Captain (R) Sajjad Hassan Khan
کیپٹن (ر) سجاد حسن خان

جنوبی پنجاب کے اس خطّے میں، جہاں امن و امان کے تقاضے روز بروز پیچیدہ ہوتے جارہے ہیں، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان ایک ایسے جرأت مند منتظم کے طور پر ابھرے ہیں جو نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ تجربے کو بروئے کار لاتے ہیں بلکہ جدید حکمتِ عملی اور جدید ٹیکنالوجی کو پولیس کے نظام میں خوش اسلوبی سے ضم کر رہے ہیں۔ ان کا وژن محض فائلوں تک محدود نہیں، بلکہ زمینی حقائق کی روشنی میں ترتیب پانے والے ایسے اقدامات پر مشتمل ہے جو طویل المدت اصلاحات کی بنیاد رکھتے ہیں۔
کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی قیادت کا نمایاں پہلو یہ ہے کہ وہ حکم صادر کرنے میں کسی خوف یا مصلحت کے قائل نہیں۔ اُن کی انتظامی سختی دراصل اُن کی پیشہ ورانہ دیانت داری سے جڑی ہوئی ہے، جو انہیں دوسری شخصیات سے منفرد بناتی ہے۔ وہ اصول، ضابطے اور قانون کی عمل داری کو اولین درجے میں رکھتے ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی لچک یا کمزوری ان کے مزاج کا حصہ نہیں۔ یہی استقامت ان کے ماتحت افسران میں ایک نیا احساسِ ذمہ داری پیدا کرتی ہے۔
موجودہ دور میں پولیس کے سامنے سب سے بڑا چیلنج عوامی اعتماد کی بحالی ہے اور کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اس ضمن میں قابلِ قدر اقدامات کر رہے ہیں۔ جدید طرزِ تفتیش، ڈیجیٹل نگرانی اور تیز تر رسپانس سسٹم جیسے اقدامات سے نہ صرف جرائم کی بیخ کنی آسان ہوئی ہے بلکہ عوام کو بروقت انصاف فراہم کرنے کی راہیں بھی ہموار ہوئی ہیں۔ وہ پولیس کو محض ایک نفاذِ قانون ادارہ نہیں بلکہ ایک عوامی سروس کے طور پر دیکھتے ہیں۔
کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی خدمات کو محض انتظامی کامیابیوں تک محدود نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ اُن کی شخصیت میں قیادت کا وہ جوہر بھی شامل ہے جو ایک ٹیم کو مقصد کے لیے متحد کر دیتا ہے۔ وہ اپنے عملے میں نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی ہمدردی کا امتزاج پیدا کرنے کے خواہاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اُن کی موجودگی ڈی جی خان ریجن کے لیے صرف ایک افسر کی تعیناتی نہیں بلکہ ایک مضبوط اور فعال پولیس ڈھانچے کی ضمانت بن چکی ہے۔

