Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Gul Bakhshalvi
  4. Kab Tak Qaid Rakhoge?

Kab Tak Qaid Rakhoge?

کب تک قید رکھو گے؟

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے خلاف دنیا کچھ بھی کہے لیکن میں قمر جاوید باجوہ کو خراج تحسین پیش کروں گا، اس لئے کہ قمر جا وید باجوہ نے قوم کی آنکھیں کھول دیں، ہر چہرے ہر ادارے کو بے نقاب کر دیا، پاکستان کیا دنیا نے دیکھ لیا اور دیکھ رہی ہے کہ پاکستان میں جو بھونکتا ہے وہ محب وطن ہے اور جو بولتا ہے وہ غدار ہے، ہم پاکستانی اندھیرے میں تھے ویسے بھی ہم نے کھبی اپنے دماغ سے اپنے آپ کو اور نہ ہی عظیم پاکستان کو سوچا ہے۔

جب بھی سوچا اپنی سیاسی جماعت کی قیادت کی سوچ کو سوچا ہے اس لئے کہ ہم پاکستانی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے غلام ہیں، ہم شرافت کے علم بردار کی شرافت کا مذاق اڑاتے ہیں اور قومی لٹیروں، بد زبان اور بد کرداروں کے گیت گاتے ہیں اس لئے کہ ہم پینتیس سال نورا کشتی کی حکمرانی میں ان کے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے ان کے ساتھ سڑکوں پر دھکے کھاتے رہے ہیں، ہمیں کھبی دیس اور خوداری کو سوچنے کا موقع ہی نہیں ملا، آج بھی وہی کچھ کر رہے وہی کچھ گا رہے ہیں جو کل کرتے رہے اور گاتے رہے ہیں۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے نیوٹرل ہو کر ہمیں ہماری قومی اور مذہبی سیاست کا آئینہ دکھا دیا ہے لیکن ہم لکیر کے فقیر آج بھی وہی کچھ کر رہے ہیں جو کرتے آئے ہیں اس لئے کہ ہمارے دل اندھے ہو چکے ہیں، ہم بینا لوگ قوم اور ملک کی بربادی دیکھ رہے ہیں لیکن دل کی آنکھ سو رہی ہے سوچ منجمد ہو چکی ہے، اللہ ربّ العزت نے فرمایا ہے کہ جیسی قوم ویسے حکمران، تبدیلی آئے گی لیکن تب آئیگی جب قوم بدلے گی جس کے بدلنے کے کوئی آثار نہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن بے ضمیر ہے، الیکشن کمیشن چوروں اور لوٹوں کو جتوانے کی کوشش کر رہا ہے ان کے ساتھ مل کر دھاندلی کر رہا ہے۔ عمران خان غلط کہہ رہا ہے کہ قوم لوٹوں کو جان گئی ہے، عمران خان بھی جانتے ہیں کہ حمزہ شہباز کو 17 جولائی تک وزیراعلیٰ کے عہدے پر کیوں رکھا گیا ہے؟ الیکشن کمیشن اس کا درباری ہے پولیس اس کی ملازم ہے، ضمنی انتخابات میں عمران خان کی جیت نہیں ہو گی بلکہ سچائی کے علمبردار غریب ووٹر کا خون گرے گا جیت اسی کی ہو گی جو امریکہ کا یار ہے۔

پنجاب کے وزیر قانون احمد خان صاحب تمہارے منہ میں رانا ثناءاللہ، عطا تارڑ کی زبان ہے تم بھول گئے ہو لیکن قوم نہیں بھولی۔ اقتدار کے نشے میں تم لوگ انسانیت کی تمام حدیں پار کر جاتے ہو اور جب نشہ اترتا ہے تو پھر چلاتے ہو، مجھے کیوں نکالا؟ آج آرمی چیف تمہارا لاڈلا ہے لیکن کل اسی آرمی چیف سے متعلق جو تمہاری قیادت نے کہا تھا قوم بھی جانتی ہے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ بھی جانتا ہے لیکن اگر اس نے رسی ڈھیلی چھوڑی ہے تو حکمرانی کے نشے میں اتنا ظلم کرو جو کل برداشت کر سکو۔

تم کب تک زبان اور قلم کی سچائی کو قید رکھو گے؟ اگر قید ہی رکھنا ہے تو اس جھوٹ کو قید کرو جو تمہارا پروردہ بول رہا ہے۔ جس نے قسم کھائی ہے کہ وہ دیس اور دیس والوں کو سکو ن کا سانس نہیں لینے دے گا اس کی نظر میں میاں محمد نواز شریف اور اس کے درباری ہی فرشتہ ہیں باقی سب شیطان ہیں۔

احمد خان صاحب حق گوئی دبانے سے نہیں دبتی، راکھ میں دبی چنگاری بھڑکے گی تو تمہاری راج دھانی کو راکھ کر دے گی۔ وقت لمحے لمحے کی تاریخ رقم کر رہا ہے، آج جو بو رہے ہو مکافات عمل میں آنے والے کل کو اسی کو کاٹو گے، خدا کی لاٹھی بے آواز ہے، اس لئے خود پر رحم کرو۔ کسی کے ذاتی مفاد کے لئے مریم اورنگ زیب کی طرح مریم نواز کے لئے جھوٹ بول کر اپنی آخرت برباد مت کریں۔

Check Also

Pakistan Ke Door Maar Missile Programme Se Khatra Kis Ko Hai

By Nusrat Javed