Tuesday, 18 March 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Khateeb Ahmad
  4. Bulandi Se Neeche Girna

Bulandi Se Neeche Girna

بلندی سے نیچے گرنا

یہ بلندی وہ نہیں جو شاید آپ سمجھ رہے تھے۔ یہ وہ بلندی ہے جو ابھی آپ سمجھے ہیں۔ لوگ اس موضوع پر تو بہت زیادہ بات کرتے ہیں کہ دولت نئی آئی ہے، کل کیا تھا یہ آج چار پیسے آئے ایسا ہوگیا ویسا ہوگیا، کوئی فراڈ کیا ہوگا، ایسی آسائشیں حلال کی کمائی سے کسے ملتی ہیں وغیرہ وغیرہ۔۔

مگر اس کی دوسری تصویر یعنی جو کسی بھی بلندی سے نیچے آ گرا ہو؟ وہ کاروباری نقصان ہو، جاب کا چلے جانا ہو، کسی بہت ہی عزیز تعلق کا ختم ہوجانا ہو، کوئی دھوکہ فراڈ ہوجانا ہو، کسی پیارے کا اس دنیا سے چلے جانا ہو اور اسکے بعد کی زندگی کیسی ہوتی ہے؟

چند دن قبل ہمارے پاس ایک ریفرنس سے ایک بھائی جان جاب کے لیے آئے۔ وہ اس سے پہلے یہاں مسقط میں ہی اپنا ایک اچھا کاروبار کرتے تھے۔ ایک پارٹنر ملایا پاکستان چھٹی گیے تو اس نے ورکرز اور پرانے بندوں کے ساتھ ساز باز کرکے تین ماہ میں ہی اصلی مالک کو کاروبار سے بے دخل کر دیا۔ عدالت میں کیس چل رہا ہے امید ہے اچھا ہی فیصلہ آئے گا۔ یہاں عدالتیں جلد فیصلہ کرتی ہیں اور پاکستان جیسی اندھیر نگری نہیں ہے۔ بہرحال جس بزنس کو گیارہ سال دیے ہوں خالی پلاٹ کو عمارت اور پھر اشیا سے بھرا ہو۔ اس سے ہی کوئی نکال باہر کرے؟ یہ ایسا ہی ہے جیسے مجھے یا آپ کو کوئی فرد ہمارے گھر سے باہر نکال کر کہے یہ گھر میرا ہے اور ہم اتنے بے بس ہوں کہ اپنا ہی گھر اس سے واپس نہیں لے سکتے ہوں۔ ایک لمحے کو سوچئیے کیسا محسوس ہوگا؟

خیر ہم نے انہیں ایک ملازمت آفر کی عربی زبان ان کو آتی تھی تو سیلز مین وہ بن سکتے تھے۔ جو مارکیٹ ایبل سیلری تھی وہی آفر کرنی تھی۔ اپنی طرف سے اس سے کچھ زیادہ رقم آفر کی۔ تو انکی آنکھیں آنسوؤں سے بھر گئیں کہ اتنے پیسے تو چھ ماہ قبل تک صرف میری ذاتی پاکٹ منی ہوا کرتی تھی۔ اس میں سے پاکستان کیا بھیجوں گا اور یہاں کیا خرچ کروں گا۔ وہ چلے گئے اور دل سے انکے لیے دعا کی کہ اللہ رب العزت انکی اس آزمائش کو جلد ختم کرے۔

ایسے کسی بندے سے کبھی آپ کا واسطہ پڑے سامنا ہو، اس کے لیے وہ کیجئے گا کہ اگر آپ پر کبھی ویسا وقت آجائے تو اپنے ساتھ کیسا سلوک چاہیں گے۔ اس کو بہت خاص سمجھیے گا۔ بہت عزت دیجیے گا کہ دن پھرنے میں، ککھ سے لکھ اور لکھ سے ککھ ہونے میں یقین مانیے کوئی وقت نہیں لگتا۔ یہ دن بدلتے ہیں یہ دولت اور آسانیاں آنی جانی ہیں۔ عقل تجربہ شعور سب دھرے کا دھرا رہ جاتا ہے۔ ہمیشہ کے لیے رہ جانے والا احساس کا جذبہ ہے شکرگزاری ہے اور اللہ کے بندوں کے ساتھ کیا جانے والا احسان اور نیکی کا معاملہ ہے۔

Check Also

Imtihanat Aur Booti Mafia

By Najeeb ur Rehman