Saturday, 11 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Ilm, Amal Ke Bagher Aap Ka Dushman Hai

Ilm, Amal Ke Bagher Aap Ka Dushman Hai

علم، عمل کے بغیر آپ کا دشمن ہے

ہمارے ہاں چھوٹی عمر سے ہی عمل کی بجائے علم حاصل کرنے پر زیادہ زور دیا جاتا ہے۔ عمل پر کم توجہ دی جاتی ہے جبکہ علم کے لیے جتنے مرضی پاپڑ بیلنے پڑیں، کم سمجھے جاتے ہیں۔

یہ ایک بڑا المیہ ہے کہ ہمارے پاس علم تو وافر مقدار میں موجود ہے مگر عمل نہیں ہے اور میں اکثر یہ بات کرتا ہوں کہ علم بغیر عمل والا آپ کا سب سے بڑا دشمن ہوتا ہے اور عمل نہ کرنے کی بڑی وجہ فوری نتائج کا نہ ملنا ہے۔ یعنی علم کے مطابق عمل نہیں بھی کرتے تو اُس کے نتائج ہمیں فوراً نہیں بھگتنے پڑتے۔ مثال کے طور پر سگریٹ کی ڈبی پر صاف صاف لکھا ہوتا ہے کہ سگریٹ کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہے لیکن چونکہ سگریٹ پینے سے ہونے والے نقصانات ذرا دیر سے سامنے آتے ہیں، اِسی لیے ہم سب کچھ جانتے ہوئے بھی اس نصیحت یا ہدایت پر عمل نہیں کرتے۔

ورزش کرنے سے جسم توانا رہتا ہے مگر باوجود اس سچ کے ہم لوگ پھر بھی ورزش نہیں کرتے۔ ایسی سینکڑوں مثالیں ہمارے آس پاس موجود ہیں کہ جہاں ہمارے پاس علم کی کوئی کمی نہیں ہے مگر عمل کی غیر موجودگی کی وجہ سے ہم اپنا نقصان کرتے ہیں۔ خود کے ساتھ دشمن نبھا رہے ہوتے ہیں اور پھر جب عمل نہ کرنے کے اثرات سامنے آنا شروع ہوتے ہیں تب بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔ جب ڈاکٹر بتاتا ہے کہ سگریٹ سے پھیپھڑے متاثر ہو چکے ہیں، جب ڈاکٹر بتاتا ہے کہ چکنائی کے زیادہ استمعال سے آپ کی چربی بڑھ چکی ہے جس سے دل کے امراض میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو چکا ہے۔ تب خیال آتا ہے کہ ہائے میں نے تب عمل کیوں نہ کیا؟

سگریٹ پر صاف منع کیا گیا تھا مگر میری ہی مت ماری گئی تھی۔ اسی طرح ہمارے روزمرہ کے معمولات میں عمل کی کمی ہمیں بڑے نقصانات سے دوچار کرتی ہے۔ یاد رکھیں کہ خالی علم کسی کام کا نہیں ہوتا جب تک کہ وہ کسی عمل میں نہ لایا جائے۔ علم حاصل کریں، ضرور کریں مگر عمل بھی کریں۔ اللہ بھی آپ سے یہ نہیں پوچھیں گے کہ کیا آپ کو پوری نماز زبانی یاد ہے؟ بلکہ وہ یہ پوچھیں گے کہ کیا آپ نے نمازیں پڑھیں ہیں؟ اللہ تعالیٰ بھی عمل کے متعلق ہی سوال کریں گے۔

تو آپ بھی یہ بات بخوبی ذہن نشین کر لیں کہ علم بڑا نہیں ہوتا، عمل بڑا ہوتا ہے۔ کسی بھی انسان کے کردار کو علم بڑا نہیں کرتا عمل بڑا کرتا ہے۔ علم اگر بدن ہے تو عمل اس کی روح ہے اور روح کے بنا بدن کسی کام کا نہیں ہوتا۔ اگر خوش و خرم، اچھی صحت مند اور کامیاب زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو علم کے ساتھ ساتھ عمل کرنا خود پر فرض کر لیں کیونکہ عمل ہی وہ واجد کنجی ہے جو آپ کی زندگی میں بدلاؤ لایا کرتی ہے۔

Check Also

Apni Auqat Mein Raho

By Tehsin Ullah Khan