Thursday, 12 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Khateeb Ahmad
  4. Background Dancer

Background Dancer

بیک گراؤنڈ ڈانسر

کسی فلم میں کوئی آئٹم سانگ ہو یا اسٹیج پر کسی معروف اداکار کی پرفارمنس۔ آپ نے اس اداکار یا گلوکار کے پیچھے اسکے ڈانس کو فالو کرتے ہوئے ایک پوری ٹیم دیکھی ہوگی۔ اس میں لڑکے بھی ہوتے ہیں اور لڑکیاں بھی۔ کیا ان میں سے کسی کا نام آپ کو پتا ہوتا ہے؟ ان چہروں میں سے کوئی چہرہ آپ کو یاد رہتا ہے؟ یا آپ کا فوکس وہ گروپ ہوتا ہے؟

ہر گز نہیں۔ دیکھنے والی آڈئینس کا پرائم فوکس ایک ہی اداکار یا فنکار ہوتا ہے جو کو وہ سب فالو کر رہے ہوتے ہیں۔ وہ اداکار ان لمحے بھر کو اس گروپ میں گم ہو جائے تو ہماری نگاہیں اس کو تلاش کرنے میں لگ جاتی ہیں۔ وہ جیسے ہی سامنے آتا ہے ہمیں سکون مل جاتا ہے۔

ایک ہی اسٹیج پر ایک ہی مہارت کے ساتھ پرمارنس دینے والے اس سارے گروپ کا کل معاوضہ اصلی گلوکار یا ادکار کو ملنے والے معاوضے کا شاید پانچ فیصد بھی نہ ہو اور کسی کو بھی اس سے غرض سے نہیں ہوتی پیچھے کون ناچ رہا ہے۔ چاہے اسکی شکل پرفارمنس اداکار سے بہت اوپر کی ہی کیوں نہ ہو۔ ان میں سے کوئی ایک دو نا بھی آئے تو لائن لگی ہوتی ہے جن کو بس دیہاڑی لگانے کا چانس چاہئیے ہوتا ہے۔

ماہانہ سیلری سسٹم، بیک گراؤنڈ ڈانسر کی کانسیپٹ سے بہت قریبی رشتہ رکھنے والا سسٹم ہے۔ آپ جاب پر جا کر پرفارم کریں گے تو ہی معاوضہ ملے گا اور ظاہر ہے اس کام کاروبار بزنس کے مالک جتنا تو آپ کبھی بھی نہیں کما سکتے آپ بھی ایک طرح سے بیک گراؤنڈ ڈانسر ہیں اور سڑک پر کھڑے ہو کر پیچھے سے آنے والی بس میں فرنٹ سیٹ کا تقاضا کرنے کی بجائے بس پر سوار ہوجانا چاہئیے۔ کچھ سفر طے کرنے کے بعد شاید چانس مل جائے کہ آپ فرنٹ سیٹ پر بیٹھ سکیں۔ مطلب سفر شروع ہو جانا چاہئیے۔ دوران ملازمت آپکے سرکل کے بغیر پروفیشنل سرکل میں آپ کو اگر کوئی جانتا بھی ہے تو اسی کمپنی ادارے یا بزنس اونرز کے تعارف سے۔ کہ ہاں آپ "وہاں" یا انکے پاس جاب کرتے ہیں۔ آپ کو نکال دیا جائے تو کیا فرق پڑے گا؟ کوئی دوسرا آپ سے آدھی اجرت پر اس سے اگلے دن وہی کام شاید آپ سے اچھا کرنے والا ان کو مل جائے۔

ڈانس یا ایسی ہی دیگر پرفارمنس کی دنیا میں بہت ہی کم لوگ پیچھے سے آگے آکر مرکزی کردار بن پاتے ہیں۔ بظاہر ایک ساتھ چلنے والے لوگ بھی ایک ساتھ نہیں ہوتے۔ دہائیاں لگ جاتی ہیں سپورٹ ٹیم سے سٹار بننے میں اور اگر کوئی ایک بار ایسا کرنا ٹھان لے تو وقت کتنا لگتا ہے، مشکل کتنی آتی ہے لوگ اپنی منزل پا لیتے ہیں۔ تمنا بھاٹیا کا ایک پوڈ کاسٹ سنا۔ سب سے پہلی پرفارمنس جس میں وہ ایک ڈانس کے گروپ میں پیسے لیکر پرفارم کرنے گئی دو ہزار روپے ملے اور ستری 2 میں آج کی رات پر جلوہ گر ہونے کے ایک کروڑ روپے۔

ایک اور طبقہ بھی بیک گراؤنڈ ڈانسرز کا رشتہ دار مانا جاتا ہے۔ جو خود تو کچھ بھی نہیں ہوتے بتاتے یہ ہیں کہ ہمارا ماما، چاچا، تایا، فلاں دور قریب کا رشتہ دار فلاں محکمے میں افسر ہے فلاں جج ہے فلاں کرنل ہے اور فلاں ایم این اے ایم پی اے منسٹر سے اپنی اچھی سلام دعا ہے۔ میرے بھائی آپ کیا ہیں؟ جہاں پر وہ لوگ جا سکتے ہیں جن کا آپ نام لیتے ہیں اور انکے قصیدے پڑھتے ہیں وہاں آپ تو نہیں جا سکتے۔ اگر وہ آپ کا کوئی کام کر بھی دیتے ہیں تو اسکی آپ قیمت ادا کرتے ہیں۔ وہ چاہے ایک بھانڈ/ مراثی کی طرح ہر محفل میں انکی بڑھائی بیان کرنا ہی کیوں نہ ہو۔ ان کا تعارف کروانا ہی کیوں نہ ہو۔ ان کو ڈسکس کرنا ہی کیوں نہ ہو۔ آپ جیسے کئی انکے متعلق ایسی باتیں کرنے والے ہیں آپ نہ بھی ہوں وہ تب بھی اپنا اعلی مقام اور پاور رکھ رہے ہونگے۔ آپ کہاں کھڑے ہیں؟

سفر لمبا ہو سکتا ہے، مشکل اور کٹھن ہو سکتا ہے۔ مگر ناممکن ہر گز ہے آپ بھی بیک گراؤنڈ کی Fill in the blanks سے کہانی کا ٹائٹل بن سکتے ہیں۔ ایک گمنام ستارے کی بجائے چاند اور سورج بن کر دنیا میں روشنی پھیلا سکتے ہیں۔

Check Also

Aaj Ka Sabaq

By Mubashir Aziz