Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Khateeb Ahmad
  4. Made In Library

Made In Library

میڈ اِن لائبریری

لاہور شہر گورنمنٹ ماڈل ٹاؤن لائبریری اور باغ جناح پارک کے اندر بنی لائبریری میں میرا ایک قیمتی ترین سال گزرا ہے۔ یہ تب کی بات ہے جب میں سی ایس ایس کی تیاری کر رہا تھا۔ امتحان بھی دیا تھا مگر فیل ہوگیا تھا۔ یہ بات سچ ہے میں سی ایس ایس کرنا نہیں چاہتا تھا بس اس پراسس سے گزرنا چاہتا تھا اور وہ پراسس واقعی بہت فائدے کا ثابت ہوا۔ مجھے یہ سمجھ آئی کہ محنت کرنا کیا ہوتا ہے؟ مقصد کیا ہوتا ہے؟ سفر اور منزل کیا ہوتی ہے؟ منزل کی جستجو کیا ہوتی ہے؟ کہاں کتنی دیر رکنا ہے اور آگے بڑھ جانا ہے وہ کیا ہوتا ہے۔

میرے ساتھ وہاں ان دونوں لائبریریوں میں اکثریت سی ایس ایس اور پی ایم ایس کی تیاری کرنے والی کی ہوتی تھی۔ اپنے خوابوں کا تعاقب کرنے والے، اپنے حالات اور تقدیر بدلنے کے پیچھے لگے ہوئے کچھ دیوانے۔ پڑھائی اور ایون رٹے مارنے میں مصروف وہاں بیٹھی کچھ آپیاں۔ نئی دوستیاں ہوئیں، کتابوں سے محبت بڑھی اور وہ کچھ لائف میں شامل ہوا جسے بس محسوس کیا جا سکتا ہے بتایا یا لکھا نہیں جا سکتا۔

لائف چلتی رہی، آج بھی میرے پاس ان دونوں لائبریریوں کے ممبر شپ کارڈ پڑے ہیں۔ وہ ایکسپائر ہو چکے ہیں۔ مجھے پھر بھی بہت عزیز ہیں۔ مجھے ایک نئے اور خوبصورت بامقصد سفر کا مسافر بنانے والی یہ دونوں عمارتیں ہیں۔

ساری دنیا جانتی ہے Silicon Valley کیلی فورنیا امریکہ ایک ایسی کرشماتی جگہ ہے۔ جہاں دنیا کے اندر چھا جانے والے اسٹارٹ آپ جنم لیتے ہیں۔ وہ گوگل ہو میٹا فیس بک یا ایپل سب کا جنم یہیں ہوا تھا اور دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی، تیز ترین انٹرنیٹ، مایکرو الیکٹرونکس، جدید ترین کمپیوٹرز اور ذہین ترین دماغ وہاں بیٹھے ایسی جاندار اور جادوئی انرجی کی Waves پیدا کرتے ہیں کہ ہر وقت وہاں کچھ نیا پیدا اور ایجاد ہوا رہا ہوتا ہے۔ آپ کے خواب بڑے ہیں تو سیلیکون ویلی آپ کی منتظر ہے۔

آپ کے پاس بہت بڑے خواب ہیں۔ آپ نے اندر ایک انگاری سلگ رہی ہے جسے شعلہ بننا ہے۔ وہ خواب تعبیر اور وہ انگاری شعلہ تبھی بنے گی جب اسے ساز گار ماحول اور مطابقت رکھنے والی کمیونٹی میسر آئے گی۔ اپنی جگہ بدلیے اپنا سرکل آپ ڈیٹ کیجیے آپ وہ سب کچھ پا سکتے ہیں جس کی آپ ابھی تک صرف تمنا ہی کر رہے ہیں۔

Check Also

Mufti Muneeb Ur Rehman

By Abid Mehmood Azaam