Monday, 23 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asifa Ambreen Qazi
  4. Brigade Ki Aqsaam

Brigade Ki Aqsaam

بریگیڈ کی اقسام

بہت سے لوگوں کی سیاسی اور ملکی حالات پر پوسٹ پڑھتی ہوں۔ صاحب پوسٹ سے متفق ہونا ضروری نہیں، اور نا متفق ہو کر غیر تربیت یافتہ زبان کا استعمال بھی ضروری نہیں۔ سیاسی پوسٹوں پر کمنٹ کرنے والوں میں کئی طرح کے لوگ شامل ہیں۔ ایک وہ جو اختلاف رکھتے ہوئے بھی اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتے، ان کی بات مدلل ہوتی ہے اور الفاظ کا چناؤ بھی قدرے بہتر ہوتا ہے۔ یہ غلط اور درست کی پہچان رکھتے ہیں۔ بحث سے اجتناب کرتے ہیں، اکثر خاموشی سے گزر جاتے ہیں۔

ایک ہوتی ہے "چھاپا بریگیڈ" یہ کسی کے پیج یا وال سے مخصوص کمنٹ کاپی کر کے رکھتے ہیں، ان کو فوراً خوشبو آ جاتی ہے کہ کس جگہ سیاسی منظر نامے پر بات ہو رہی ہے، یہ ایک ہی کمنٹ پندرہ پوسٹوں پر چھاپ آتے ہیں۔ چاہے کمنٹ کا تحریر سے کوئی جوڑ ہی نہ ہو۔

دوسرے نمبر پہ "صلوات بریگیڈ" آتی ہے۔ ان کا سیاسی شعور صفر ہوتا ہے لیکن زبان و بیاں سے تربیت کی کمی بھی عیاں ہو جاتی ہے، چونکہ مدلل بات کرنے کی اہلیت نہیں ہوتی تو یہ براہِ راست صاحب پوسٹ کی ذات پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ ان کو بلاک کر دیا جائے تو یہ اکثر فیک آئی ڈیز سے کام چلاتے ہیں لیکن مغلظات ان کی زبان پر جاری رہتی ہیں۔ ان کی شناختی علامت "لعنت" ہوتا ہے۔

چوتھے نمبر پہ آتی ہے "طعنہ بریگیڈ" اس گروپ میں شامل مرد و زن کی ذہنیت محلے کے تندور پہ بیٹھی مختاراں اور نذیراں والی ہوتی ہے، لمبے ہاتھ کر کے طعنے اور مینے دینا ان کا پسندیدہ کام ہے، ان کا سیاسی شعور صرف فیک خبروں تک محدود ہوتا ہے۔ یہ مخالف کو یوتھیا، کوکینی، پٹواری کہہ کر گالی جیسا لطف محسوس کرتے ہیں۔

پانچویں نمبر پہ آتی ہے "ڈھیٹ بریگیڈ" یہ حقیقی اعداد و شمار کو غلط قرار دینے پہ مامور ہوتے ہیں، یہ دو جمع دو کو اپنی چرب زبانی سے پانچ ثابت کرنے پہ تلے رہتے ہیں۔ گھر میں ان کی کوئی سنتا نہیں ہے، اور کمنٹس میں طویل اور لا یعنی بحث کے لیے تیار رہتے ہیں۔ حتیٰ کہ دوسروں کے کمنٹ میں ٹپک کر کہتے ہیں آو بھائی جی لڑیں۔

"بھڑاس بریگیڈ" یہ صرف ذاتی عناد نکالنے کے لیے پوسٹ پر آتے ہیں، یہ سلگتا، بھڑکتا تبصرہ کر کے آخر میں سمائل والا ایموجی لگا کر خود کو نیوٹرل ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن آپ کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ کس بات کا ساڑ نکالا گیا ہے؟

تو مشورہ یہی ہے کہ پہلی قسم کے علاوہ باقی تمام اقسام سے لگے ہاتھوں جان چھڑاتے رہیں۔ کوالٹی اہم ہے، Quantity نہیں۔ اگر مستقبل قریب میں آپ کی نیوز فیڈ میں میری پوسٹ نظر نہ آئے تو سوچیے گا کہ کس بریگیڈ سے تعلق کی وجہ سے نکالے گئے؟

Check Also

Tufaili Paude, Yateem Keeray

By Javed Chaudhry