Sunday, 16 March 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Khateeb Ahmad
  4. Koi Aisa Kaam Karen Jo Apko Pasand Hai

Koi Aisa Kaam Karen Jo Apko Pasand Hai

کوئی ایسا کام کریں جو آپ کو پسند ہے

ہم پاکستانی بھی نہ جس چیز کے پیچھے پڑ جائیں یا وہ کام نہیں یا پھر ہم نہیں۔ ہمارے ہاں دو ٹرینڈ بڑے عام ہیں کہ کسی خاص پڑھائی کی طرف ایک ہی بار سب کا دھیان ہو جاتا اور ایک ہی کاروبار بھی دیکھا دیکھی سب شروع کر لیتے ہیں۔ ایک دور تھا کامرس کا رواج آیا۔ جسے دیکھو سی کام بی کام ڈی کام ایم کام پھر انجینئرنگ آئی اور ڈپلومے کرانے کے ادارے ہر گلی کوچے میں کھل گئے بھائی سب بننا ہی انجینئر چاہتے تھے۔ دیکھا دیکھی دونوں فیلڈز میں آنے والے دونوں ڈگریوں کے حاملین کے ساتھ جو ہوا یا ہو رہا ہے سب نے دیکھا۔

ایم بی بی ایس کا بھی ایسا رواج آیا کہ اس فیلڈ میں بھی پیسہ لگا کر کالج بنے اور لاکھوں ڈاکٹر جاب لیس ہیں سی اے، اے سی سی اے وغیرہ کی کہانی جلد ہی پرانی ہوگئی۔ لوگوں نے لاکھوں اور کئی کئی سال برباد کئے۔ کاروبار کی بات کریں تو ہر گلی محلے میں پی سی او تو یاد ہونگے؟ پھر موبائل شاپ کا آئیڈیا آیا اور ہر جگہ موبائل شاپ آ گئی۔ ویڈیو سنٹر جہاں سے وی سی اور پھر سی ڈی، ڈی وی ڈی آر اور فلمیں کرائے پر رات کے لیے ملتی تھیں؟ سی این جی پمپ جیسے کھلے ویسے ہی بند ہوئے اور اس طرح کی بہت سی مثالیں ہیں کہ جو ایک کر رہا وہ سبھی کرنے لگ جاؤ اور بیڑہ غرق کر دو اس کام کا۔

کچھ کام تو خیر اپنی موت آپ مر جاتے اور کچھ کو یہ بھیڑ چال مار جاتی۔ یار کام وہ کرو جس کی آپ کے اندر کوئی صلاحیت ہے۔ آپ کے پاس جس کا کوئی تجربہ ہے۔ کسی نے دوکان میں ایک ٹینکی گاڑ کر اوپر پٹرول والی مشین لگا لی تو اس کے اس پاس کئی مشینیں لگ جاتی ہیں۔ ایک گلی میں کئی کریانے و سبزی کی دوکانیں اور ایک محلے میں کئی پرائیوٹ سکول وغیرہ ہم اپنے آس پاس دیکھتے ہیں۔ کرنے کو اپنے پاس کچھ اچھا ہے نہیں اور کوسنا ہے گورنمنٹ کو، قسمت کو اور شریکا برادری کو کہ انہوں نے ہمارے ساتھ بڑی نا انصافی کی۔ فلاں ہمارا یہ کھا گیا فلاں نے وہاں دھوکہ دیا۔ ایسا نہ ہوتا تو ویسا ہوتا وغیرہ کی گردان دہراتے حالات نہیں بدلنے والے۔

کچھ ایسا کام تلاش کریں میری جان جو آپ کرتے ہوئے تھکتے نہ ہوں۔ بور نہ ہوتے ہوں۔ اس کام سے چھٹی کرنے کو دل نہ کرے۔ کبھی دل نہ بھرے اور جوش کم نہ ہو۔ نہ صرف اپنے حالات دنوں میں بدلیں گے بلکہ اپنے آس پاس اپنے سرکل کو بھی آپ بہتر بنانے میں کامیاب ہونگے۔ جس کام پر ابھی ہیں وہ نہیں پسند کا تو کام بدل لیں۔ شہر، کمپنی، ادارہ یا ملک بدل لیں مگر رونے روتے رہنے سے ہونے والا کچھ بھی نہیں ہے۔ کچھ ایسا ہی کرنا ہوگا جو ہمیشہ سے کرنا چاہتے ہو۔

Check Also

Khulasa e Quran, Satwi Nimaz e Taraweeh

By Rizwan Ahmad Qazi