The Secret Life Of Walter Mitty
دا سیکرٹ لائف آف والٹر میٹی

ایک ایسی فلم جو آپ کی سوچ اور زندگی بدل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر آپ زندگی میں سب کچھ ہوتے ہوئے بھی Struck محسوس کرتے ہیں۔ تو یہ فلم ضرور دیکھنا۔ مزہ آئے گا۔ آج نہ سہی کل پرسوں ترسوں آپ ایسا ضرور سوچیں اور عملی اقدام اٹھائیں گے کہ زندگی گزارنے کا نہیں جینے کا نام ہے۔ اس فلم کو میں نے پانچ سال قبل کرونا وائرس کے دنوں میں دیکھا اور بہت متاثر ہوا۔ زندگی کے کئی بڑی فیصلے کرنے میں مجھے اس فلم کی کہانی نے سپورٹ اور گائیڈ کیا۔
مجھے کوئی بھی گیم کھیلنے یا دیکھنے کا کبھی بھی شوق نہیں رہا۔ میری فرصت کا وقت سکول کالج یونیورسٹی کے دور میں فلمیں اور سیزن دیکھتے گزرا۔ یونیورسٹی لائف میں کتب کا مطالعہ بھی زندگی کا حصہ بنا۔ ون گو میں سینکڑوں کتب پڑھیں۔ پھر نوٹس بنانے شروع کیے اور پھر کتب کے ساتھ فلموں سے ملنے والے اسباق بھی لکھ کر ان کو اپنی روز مرہ لائف میں اپلائی کرنا شروع کیا۔ میں جتنا بھی مصروف ہوں ہفتے میں کم از کم ایک فلم اور مہنیے میں ایک نئی کتاب ضرور پڑھتا ہوں۔
یہ ایک ایسی فلم ہے جو آپ میں سے کئیوں نے دیکھی ہوگی۔ یوٹیوب پر موجود ہے مگر کوالٹی اچھی نہیں۔ کسی ٹورنٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے دیکھیں۔ فلم کا نام ہے۔
The Secret Life of Walter Mitty
یہ فلم کم ایک سفر کی روداد زیادہ ہے اور آپ اس سفر میں فلم کے مرکزی کردار کے ہمسفر بننے کی چاہ کرنے لگ جاتے ہیں۔ یہ سفر ہے اپنی لگی بندھی اور بورنگ روٹین سے باہر نکلنے کی۔ خوبصورت ساحلوں، جنگل ویرانوں، وادیوں ندیوں اور صحراؤں میں جانے کی۔ ان سے امپریس ہونے کی ان کو امپریس کرنے کی۔ یہ سفر ہے وہ سب کچھ کرنے کا جو آپ کا دل چاہتا ہے کہ اس زندگی میں ہونا چاہئیے۔ ہم تو ایک ہی جنم پر ایمان رکھتے ہیں اور زندگی کی مہلت بھی بڑی محدود سی ہے۔ اس مہلت میں جوانی اور صحت اور وسائل اور وقت پھر بہت Limitations لے کر آتا ہے۔ تعلیم ہے کیرئیر ہے شادی ہے بچے ہیں اہل خانہ ہیں گھر بنانا ہے کچن چلانا ہے بہن بھائیوں کی شادیاں اور پھر بچوں کی شادیاں۔
اسی سرکل میں ہزاروں لاکھوں سال سے انسان گھوم رہا ہے۔ یہ سب کرنے کے کام ہیں مگر انکے ساتھ ہی ہم وہ سب کچھ کر سکتے ہیں جو ہمارا من چاہے۔ بہت سارے فیکٹرز ہیں جو ہمیں ہمارے خوابوں کی زندگی سے قریب اور دور کرتے ہیں۔ سیلف لرننگ کے سوا فلمیں کہانیاں کتب اور دوسروں کی زندگیاں ہماری راہنمائی کرتی ہیں کہ ہم کیسے ساری عمر کولہو کا بیل نہ بنے رہیں۔
زندگی ہر دن ہر لمحے میں جینے کا نام ہے اور میں نے چند سال سے وہی کیا ہے جو میں کرنا چاہتا تھا۔ نفعے نقصان کی بہت کیلکولیشن میں اب نہیں کرتا۔ گیلی جگہ بھی پاؤں رکھے ہیں۔ رسک لیے۔ کہ سکون خوشحالی اور مسرت کوئی قسمت پڑی نہیں ہے۔ یہ ایک ہمیشہ چلتی رہنے والی کوشش ہے۔ منزل دور بھی ہو سفر تو خوشی دیتا ہی ہے اور اپنے تجربات، احساسات کو محسوسات کے ساتھ ملا کر خوشیوں اور راحتوں کو Taste کرنے کا نام زندگی ہے۔
مالی فکریں ہی ہمیں ایسا الجھائے رکھتی ہیں کہ ہم اس مختصر سی زندگی میں اپنا فوکس خوشیوں، راحتوں اور سکون کی طرف لا ہی نہیں پاتے۔ عمر بھی کوئی معنی نہیں رکھتی، آپ جس بھی عمر میں ہیں فلم کے مرکزی کردار والٹر مٹی جیسا سفر ضرور پلان کریں اور موت کے کنویں میں چلنے والی موٹر بائیک نہ بنے رہیں جو کبھی باہر سڑک پر چل ہی نہیں سکتی۔

