1.  Home
  2. Blog
  3. Umm e Ali Muhammad
  4. Mulaqat

Mulaqat

ملاقات

دو اڑھائی سال سے ہم اپنی بچیوں سے مل نہیں پائے ، آخر کار سرتاج نے کہا کہ تمہاری عمان کی سیٹ 15 دسمبر 2021 کی فائنل کروانے لگا ہوں کم از کم تم جا کر بچیوں سے مل آؤ۔پروگرام اس طرح سے بنایا کہ چھوٹی بیٹی بھی دسمبر کی چھٹیوں میں اپنے دونوں بچوں اور شوہر کے ساتھ دبئی سے عمان آجائے گی یوں ہم سارے کچھ دن کیلئے اکھٹے رہ سکیں گے۔میں بدھ کو 8 بجے عمان پہنچی ۔

جمعہ کے دن چھوٹی بیٹی نے بھی دبئی سے آجانا تھا لیکن جمعرات کو جب وہ سکول سے گھر پہنچی تو اسے گلا خراب اور تیز بخار نے آلیا۔ہسپتال گئی تو انہوں نے وہیں داخل کر لیادو ڈرپس لگیں اور پھر دوائیاں وغیرہ لیکر بیٹی گھر واپس پہنچی ادھر میں پریشان کہ اس کی تھوڑی سی دسمبر کی چھٹیاں ہیں ۔ ایسا نہ ہو کہ بخار نہ اترے تو وہ آہی نہیں سکے گی ۔خیر جمعہ کو صبح اس کی طبیعت کچھ بہتر ہوئی تو وہ لوگ گھر سے نکلے۔

12 بجے جب وہ گھر پہنچے تو ہم ایک دوسرے سے مل کر بہت روئے۔چھوٹے بچوں کی یہ پہلی ملاقات تھی ۔سب سے چھوٹے والا اپنے سے چھ مہینے بڑے والے کو" بے بی"، کہ رہا تھا اور بڑے والا اپنے سے چھوٹے کو اپنے کھلونے دے کر اسے گلے ملنے کی کوشش کررہا تھا۔مجھے یہ فکر تھی کہ میری بیٹی بخار کے ساتھ لمبا سفر کر کے آئی ہے تو بس کھانا کھائے اور تھوڑی دیر کیلئے ریسٹ کیلئے لیٹ جائے۔

کھانا ختم ہوا تو بیٹی کو زبردستی کمرے میں جانے کا کہا کہ تھوڑی دیر لیٹ جاؤ۔داماد کو بھی اٹھایا کہ آپ بھی جاکر لیٹ جائیں۔لیکن انہوں نے کہا"میں ابھی نہیں جارہا، میں نے تھوڑی دیر کے بعد پھر اٹھایا کہ آپ بھی کل سے پریشانی میں ہیں جا کر تھوڑا ریسٹ کرلیں۔جس پر داماد نے کہا" نہیں .. پہلے بیگم سونے کیلئے چلی جائے۔ابھی بچے کھیل رہے ہیں زرا ان کا خیال رکھوں گا ،ادھر بڑی بیٹی کے شوہر نے زوردار قہقہہ لگایا اور کہا"ہاہاہاہاہاہا۔ یعنی تیرا غم، میرا غم اک جیسا صنم، آپ بھی میری طرح بیگم کو سلا کر خود بچوں کی خبر گیری کریں گے"۔

اور پھر دونوں لڑکے ایک دوسرے کے ہاتھ پر ہاتھ مار کے دل کھول کر ہنسے۔ہم تینوں بھی پھیکی سی مسکراہٹ سے ان کا ساتھ دیتی رہیں۔تھوڑی دیر کے بعد ہم تینوں ماں بیٹیاں بچوں کو ساتھ لے کر بچوں والے کمرے میں آگئیں ۔چھوٹے بچے اپنی اپنی ماؤں کی گودیوں میں گھسے ہوئے لاڈ کررہے تھے اور بڑے وہیں ساتھ ہی پزل جوڑنے میں مصروف ہو گئے۔مجھے چارجر چاہیے تھاجب میں لڑکوں والے کمرے میں آئی تو دونوں مظلوم لڑکے خراٹوں کے ساتھ مشترکہ غم منارہے تھے۔

ہنڑ کر لو گل ۔۔

Check Also

Dubai Unlock Ko Lock He Samjhen

By Khalid Mehmood Rasool