Imran Khan Ke Khilaf Propaganda
عمران خان کے خلاف پروپیگنڈہ
گزشتہ کل سے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو میں دکھایا اور بتایا جا رہا ہے کہ اسلام آباد پولیس اور پاک رینجر کے دستے بنی گالہ میں داخل ہو گئے ہیں۔ لگتا ہے عمران خان کو گرفتار کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے، بولنے والا کہہ رہا ہے کہ یہ وڈیو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں۔ خدا جانے کون بول رہا ہے اور اس وڈیو میں کہاں کا منظر دکھایا جا رہے؟ ایک اور خبر میں پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ بلوچستان ہیلی کاپٹر سانحہ، کوئی حادثہ نہیں بلکہ یہ امریکہ کا ہیلی کاپٹر پر ڈرون حملہ ہے، لیکن امریکی غلام حکمران، افواج پاکستان کی اعلیٰ قیادت اور میڈیا خاموش ہے۔
جانے یہ کون لوگ ہیں جو پاکستان میں عدم استحکام کے لئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں؟ آخر کیوں ایک فرد سے ذاتی عناد میں اداروں، قوم اور مذہبی وقار کا جنازہ نکالا جا رہا ہے؟ پاکستان میں حکمران جماعت عمران خان کو سیاسی منظر سے ہٹانے کے لئے سر دھڑ کی بازی میں مغربی یزیدوں کی خوشنودی کے حصول میں کون کس حد تک گر چکا ہے دنیا دیکھ رہی ہے، اور افواجِ پاکستان محکمانہ کردار کی سچائی کے لئے قوم کو وضاحتیں دینے پر مجبور ہے۔
مغربی غلام میڈیا قوم کو گمراہ کرنے اور تحریکِ انصاف کی قیادت کو بدنام کرنے کے لئے ایک فرد کو پی ٹی آئی کا ظاہر کر کے بتا رہا ہے کہ یہ بندہ سوشل میڈیا پر فوج کو بدنام کر رہا، اگر وہ بندہ واقعی قومی جرم میں ملوث ہے تو کہا ں ہے وہ، اس کو درسِ عبرت بنانے کے لئے کسی شاہراہِ عام پر لٹکا کیوں نہیں دیا جاتا؟ لیکن بد قسمتی سے عطاءالحق قاسمی جیسے قوم کی مان اور قلم کی پہچان کالم نگار لکھتے ہیں۔
خان صاحب فوج کو بھی دھمکاتے ہیں، عدلیہ کو بھی دھمکیاں دیتے ہیں، انتظامیہ کو بھی "تڑیاں" لگاتے ہیں اور شرفاء کی پگڑیاں اچھالنا تو ان کا روزمرہ کا معمول ہے۔ یہ موضوع بہت نازک ہے میں چاہتا تو اس پر بہت کچھ لکھ سکتا تھا مگر
لے سانس بھی آہستہ کہ نازک ہے بہت کام
آفاق کی اس کارگہِ شیشہ گری کا۔
کاش پاکستان کی پہچان اہل قلم، خواہشات کی غلامی کو بھول جائیں پاکستان اور افواج پاکستان کی عظمت اور وقار کو سوچیں اور عطاءالحق قاسمی اپنے ان الفاظ کا احترام کریں ہم اہل وطن اس حقیقت کو ایمان کی روشنی میں تسلیم کریں کہ پاکستان کا اس سے بڑا دشمن اور کوئی ہو ہی نہیں سکتا جو ہماری سیسہ پلائی، دنیا کی بہترین فوج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرے۔ ہم سب نے ایک دن یہاں سے چلے جانا ہے مگر پاکستان نے یہیں رہنا ہے اور ہمارے بچے دنیا کے سب سے خوبصورت ملک پاکستان کو پہلے سے زیادہ نکھاریں گے پہلے سے زیادہ سنواریں گے۔
پاکستانیو! ہمیں تسلیم کرنا ہو گا کہ، آنے والے کل کو نا تو پی ڈی ایم ہو گی اور نہ عمران خان ہو گا۔
اگر کوئی ہو گا تو وہ ہمارے بعد کی نسل ہو گی اور دنیا کے نقشے پر عظیم پاکستان ہو گا۔