16 March
16 مارچ
16 مارچکو میری سالگرہ کا دن ہے۔ اس کے بعد میں باقاعدہ بزرگوں والی لسٹ میں شامل ہو جاؤں گی کیوں کہ میں 60 سال کی ہو جاؤں گی۔ ان پچھلے سالوں نے مجھ سے کیا لیا؟ مجھے کیا دیا؟ میری جوانی لی، میری صحت لی، میرا css کرنے کا خواب جو پورا نہ ہو سکا، میری بہت ساری خواہشات جو پوری نہیں ہو سکیں۔ میرا گھر جس کی ایک ایک اینٹ میں نے بڑی محبت سے اور سوچ سمجھ کے لگوائی تھی، وہ گھر مجھے چھوڑنا پڑامیرا شہر جب میں چھوڑ کر جارہی تھی تو میں اکثر یہ کہتی تھی۔
الوداع اے شہر نگاراں الوداع
الوداع اے صحبت یاراں الوداع
چپکے چپکے دوستوں کو ڈھونڈنے آوں گی میں
گل تو گل ہیں، پتھروں کو چومنے آؤں گی میں
میری سہیلیاں میری بچپن کی ساتھی اور میری وہ تمام کزنز جو مجھ سے چھوٹ گئیں، ان سالوں نے مجھے کئی بیماریاں دیں۔ سرتاج کی ریٹائرمنٹ ہوئی تو وہ بھی ایک احساس محرومی کی زندگی میں شامل ہوااور کرسی کی اہمیت سمجھ میں آئی۔ مجھے وقت ہی نہیں ملا کہ میں اپنے کھیلنے (ٹیبل ٹینس) کا شوق پورا کر سکوں اور گھٹنوں کے درد نے مجھے بیڈ پر بٹھا دیا۔ اب دو، دو گاڑیاں ہیں روپے، پیسے کی بہتات ہے لیکن میں زیادہ ٹائم سفر نہیں کر سکتی نا ہی شاپنگ مالز میں چل سکتی ہوں اور میری زیادہ شاپنگ بچے کر کے لے آتے ہیں۔
لیکن میں اپنے مہربان ربّ کی بہت بہت زیادہ شکر گزار ہوں جس نے مجھے اس عمر تک پہنچایا۔ مجھے موقعہ دیا کہ میں اپنی زندگی کی کوتاہیوں پر معافی مانگ سکوں، مجھے وقت دیا کہ اگرحقوق العباد میں کسی کے ساتھ کوئی کمی رہ گئی تو اسے اب پورا کرنے کی کوشش کر سکوں۔ توفیق دی کہ میں نے اور سرتاج نے باہمی افہام و تفہیم سے سارے بچوں کی شادیاں کیں۔ میری سوچ کو مثبت رخ دیا اور میں بچوں کےلئے کبھی کچھ بناتی ہوں، کبھی کچھ پکاتی ہوں، کبھی سوئٹر بناتی ہوں، کبھی کروشیا کی لیس بنا کر دیتی ہوں اور جب ان کی آنکھیں خوشی سے چمکتی ہیں، وہ پہن کر اوڑھ کر پیارے لگتے ہیں تو میری محنت وصول ہو جاتی ہے۔
اللہ نے بار بار اپنے گھر بلایا، محمد عربیﷺکے دربار پر باربار حاضری کی سعادت نصیب ہوئی۔ میں نے اپنی سہیلیوں کے سرکل کو چھوڑا لیکن الحمداللہ میرے بچے اور بچوں کے بچے مجھے اپنی محبتوں سے سرشار رکھتے ہیں۔ جب میں خود اپنی شاپنگ نہیں کر سکتی تو بچے میرے لئیے میری سوچ سے زیادہ اچھی شاپنگ کر کے لے آتے ہیں۔ میں نے اپنے گھر کو چھوڑا لیکن بچوں کے اس خوب بڑے سارے گھر میں موسمی سبزیوں کے شوق، پھلوں اور پھولوں کے شوق پورے کرتی ہوں اور جو سب سے بڑی بات کہ میرا لکھنے کا شوق میں پورا کررہی ہوں۔
کتنی بہت ساری کتابیں جو میں پڑھنا چاہتی تھی لیکن وقت نہیں ملا۔ تو اب ان شاءاللہ وہ پڑھوں گی۔ ان گزرے سالوں نے میری شکل اور جسمانی ہئیت کو بدل دیا لیکن میرے تجربات نے میری سوچوں کو زندگی کے بارے روشن پہلو دئیے۔
الحمداللہ علی کل حال