Investment
انویسٹمنٹ
جب سے ممبر شپ شروع کی ہے تین چار کہانیاں مسلسل سن رہا ہوں۔ اور یہ بہت عام ہیں۔
پہلی کہانی یہ ہے کہ میں اتنے عرصے سے بیرون ملک کام کر کے واپس آیا۔ دوست احباب کے ساتھ مختلف کاروباروں میں پیسہ لگایا، اور ضائع کیا اور اب واپس جا رہا ہوں یا واپس آ چکا ہوں بیرون ملک اور دوبارہ جاب کر رہا ہوں۔
دوسری کہانی یہ ہے کہ میں نے یہاں سے اپنے فلاں عزیز رشتے دار یا دوست کو کاروبار کروایا، اور وہ کامیاب نہیں ہوا، اور سارا پیسہ ڈوب گیا۔
تیسری کہانی یہ کہ کسی کے کہنے پر یا اشتہار وغیرہ دیکھ کر اچھے منافع کی امید میں پیسے انویسٹ کیے، اچھی اسکیم تھی، مگر بعد میں پتہ چلا فراڈ تھا سب، اور کچھ پتہ نہیں آج وہ لوگ کدھر ہیں؟
میں ان سب دوستوں سے ایک جیسے سوالات کرتا ہوں۔ کیا آپ نے کوئی کاروبار کرنے سے پہلے سے اس کے بارے میں معلومات اکٹھا کیں؟ کیا آپ نے اپنے جس رشتے دار کو اپنی جمع پونجی دیدی، اس کو کاروبار، یا ملازمت کا اچھا خاصا تجربہ تھا؟ کیا آپ نے منافع کی اونچی شرح اور غیر حقیقی وعدے دیکھ کر تو پیسے نہیں لگائے تھے؟
یقین کریں ان میں سے سوفیصد جواب ہاں میں ہوتے ہیں، اور یہی بنیادی غلطیاں ہیں جس کی وجہ سے ہر دوسرا بندہ کاروبار اور شراکتی کاروبار سے بھاگتا ہے۔ حالانکہ غلطیاں یہ ہیں کہ ہم نااہل، نالائق یا ناتجربہ کار پر اس لیے بھروسہ کر رہے ہوتے ہیں کہ وہ "ہمارا اپنا" ہے، دیکھا بھالا ہے۔ یا گھر میں فارغ ہے چلو اسکو کاروبار کروا دو۔ حالانکہ وہ اس لائق ہوتا تو خود اپنا کاروبار کھڑا کر چکا ہوتا۔
دوسری وجہ کئی بار بیان کر چکا ہوں، زیادہ سے زیادہ منافع کی شرح۔ ہمارے یہاں ملازمت کرنے والے افراد کے ذہن میں کاروبار کا خاکہ کچھ ایسا ہے کہ جس میں آپ کا پیسہ ایک ہی سال میں ڈبل ہو جانا ہے۔ حالانکہ موٹا اصول جگہ جگہ بیان کرتا ہوں کہ دنیا کے بہترین کاروبار بھی چار سے پانچ سال میں اپنا پیسہ ڈبل کر سکتے ہیں۔ اس سے پہلے نہیں۔ کچھ لوگ جینوئن وجہ سے کاروبار میں نقصان کر چکے ہوتے ہیں اور دوبارہ کاروبار میں پیسہ لگانے کی ہمت نہیں کرتے۔ حالانکہ دنیا کے ٹاپ کے ایک ہزار کاروباری اکٹھے کر لیں، اور ان کی اسٹوری سنیں تو آپ کو پتہ چلےگا کہ ہر بندہ کم از کم آٹھ، دس ناکام کاروبار کر کے پیسے کا نقصان کر چکا ہے۔
اس میں ایک مسئلہ البتہ یہ ہے، جس پر میں ملازمت سے پیسہ کمانے والوں کے ساتھ ہوں۔ ملازمت سے کمائے پیسے کے ڈوبنے پر دوبارہ کمانا بہت مشکل لگتا ہے۔ مگر کاروبار میں ڈوبا پیسہ تبھی واپس آ سکتا ہے اگر آپ اپنا پورٹفولیو (مختلف کاروبار) تھوڑا تھوڑا کر کے بڑھاتے جائیں۔ چاہے آپ کے پاس بہت کم پیسے ہوں۔ کیونکہ کاروبار میں ڈوبا پیسہ صرف کاروبار ہی واپس لا سکتا ہے۔ دنیا کی کوئی ملازمت ایسا نہیں کر سکتی۔