Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Umm e Ali Muhammad
  4. Mera Alovera

Mera Alovera

میرا ایلوویرا

بیٹوں نے اپنی اپنی تعلیم مکمل کی اور پاکستان آگئے۔ اللہ کی رحمت سے دونوں کو ایک ہی شہر میں ملازمت ملی۔ بڑا سا گھر بھی مل گیا تھا لیکن پورا ایک سال گھر خالی رہا کہ جب تک والدین ساتھ نہیں ہوں گے ہم نے گھر میں نہیں سیٹ ہونا۔ آخر کار دوسال پہلے بیٹوں اور بڑی بیٹی (بہو) کی بے انتہا ضد پہ ہم نے سرگودھا چھوڑا اور پنڈی شفٹ ہو گئے۔ اس مرتبہ ستمبر میں سرگودھا گئی تو میرا ایلوویرا کا پودا بے یارو مدد گار اکیلے گھر میں ہمارا انتظار کررہا تھا، پتہ نہیں وہ کیسے اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہو گا کہ پانی بھی جب بارش ہوتی تو اسے ملتا۔

ادھر پنڈی والے گھر میں، میرے شوق کے پیش نظر بچوں نے پھولوں، سبزیوں کے ساتھ ساتھ ایلوویرا بھی لگوایا ہے۔ لیکن جو لوگ باغبانی سے دلچسپی رکھتے ہیں انہیں علم ہوگا کہ دوسال سے کم، عمر کا ایلوویرا استعمال کرنے سے اجتناب کرنا چاہئےبہرحال سرگودھا والا پودا پہلے ہی ایک بڑے سے گملے میں تھا اور اب بہت صحت مند نظر آرہا تھا اور اس کے مزید بچے بھی پیدا ہو چکے تھے تو میں نے سوچا کہ اسے بھی پنڈی ساتھ ہی لے جاوں۔ ایک تو یہ کہ مجھے ضرورت بھی تھی اور دوسرا یہ کہ اکیلے گھر میں آخر کب تک رہ سکتا؟ اور تیسرا یہ کہ میری چھوٹی بیٹی نے اپنی شادی سے کچھ عرصہ پہلے اپنے بابا کے گھر میں اس کو بڑی محبت سے لگایا تھا۔ ایک دن یہ ختم ہی نہ ہو جائے۔

اب مسئلہ اسے ساتھ لے کے جانے والا تھا کہ اگر گملے سے نکالوں تو مر ہی نہ جائے اور اگر گملے سمیت لے کے جاؤں تو گملا بہت بڑا اور وزنی، آ خر کار سرداراں اور بیٹے نے حفاظت سے اٹھا کے گاڑی کی ڈگی میں رکھا ارد گرد سہارا دیا کہ راستے میں ہچکولوں سے گرے نہیں اور یوں سرگودھا سے پنڈی روانہ ہوئے، گھر پہنچ کے اسے باقی پودوں کے ساتھ رکھا لیکن گملے سے نہیں نکالااگلے دن صبح اسکی خیریت پوچھنے گئی تو پودا تو اتنا اداس لگا کہ جیسے سخت دکھی بلکہ ناراض ہو، ہر دن کے ساتھ مرجھانا شروع ہو چکا تھا۔

میں پریشان کہ وہاں اکیلے گھر میں جہاں دھوپ، گرمی، سردی اور فاقے تھے وہاں یہ نہ صرف سرسبز تھا بلکہ اپنے خاندان کو بھی بڑھا لیا تھااور یہاں اتنے رنگ برنگے پودے ہیں، پھول ہیں، حفاظت ہے، وقت پہ پانی مل رہا ہے اور یہاں یہ دن بدن اپنی آب و تاب کھو رہا ہےایک دن میں بہت پریشان ہو کے اس کے پاس آکے بیٹھ گئی۔ اس کے پتوں پہ پیار سے ہاتھ پھیرا اسے آہستہ آہستہ بتانا شروع کیا کہ میں تو آپ سے بہت پیار کرتی ہوں۔ اس لئے تو آپ کو اپنے ساتھ یہاں لے آئی تا کہ آپ میری آنکھوں کے سامنے رہیں۔

آپ کو میرا خیال نہیں، میں اس حال میں دیکھ کے بہت پریشان ہوں آپ کیلئے۔ پلیز خوش رہا کرو۔ آپکا گھر اور آپکی فیملی تو آپ کے پاس ہے۔ صرف جگہ تبدیل ہوئی ہے نااب مجھے نہیں پتہ کہ اس پہ میری باتوں اور میری توجہ کا اثر پڑا یا ویسے ہی لیکن اگلے دن میرا ایلوویرا مسکراتا ہوا لگ رہا تھااور میں سوچ رہی تھی کہ اگر ایک پودے نے اپنی سارے خاندان سمیت اپنے گھر(گملے) کے ساتھ صرف جگہ کی تبدیلی کو اتنا محسوس کیا، جبکہ اسکے احساسات انسان جیسے نہیں تو جب ہماری بیٹیاں ہم سے دور نئے گھروں کو آباد کرنے جاتیں ہیں تو وہ کتنی مشکلوں سے اس نئے ماحول، نئے لوگوں اور نئے مزاجوں میں اپنی زندگی کی جنگ لڑتی ہیں۔

اس وقت اگر تھوڑی سی محبت، تھوڑا سا پیار اور احساس کا رویہ ہو تو ہم سب کی بیٹیوں کیلئے کتنی آسانیاں ہو جائیں گی۔

Check Also

Aalmi Siasat 2024, Tanz o Mazah Ko Roshni Mein

By Muhammad Salahuddin