Wednesday, 22 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asif Masood
  4. Kitab Tehzebon Ki Maa: Ibn e Khaldoon Aur Al-Muqadma (6)

Kitab Tehzebon Ki Maa: Ibn e Khaldoon Aur Al-Muqadma (6)

کتاب تہذیبوں کی ماں: ابن خلدون اور "المقدمہ" (6)

دنیا جب سیاست، تاریخ اور تہذیب کو محض واقعات کا تانا بانا سمجھتی تھی، تب ایک شخص آیا جس نے بتایا کہ تاریخ ایک سائنس بھی ہو سکتی ہے، تہذیب کا بھی ایک ارتقائی عمل ہے اور ریاست صرف حکمرانوں کا کھیل نہیں بلکہ اقوام کی روح، اخلاق اور عصبیت کا عکس ہے۔ یہ شخص نہ کسی یورپی سلطنت کا دانشور تھا، نہ کسی یونانی فلسفے کا شارح، بلکہ ایک مسلمان، عرب اور اندلس اور افریقہ کی فکری فضا میں پروان چڑھنے والا مفکر تھا، عبد الرحمن بن محمد بن خلدون، جسے ہم "ابن خلدون" کہتے ہیں۔ اس کی کتاب "المقدمہ" دنیا کی وہ پہلی علمی کاوش ہے جس نے تاریخ، عمرانیات، معیشت، سیاست اور تمدن کو ایک مربوط فکری خاکے میں پرو دیا۔

ابن خلدون نے مقدمہ کو ایک تاریخ کی کتاب کا دیباچہ سمجھ کر لکھا، مگر وہی دیباچہ اصل کتاب سے کہیں زیادہ بلند، گہرا اور بامعنی ثابت ہوا۔ آج دنیا کی بڑی بڑی یونیورسٹیز میں جہاں سوشیالوجی، پولیٹیکل سائنس، اکنامکس اور کلچرل اسٹڈیز پڑھائی جاتی ہیں، وہاں ابن خلدون کا ذکر احترام سے کیا جاتا ہے۔ کیونکہ اس نے تیرہویں صدی میں وہ باتیں کہہ دیں جو یورپ نے کئی سو سال بعد دریافت کیں۔ اس نے انسانی معاشرے کو ایک زندہ جسم کی مانند دیکھا، جس کی بھی اپنی عمر، طاقت، کمزوری، بیماری اور موت ہوتی ہے۔ اس نے تاریخ کو فقط بادشاہوں، فتوحات اور سنہری خوابوں کا ہجوم نہیں سمجھا، بلکہ اس میں انسان، محنت، معیشت، ماحول، اخلاق اور عقیدے کا باہمی رشتہ تلاش کیا۔

ابن خلدون کا سب سے مشہور تصور "عصبیت" کا ہے۔ اس کے مطابق اقوام کی طاقت، صرف ہتھیار یا دولت سے نہیں، بلکہ ان کے اندرونی اتحاد، اخلاص اور قربانی کے جذبے سے آتی ہے۔ جب یہ "عصبیت" کمزور پڑ جاتی ہے، تو چاہے سلطنت کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو، وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ ہر قوم یا قبیلہ جب ایک مقصد کے تحت اکٹھا ہوتا ہے اور ان میں قربانی، ایثار اور قیادت کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے، تو وہ حکمرانی تک پہنچ جاتا ہے۔ پھر وقت گزرنے کے ساتھ جیسے جیسے آرام، تعیش اور خود غرضی بڑھتی ہے، یہ قوتِ باطن ختم ہو جاتی ہے اور یوں قومیں زوال پذیر ہو جاتی ہیں۔ اس پوری فکری لڑی کو اس نے صرف فلسفیانہ الفاظ میں نہیں پیش کیا، بلکہ کئی تاریخی مثالوں سے سمجھایا۔

ابن خلدون نے تاریخ نگاری پر بھی بھرپور تنقید کی۔ وہ کہتا ہے کہ مورخ صرف سننے، لکھنے اور گزر جانے والے واقعات کو ریکارڈ نہ کرے، بلکہ یہ سمجھے کہ کسی واقعے کے پیچھے کون سی قوتیں، حالات اور عوامل کارفرما تھے۔ اس کے مطابق ہر واقعے کا ایک سماجی، معاشی اور سیاسی پس منظر ہوتا ہے اور اس کو جانے بغیر تاریخ صرف داستان سرائی بن جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ابن خلدون کو تاریخ کے فلسفی اور سوشیالوجی کا بانی کہا جاتا ہے۔

معاشیات پر بھی ابن خلدون کی فکر حیرت انگیز ہے۔ وہ کہتا ہے کہ دولت کمانے کے ذرائع صرف زراعت یا تجارت نہیں، بلکہ ریاست کے فیصلے، ٹیکس کا نظام اور سماجی انصاف براہِ راست معیشت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ وہ لکھتا ہے کہ جب ریاست ظلم سے ٹیکس وصول کرتی ہے، تو تجارت ختم ہو جاتی ہے، پیداوار گرنے لگتی ہے اور یوں ریاست خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارتی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ وہ بات ہے جو آج کی جدید معاشیات کی بنیاد بھی ہے، مگر ابن خلدون نے یہ چھ سو سال پہلے بیان کر دی تھی۔ وہ انسانی محنت کو دولت کی بنیاد سمجھتا ہے اور کہتا ہے کہ وہی معیشت پائیدار ہوتی ہے جو انصاف، محنت اور امن پر قائم ہو۔

ابن خلدون کے نزدیک تہذیب بھی ارتقائی عمل ہے۔ وہ کہتا ہے کہ انسان شروع میں بدوی زندگی گزارتا ہے، پھر آہستہ آہستہ وہ شہری زندگی، صنعت، فن اور اداروں کی طرف بڑھتا ہے۔ مگر ہر ترقی اپنے ساتھ کمزوریاں بھی لاتی ہے۔ جیسے جیسے انسان تعیش پسند ہوتا ہے، ویسے ویسے اس کا اخلاق، اس کی روح اور اس کی عصبیت کمزور ہونے لگتی ہے۔ یوں وہ دوبارہ زوال کی طرف آتا ہے۔ یہ ایک طرح کا تہذیبی چکر ہے، جو ابن خلدون کے مطابق ہر قوم پر لاگو ہوتا ہے۔ یہ تصور آج کی سوشیالوجی، کلچرل اسٹڈیز اور انٹروپالوجی میں بنیادی نکتہ مانا جاتا ہے۔

"مقدمہ" میں تعلیم، فنونِ لطیفہ، مذہب، فلسفہ اور انسانی نفسیات پر بھی حیرت انگیز مشاہدات موجود ہیں۔ مثلاً وہ کہتا ہے کہ علم اگر محض رٹنے کا عمل بن جائے اور اس میں سوچنے، سمجھنے اور سوال اٹھانے کی گنجائش نہ ہو، تو وہ علم زوال کا باعث بنتا ہے۔ وہ مدارس کے نظام پر تنقید کرتا ہے جہاں صرف حفظ اور نقلی علوم پر زور دیا جاتا تھا۔ وہ کہتا ہے کہ سچا علم وہی ہے جو انسان کے شعور، تجسس اور عقل کو بیدار کرے۔ یہ بات آج بھی ہمارے تعلیمی نظام کے لیے ایک چیلنج ہے۔

ابن خلدون کا کمال یہ ہے کہ اس نے مذہب اور سائنس، عقل اور وحی، ماضی اور حال کے درمیان ایک پل بنانے کی کوشش کی۔ وہ دین کا انکار نہیں کرتا، بلکہ کہتا ہے کہ اللہ کا نظام بھی فطرت کے قوانین کے ساتھ چلتا ہے۔ اگر ایک قوم ظلم کرے، ناحق خون بہائے، یا انصاف سے انحراف کرے، تو پھر اللہ کی سنت یہ ہے کہ وہ اسے مٹا دیتا ہے، چاہے وہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو۔ اس کے نزدیک تاریخ اللہ کی زمین پر اس کی سنتوں کا اظہار ہے اور جو قوم ان سنتوں کو نہ سمجھے، وہ ماضی کے مزار میں دفن ہو جاتی ہے۔

"المقدمہ" کوئی ایسی کتاب نہیں جو صرف فلسفیوں یا علما کے لیے لکھی گئی ہو، بلکہ وہ ایک زندہ، سانس لیتی ہوئی اور بیدار عقل کی آواز ہے۔ ہر باشعور انسان جو ریاست، قوم، تہذیب، یا معاشرت میں دلچسپی رکھتا ہے، وہ اس کتاب میں اپنا آئینہ پا سکتا ہے۔ ابن خلدون ہمیں سکھاتا ہے کہ صرف زخم چاٹنے سے تاریخ نہیں بنتی، بلکہ ہمیں تاریخ سے سیکھنا ہوتا ہے، اس کے اصولوں کو سمجھنا ہوتا ہے اور پھر ان پر عمل کرتے ہوئے اپنی قوم کی تقدیر خود لکھنی ہوتی ہے۔

ابن خلدون نے اپنے زمانے میں بے شمار دھچکے دیکھے: سلطنتوں کا عروج و زوال، سیاست کی چالاکیاں، علماء کی کمزوریاں، بادشاہوں کی ہوس اور عوام کی بے بسی۔ مگر ان سب مشاہدات نے اس کی آنکھوں کو صرف غمگین نہیں کیا، بلکہ دانا بھی بنایا۔ اس نے صرف نوحہ نہیں لکھا، بلکہ تجزیہ کیا۔ صرف مرثیہ نہیں کہا، بلکہ دلیل دی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج بھی زندہ ہے اور آج بھی ہماری تاریخ، سیاست اور معاشرے کی رہنمائی کر سکتا ہے، اگر ہم سننا چاہیں۔

اگر افلاطون نے ریاست کا خواب دیکھا، ارسطو نے اسے زمین پر اُتارا، تو ابن خلدون نے اس خواب کی عمر، کمزوری، طاقت اور زوال کی سائنس بنا دی۔ وہ تاریخ کے صفحات پر ایک روشن ستارے کی طرح ہے، جو اندھیری راتوں میں بھٹکتی اقوام کو راستہ دکھا سکتا ہے، بشرطیکہ ہم اندھیرے سے نہ ڈریں اور اس روشنی کو پہچان لیں۔

Check Also

Masnoi Kokh

By Saleem Zaman