Shohar Ko Shadi Ke Baad Kin Vitamins Ki Zaroorat Hoti Hai
شوہر کو شادی کے بعد کن وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہے

ایک عام انسانی جسم وٹامنز کی کمی یا زیادتی کا شکار ہوتا ہے لیکن یہ معاملہ میڈیکل سائنس کے ہاتھ میں اس وقت تک رہتا ہے جب تک آپ بیوی کے ہاتھ نہ لگے ہوں میری مراد یہ ہے کہ آپ کی سادی زندگی کے س پر تین نکتے نہ آگئے ہوں۔
شادی کے بعد آپ کے وٹامنز کی کمی یا زیادتی کا دار و مدار بیوی کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ آپ کی زندگی بھر کی صحت اسی کے مرہون منت ہوتی ہے جس میں آپ کے لیے منت کرنے کی کوئی گنجائش بلکہ آسائش نہیں ہوتی ہے۔
Vitamin - Fear (Vitamin F1)
یہ وٹامن کنواروں کے جسم میں شادی سے پہلے ناپید ہوتا ہے جس کے باعث وہ زندگی کی رنگینیوں سے بے خوفی سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ شادی کے بعد یہ یہ ناپید وٹامن ایک ناہید یعنی بیوی کے آنے کے بعد مسلسل بڑھا رہتا ہے۔ بندہ ہر وقت عدم اعتماد کا شکار رہتا ہے۔ شادی کے بعد اس کا بڑھا رہنا انسان کو مضمحل کر دیتا ہے۔ استقلال و استدلال نام کو نہیں رہتا۔ اس کے جسم میں کمی کے لیے کوئی سپلیمنٹ نہیں بنایا گیا ہے۔ اس میں کمی کا واحد ذریعہ یہ ہے کہ ہفتے میں کم از کم دو سے تین مرتبہ کنوارے دوستوں میں بیٹھیں۔ ان کی باتیں سنیں اور اپنے گزرے دن یاد کریں۔ یہ طبیعت میں افاقے کی واحد صورت ہے جو آپ کی صورت سے خوف کم کر سکتا ہے۔
Vitamin - Forgetfulness (Vitamin F2)
یہ وٹامن جتنا زیادہ ہوگا۔ طبیعت اتنی ہشاش بشاش رہے گی۔ یہ وٹامن بھول جانے کی ایک ایسی صلاحیت کا نام ہے جس کا کوئی عین البدل نہیں۔ اس کی مقدار کان میں ہوتی ہے۔ ایک کان سے سنو دوسرے سے اڑا دو۔ اگر کان سے دماغ یا دل ہر لے گئے تو سامنے والی اڑا کر رکھ دے گی۔ اکثر ناسمجھ مرد ابتدا میں اس وٹامن سے بہت چڑتے ہیں لیکن بعد میں انہیں سمجھ میں آ جاتا ہے کہ یہ اس وٹامن کی جسم میں موجودگی زندگی کے لیے ضروری ہے۔
Vitamin - Yes (Vitamin Y)
یہ وٹامن جسم میں جس قدر زیادہ ہوگا۔ بیوی کی نظروں میں آپ کی قدر اتنی ہی بڑھتی رہے گی۔ یہ وٹامن آپ کے جسم میں زیادہ ہونے کا مطلب ہے کہ آپ بظاہر ایک ہر سکون زندگی گزارتے نظر آتے ہیں لیکن درحقیقت اس نے آپ کی خودداری کو ملیامیٹ کر دیا ہے۔ یہ ان شوہروں میں زیادہ پایا جاتا ہے جو یا تو بہت ہوشیار ہوتے ہیں یا پھر بیوی کے ہاتھوں شکست کھا چکے ہوتے ہیں۔ اس وٹامن کی شدت اتنی ہوتی ہے کہ شوہر بیوی کے کچھ کہنے سے پہلے ہی ہاں کی گردان لگا کر اپنی گردن بچاتا ہے۔ اس وٹامن کی کمی کی صورت میں گھر میں گھمسان کا رن پڑا سکتا ہے جس کی وجہ سے شوہر کی زبان میں لکنت اتر آتی ہے۔
مریض کو بار بار یہ خیال آتا ہے کہ وہ اچھا نہیں کر رہا۔
اکثر شوہر اس وٹامن کی کمی کا شکار ہوں تو گھر میں کم سے کم نظر اتے ہیں اور اگر گھر میں ہوں تو سمجھ لیں انہیں کم نظر آتا ہے۔ کمی کی صورت میں بیوی کی چند خوراکوں سے یہ وٹامن ایک ہی ڈانٹ میں بڑھ جاتا ہے۔
Vitamin - Paisa (Vitamin P)
وٹامن پی۔ یہ وٹامن شوہروں کی زندگی کا مہینے کی 5 تاریخ کی رات تک حاصل اور اس کے بعد لا حاصل ہوتا ہے۔ ڈاکٹرز بتاتے ہیں کہ 5 تاریخ کو تنخواہ ملنے پر شوہر ہر یہ وٹامن بری طرح حاوی اور ہیوی ہوتا ہے۔ گھر پہنچتے ہی جب بیوی شوہر سے تنخواہ کے کر مہینے کے خرچے بتائے تو شوہر کو اپنی مالی یتیمی مارے ڈالتی ہے۔ یہ وٹامن پھر پورے مہینے ہاتھ نہیں آتا اور شوہر اس وٹامن کی غربت کا شکار رہتا ہے۔ تجربہ کار شوہر بتاتے ہیں کہ اس وٹامن کی کچھ مقدار جسم میں رہنے کے لیے ضروری ہے کہ کبھی بیوی کو اصل تنخواہ نہ بتائیں۔ کوشش کریں کہ بیوی کا ہاتھ اتنا تنگ رکھیں کہ وہ مہینے بھر آپ کی طرف دیکھتی رہے اور آپ اسے دوست سے ادھار لینے کے نام پر اسے کچھ نہ کچھ دینے رہیں۔ وہ شوہر جو پوری کی پوری تنخواہ بیوی کے ہاتھ میں رکھ دیتے ہیں پھر وہ پورے مہینے ایک فقیر کی طرح بیوی کے سامنے ہاتھ پھیلائے رہتے ہیں۔
Vitamin - Lie (Vitamin L)
یہ وٹامن سراسر جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے ویسے اسے بیوی بیوی کے سامنے Vitamin کہا جاتا ہے۔ یہ منافقت آمیز وٹامن خوشگوار زندگی کا آئینہ ہے۔ بیوی جب بھی کہے: کیسی لگ رہی ہوں؟ تو بغیر دیکھیں حور کہہ دیں۔ بیوی کی تعریف کے لیے وٹامن ایل آسان ترین نسخہ ہے۔ اس وٹامن کی جسم میں موجودگی کے لیے ضروری ہے کہ خیالوں میں حسین عورتوں کی تصویریں سوچتے رہیں۔ جہاں بیوی پوچھے کیسی لگ رہی ہوں تو آنکھیں بند کرکے اسے تصور میں لائیں اور جھوٹتے ہی حور کہہ دیں۔
Vitamin - In Laws (Vitamin IL)
زندگی میں اس وٹامن کی خوراک لینے کے لیے بیوی کے گھر آتے جاتے رہیں۔ اگر بیوی نہ بھی کہیں تو چلے جائیں۔ اس وٹامن کے ہونے سے آپ کبھی بھی بے چینی یا ڈیپریشن کا شکار نہیں ہوں گے۔ ساس سسر سے لے کر اس گھر کے پالتو جانوروں تک کی عزت کریں کیونکہ اس باعث ہی آپ کی عزت بنی رہے گی۔ سسرال جانے کو ایک طرح سے خوشگوار زندگی کا تیر بہدف نسخہ رکھیں ورنہ آپ خود زندگی پھر ہدف بنیے رہیں گے۔ ممکن ہے حذف ہی نہ ہو جائیں۔
یہ وٹامنز ہر شوہر کے لیے مختلف بھی ہو سکتے ہیں کیونکہ ان کا تعلق بیوی کے مزاج پر منحصر ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ آپ کے محضر میں کون کون سے وٹامنز لکھے ہیں۔

