Monday, 25 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Shafaqat Abbasi
  4. Quran Pak Ko Samajh Kar Parhna

Quran Pak Ko Samajh Kar Parhna

قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنا

قرآن پاک جو اللہ کا کلام ھے اس کو آخری پیغمبر پر آخری کتاب کی صورت میں اتارا گیا۔ جو قیامت تک کے لوگوں کے لئیے راہ ھدائیت، زندگی گزارنے کی گائیڈ لائنز اور مکمل ضابطہ حیات اور ایک فطری زندگی گزارنے کے طریقے پر مشتمل کلام اللہ ھے۔ مگر بہت افسوس ھے کہ ھمارے دادا، پر دادا، ماں، باپ، 60، 70، 80 سال کی زندگیاں گزار کر اس دنیا سے جا چکے ھیں مگر کبھی قرآن کو سمجھ کر نہیں پڑھا۔

کوئی آدمی جو قرآن پاک کو اپنی زبان میں سمجھ کر نا پڑھے وہ اس پر عمل کیسے کرسکتا ھے؟ جو ھمارے بزرگ اس دنیا سے جا چکے وہ تو وآپس نہیں آسکتے مگر ھم جو زندہ ھیں ھم، ھماری اولاد، ھمارے بزرگوں کی طرع بغیر قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھے اس دنیا سے چلے جائیں گے؟ دن میں 24گھنٹے ھوتے ھیں، آئیے اپنا اور اپنی اولاد کا محاسبہ کرتے ہیں کہ 24 میں سے کتنے گھنٹے ھم اور ھماری اولاد انٹرنیٹ (موبائل، لیپ ٹاپ) پر گزارتے ھیں۔

کیا ھم 24 گنٹھے کے دن رات سے آدھا گھنٹہ جی ھاں دن رات کے 1440 منٹوں سے صرف 30 منٹ قرآن پاک کو ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھنےاور سمجھنے پر صرف نہیں کر سکتے؟

ھم مرنے کے بعد اپنے رب کو کیا جواب دیں گے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھیجی گئی کتاب جو ھماری اپنی زبان میں جی ھاں ھماری اپنی زبان میں ھمارے گھر موجود تھی اور ھم نے اپنی50، 60 سالہ زندگی میں اس کو کبھی بھی سمجھ کر نہیں پڑھا، اور جب سمجھ کر نہیں پڑھا تو عمل کیا کرنا، کیسےکرنا۔ ایک بزرگ عالم دین نے قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنے کے بارے میں ایک بہترین مثال سے سمجھا یا کہ اگر آپ کو گھرمیں کسی اجنبی زبان فرنچ، جرمن زبان میں کوئی کوئی لیٹر موصول ھو تو آپ فوراً کسی ترجمان کے پاس اپنی زبان میں ترجمے کی لئیے جائیں گے اور ترجمہ کے زریعے اس عبارت کو سمجھے گے اور پھر اس پر عمل کریں گے۔

مگر افسوس کہ قرآن مجید مع ترجمہ آج ھر گھر میں موجود ہے مگر شاید ٪5 فیصد لوگ بھی قرآن پاک کو سمجھ کر نہیں پڑھتے، کتنے افسوس کا مقام ھے کہ راہ ھدائیت کی کتاب کو ھم نے صرف ثواب کی کتاب تک محدود کر دیا۔۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ قرآن مجید پڑھنا بہت ثواب کا باعث ھے، مگر کیا بغیر سمجھے قرآن مجید پڑھنے سے ھم لوگ قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل کر سکتے ھیں۔

آج سے عہد کریں ھم خود بھی اور اپنی اولاد اپنے ماں باپ، بہن بھائی، عزیز و اقارب کو اردو یا اپنی مادری زبان میں قرآن مجید ترجمے کے ساتھ پڑھنے کی تلقین کریں گے۔ اور ترجمہ والے قرآن مجید فیملیز، فرینڈز اور عزیز و اقارب کو گفٹ کرنے کی روایت ڈالیں گے، ھماری ان کوششوں سےچند لوگوں نے بھی قرآن پاک سمجھ کر پڑھ لیا تو پڑھنے والے کے ساتھ ساتھ ھم کوشش کرنے والوں کے لیےبھی بہترھو گا۔۔

خاص کر بچوں کو قرآن پاک سمجھ کر پڑھانے کی طرف راغب کرنے کے لیئے پہلے ان کو قصص القرآن سے شروعات کروائیں۔۔ مثلاً سورۃ کہف سے۔۔ یقین کریں آپ اپنے بچوں کو آج ایک رکوع کا ترجمہ پڑھ کر سنائیں گے تو کل اگلے رکوع کے لیئے وہ خود اصرار کریں گے، اپنے بچوں کو آج کی ماڈرن اور نان مسلم کی سٹوریز (کہانیاں) سنانے کے بجائے قرآن مجید میں سابقہ اقوام کے واقعات پڑھ کر سنائیں۔

میں نے اپنے بچوں کو جب قرآن مجید کا ترجمہ پڑھ کر سناناشروع کیا توابتداء سورۃ کہف سے کی بچوں میں قرآن مجید کا ترجمہ سننے کا بہت شوق پیدا ھوا۔ اللہ پاک نے ھماری عبرت کے لئیے قرآن مجید میں سابقہ اقوام کے واقعات کوبہت خوبصورتی سے بیان کیا ھے۔ یقین جانیں ھماری یہ کوشش ھمارے بچوں، بزرگوں بہن بھائیوں، عزیز رشتے داروں میں قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے کی طرف راغب کرے گی۔۔

میں نے خود قرآن مجید نا صرف ترجمہ بلکہ تفسیر کے ساتھ مکمل کیا ھے، یقین کریں قرآن مجید سمجھ کر پڑھنے سے پہلے اور بعد کی زندگی میں بہت فرق لگتا ھے۔۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی حکومت نے بہت کام کیا۔۔ اگر میری معلومات درست ھیں تو پرائمری تک عربی زبان میں اور مڈل سکول، ھائی سکول، کالج اور یونیورسٹی میں ترجمے کے ساتھ قرآن مجید پڑھنا لازمی قرار دیا گیا۔۔

جس طرح پاکستان میں قانون تو بہت ھیں مگر عمل نہیں ھوتا۔۔ اللہ کرے اسی طرح اس اہم ترین معاملے پر بھی ایسا نا ھو، یونیورسٹی اور کالج کی ڈگری کو تکمیل ترجمہ و تفسیرقرآن مجید سے مشروط کیا جائے۔

قارئین اسی طرع نماز کو سمجھ کر پڑھنے کی طرف توجہ دینی چاہیے، آپ خود اپنے بچوں، ماں باپ بہن بھائیوں کو نماز کا ترجمہ سکھائیں، آپ جب نماز میں عربی کے الفاظ ادا کریں گے اور ساتھ آپ کے زہن میں اس کا اردو ترجمہ آئے گا۔۔ جب آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ اپنے رب سے کیا کہہ رھے ھیں تو آپ کو نماز میں بہت سکون محسوس ھو گا۔۔

اللہ پاک ھم سب کو قرآن پاک پڑھنے، سمجھنے اور عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

Check Also

Taunsa Barrage

By Zafar Iqbal Wattoo