Tuesday, 05 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Khateeb Ahmad
  4. Mayar Qabliyat Ko Banayen

Mayar Qabliyat Ko Banayen

معیار قابلیت کو بنائیں

سوشل میڈیا پر کسی کی طرف سے شئیر کردہ کسی ملازمت یا اپرچیونٹی کے حصول میں قابلیت کی بنا سلیکٹ ہونے کی بجائے اکثریت میں مجبوریوں کا رونا شروع کر دیا جاتا ہے یا ذاتی تعلق کو اگر وہ رسمی سا ہے تو اس کا حوالہ دے کر مروت میں چانس دینے کی بات کی جاتی ہے۔ اس بات کو کیوں نظر انداز کر دیا جاتا ہے کہ اگر میں آپ کے طے کردہ پیرا میٹرز پر پورا اترتا یا اترتی ہوں تو ٹھیک ہے۔ ورنہ جو اس موقعے کے لیے موزوں فرد ہے اسے ہی یہ چانس ملے۔ ہم اکثریت میں ایشین لوگ کیوں ہر جگہ خود کو قابل رحم و ترس بنا کر پیش کرتے ہیں؟ کہ ہمیں اس جاب کی بہت ضرورت ہے۔ کیوں نہیں ہم قابلیت میں مہارت حاصل کرتے کہ آپ انٹرویو کو اپنے نالج، تجربے اور مہارت سے کریک کر سکیں۔

یقین مانیں کوئی بھی فرم یا فرد کسی نااہل یا غیر متعلقہ شخص کو اپنے کاروبار میں تجربے کرنے کا "Paid" موقع نہیں دیتی۔ ہاں آپ کا رول جسٹ لیبر ہے تو وہ الگ بات ہے۔ وہاں ترلہ منت کرکے آپ کو کام مل سکتا ہے۔ یہ پوسٹ لکھتے ہوئے ڈر بھی لگ رہا ہے کہ کوئی بڑا بول یا ایسی بات نہ لکھی جائے جو اللہ رب العزت کی ناراضگی کا باعث بنے۔ کہ میں خود بھی کوئی آئین اسٹائن نہیں ہوں۔

اور اگر آپ پروفیشنل ہیں، کوئی سروس پروائیڈر ہیں تو اپنی سلیکشن کا معیار ہمیشہ اپنی قابلیت کو بنائیں نہ کہ ذاتی تعلقات کو یا اپنی مجبوریاں بتانے کو۔ خود کو اس قابل بنائیں کہ آپ کی سی وی آپکی سلیکشن پر ایمپلائر کو مجبور کر دے اور آپ اپنی ٹرمز اینڈ کنڈیشنز پر وہ آفر قبول کریں۔ آپ مطلوبہ قابلیت کے بغیر اگلے بندے کو بھی امتحان میں ڈال دیتے ہیں کہ وہ آپ کو انکار کرتے ہوئے پریشان ہوجاتا ہے کہ ایک ضرورت مند کی مدد کرنی چاہئیے تھی مگر وہ آپ کو سلیکٹ کرے تو اسکا اپنا کام نہیں چلتا یہ بھی اسے صاف نظر آ رہا ہوتا ہے۔

لوگ سوشل میڈیا پر ایسا کوئی موقع اس وجہ سے شئیر کرتے ہیں کہ ہمارے سوشل سرکل میں سے اگر کوئی مطلوبہ قابلیت کا فرد مل جائے تو ایک اچھا کنیکشن بن جاتا ہے۔ ورنہ باقاعدہ پلیٹ فارم کا کسے نہیں معلوم کہ وہاں پر اشتہار دینے سے قابل بندے ہی تھرو پراپر چینل رابطہ کریں گے اور سلیکشن کے پراسس اور تمام پروٹوکولز کو فالو کریں گے اور اگر انکی سلیکشن نہیں ہوتی تو وہ ناراض بھی نہیں ہونگے۔ نہ ہی پیچھے پڑ جائیں گے اور نہ ہی بعد میں کسی جگہ آپ کو ٹارگٹ کرکے اپنا ساڑ نکالیں گے۔

Check Also

Qissa Panjotha Sahab Ke Aghwa Ka

By Nusrat Javed