا نہ ملنا اور اس سڑی گرمی میں مادرِ ملت کا اپنے نیم جان بھائی، یعنی قائداعظم محمد علی جناح پر سے بےبسی کے عالم میں اپنے ڈوپٹے کے آنچل سے مکھیاں اڑانا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔

انا للہ وانا الیہ راجعون

1971 جب ایک بدمست شرابی ملک کا نا خدا تھا۔ اس نے اپنی خر مستیوں میں مبتلا ہو کر ایسے فیصلے کیے کہ ملک نہ صرف دو لخت ہوا بلکہ لاکھوں محب وطن شہید اور لاکھوں برباد ہوئے۔ وہ بنگالی جن کو بوجھ سمجھا جاتا تھا، جنہیں سوالی جان کر دھتکارا جاتا تھا ان کی معیشت آج پاکستان سے بہت زیادہ بہتر ہے۔ اسی پاکستان کو وجود میں لانے کے لیے ہزاروں بہاریوں نے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ اکتوبر 1946 میں بہار میں تیس ہزار سے زیادہ بہاری مسلمان شہید ہوئے اور قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایا کہ "اگر بہار میں اتنی کثیر تعداد میں مسلمان شہید نہ ہوتے تو پاکستان کبھی اتنا جلدی وجود میں نہ آتا"۔

پاکستان کی بنیادوں میں بہاریوں کا خون ہے اور اسی محب وطن بہاری نے 1971 میں پاکستان کی بقا کے لیے بے دریغ اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور نتیجتاً بنگلہ دیش بننے کے دوران اور سقوط مشرقی پاکستان کے بعد پاکستان کی محبت کے پاداش میں غیض سے بپھرے بنگالیوں کے ہاتھوں گاجر مولیوں کی طرح کاٹ ڈالے گئے۔ پانچ لاکھ کے قریب محبان وطن صفحہ ہستی سے مٹا دئیے گئے۔ جو بچے وہ اجڑ کر بہت مشکلوں اور صعوبتوں کے بعد بچے کچھے پاکستان پہنچے اور تقریباً تین لاکھ حرماں نصیب پاکستانی ابھی بھی بنگلہ دیش کے 116 کیمپوں میں ایڑیاں رگڑ رہے ہیں۔ ان کی زندگیاں بدترین ہیں اور وہ کیمپوں میں جانوروں سے بدتر زندگی گزار رہے ہیں۔

انسانی تاریخ میں آج تک وفا اور محب وطنی کی ایسی بھاری قیمت کسی قوم نے نہ دی ہوگی، جو مشرقی پاکستان کے محب وطن بہاریوں نے دی ہے۔ شاباش ہے حکومت پاکستان کی سفاکی و بے حسی کی کہ وہ اپنے ہی لوگوں کو واپس لینے سے گریزاں ہے۔ اسی کراچی میں تیس لاکھ سے زائد افغانی، بیس لاکھ بنگالی، جن کی اکثریت سن تہتر کے بعد غیر قانونی طور پر پاکستان آئی ہے، روہینگی، افریقی، نیپالی اور روسی اطمنان سے رہ رہے ہیں مگر اسی پاکستان کا دامن اتنا تنگ ہے اس میں اُس کے اپنے تین لاکھ ہم وطنوں کے لیے جگہ نہیں۔

بنگلہ دیش کے کیمپ میں باون سالوں سے پاکستانی پرچم سینے سے لگائے لگائے کئی انتظار کرتی آنکھیں بجھ گئی ہیں۔ اپنے وطن عزیز کی خاک پر سجدہ کرنے کی آرزو میں کلستی جھلسی پیشانیاں خاک نشین ہوئیں۔ واقعی ہم لوگ محسن کش قوم ہیں۔ اللہ پاکستان کو تاراج کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دے۔ اس سے پہلے کہ

"تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں"

ہمارے گناہوں کو معاف کرتے ہوئے کسی نیک نیت مسلحِ قوم کو رہبری کے لیے تفویض کر دے۔

Check Also

Muhabbat Aur Biyah (1)

By Mojahid Mirza