Imam Ghazali: Aqal, Dil Aur Rooh Ke Sangam Ka Mujadid
امام غزالی: عقل، دل اور روح کے سنگم کا مجدد

اگر دنیا کی فکری تاریخ میں کچھ ایسے چراغ ہیں جنہوں نے اندھیروں میں ایک ایسی روشنی بکھیری جو صدیوں تک بجھ نہ سکی، تو ان میں امام ابو حامد محمد بن محمد الغزالی ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ محض ایک عالم دین، فلسفی یا صوفی نہیں تھے، بلکہ وہ ایک فکری انقلاب تھے۔ ایک ایسا نقطہ جہاں عقل رک کر دل کی طرف جھکی اور دل عقل کی روشنی میں بلند ہوا۔ ان کا دور انتشار، فکری انجماد، باطنی و ظاہری کشمکش، مذہب و فلسفے کے تصادم اور علم و تصوف کے الجھے دھاگوں سے بھرا ہوا تھا۔ مگر امام غزالی ان سب الجھنوں کو سلجھاتے گئے، یہاں تک کہ وہ امت کی فکری تاریخ میں "حجۃ الاسلام" کے لقب سے مشہور ہو گئے۔
ان کی زندگی کی ابتدا ایک متوسط گھرانے میں ہوئی، ایران کے شہر طوس میں۔ والد کا سایہ بچپن ہی میں اٹھ گیا۔ ماں نے اپنے بیٹوں کی تربیت کے لیے ہر ممکن قربانی دی۔ علم کا شوق ایسا تھا کہ فقر و فاقہ بھی رکاوٹ نہ بن سکے۔ امام غزالی نے ابتدائی تعلیم اپنے علاقے کے مشہور علما سے حاصل کی اور پھر نیشاپور کا رُخ کیا، جہاں امام الجوینی جیسے عظیم استاد کی صحبت ملی، جنہیں "امام الحرمین" کہا جاتا تھا۔ یہاں منطق، فقہ، کلام، فلسفہ اور دیگر علوم کی وہ آگہی ملی جس نے غزالی کو ایک ایسا عالم بنا دیا جو جلد ہی وقت کے علمی افق پر چھا گیا۔
ان کی فکری عظمت کا ایک اہم مرحلہ بغداد میں نمودار ہوا، جب نظام الملک نے انہیں نظامیہ مدرسے کا صدر مدرس مقرر کیا۔ یہ مدرسہ اس زمانے کی جامعہ آکسفورڈ یا جامعہ ہارورڈ سے کم نہ تھا۔ امام غزالی کی تدریس، مناظرے، تحریر اور علم کا شہرہ دور دور تک پھیل گیا۔ وہ صرف علما کے نہیں، سلاطین کے مشیر بھی بنے۔ مگر اندر سے ایک خلش تھی، ایک سوال تھا جو انہیں چین نہ لینے دیتا، "جو کچھ میں جانتا ہوں، وہی سب کچھ ہے؟ کیا یہ علم مجھے حقیقت تک لے جائے گا یا محض دلیلوں میں الجھا دے گا؟"
یہ سوال معمولی نہیں تھا۔ غزالی ایک ایسے فکری دوراہے پر آ کھڑے ہوئے جہاں منطق، فلسفہ، کلام، فقہ اور تصوف سب ایک دوسرے سے متصادم نظر آتے تھے۔ عقل سوال کرتی تھی، دل جواب مانگتا تھا، روح خاموش کھڑی دیکھ رہی تھی اور پھر ایک دن، جب ان کی شہرت آسمان پر تھی، شاگرد سینکڑوں تھے اور منصب قابلِ رشک، انہوں نے سب کچھ چھوڑ دیا۔ درس و تدریس، مناظرہ و منصب، بغداد کی گہماگہمی، سب کو خیرباد کہا اور نکل پڑے ایک ایسے سفر پر جو بظاہر بیرونی تھا، مگر درحقیقت باطن کا سفر تھا۔
یہ وہ لمحہ تھا جو غزالی کو غزالی بناتا ہے۔ انہوں نے صوفیوں کی صحبت اختیار کی، خلوت میں گئے، دنیا سے کٹ گئے اور اس دوران انہیں وہ "یقین" ملا جس کی انہیں تلاش تھی۔ انہوں نے محسوس کیا کہ صرف علم کافی نہیں، بلکہ علم کو جب تک دل کی پاکیزگی، نیت کی صفائی اور عمل کی سچائی نہ ملے، وہ نجات نہیں دے سکتا۔ وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ اگر عقل رہنمائی کرتی ہے تو دل راستہ چلاتا ہے اور اگر علم روشنی دیتا ہے تو روح اس روشنی میں منزل دیکھتی ہے۔
اس سفر کے بعد جب وہ دوبارہ منظرِ عام پر آئے تو ان کا بیانیہ بدل چکا تھا۔ اب وہ صرف مناظر نہیں تھے، بلکہ ناصح تھے، صرف متکلم نہیں، بلکہ مجاہدِ نفس تھے، صرف فلسفہ دان نہیں، بلکہ عارفِ حق تھے۔ انہوں نے "احیاء علوم الدین" جیسا بے مثال شاہکار لکھا، ایک ایسی کتاب جو اسلامی تعلیمات کو دل، دماغ اور عمل کی مثلث میں ڈھال کر پیش کرتی ہے۔ اس کتاب نے دین کو رسمی عبادات سے نکال کر اخلاق، تزکیہ، اخلاص اور عشقِ الٰہی کی زبان دی۔
فلسفے کے میدان میں ان کی کتاب "تہافُت الفلاسفہ" ایک زلزلے سے کم نہ تھی۔ انہوں نے ارسطو، افلاطون، فارابی اور ابنِ سینا کے بعض نظریات پر تنقید کی، مگر دلیل اور منطق سے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسفہ اگرچہ عقل کی تربیت دیتا ہے، مگر وہ مکمل حقیقت نہیں، کیونکہ اس میں وحی اور الہام کی روشنی نہیں ہوتی۔ عقل کو غزالی نے رد نہیں کیا، بلکہ اُس کا دائرہ متعین کیا۔ اُن کے نزدیک عقل وہ چراغ ہے جو وحی کی روشنی میں چمکتا ہے، تنہا جلایا جائے تو دھواں بن جاتا ہے۔
امام غزالی نے تصوف کو بھی افراط و تفریط سے نکالا۔ اُن کے زمانے میں بعض صوفیا دین سے ہٹ کر محض وجد و حال میں گم ہو چکے تھے، جبکہ کچھ ظاہری علما انہیں زندیق کہتے تھے۔ غزالی نے دونوں کے بیچ پل بننے کی کوشش کی۔ وہ کہتے تھے: "تصوف روح کی اصلاح ہے، نہ کہ دنیا سے فرار"۔ انہوں نے صوفی کی پہچان یہ بتائی کہ وہ خود کو کچھ نہ سمجھے، مگر عمل میں سب کچھ ہو جائے۔ وہ "باطن کی سچائی" کے قائل تھے، مگر "ظاہر کی درستگی" کے بھی قائل تھے۔
امام غزالی کی تعلیمات میں سب سے بڑی خوبی ان کا توازن ہے۔ وہ ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ عقل اور عشق، علم اور عمل، دنیا اور دین، یہ سب بظاہر متضاد نظر آتے ہیں، مگر حقیقت میں ایک دوسرے کے محتاج ہیں۔ اگر صرف عقل ہو تو انسان خشک ہو جاتا ہے اور اگر صرف عشق ہو تو گمراہ ہو جاتا ہے۔ اگر صرف علم ہو، عمل نہ ہو، تو نفاق پیدا ہوتا ہے اور اگر صرف عمل ہو، علم نہ ہو، تو جہالت۔ غزالی نے اس توازن کو بحال کیا۔
ان کی تحریریں آج بھی دل کو جھنجھوڑتی ہیں۔ وہ کہتے ہیں: "آدمی اگر خود کو نہ پہچانے، تو وہ دنیا کی ہر چیز جان کر بھی جاہل رہتا ہے"۔ وہ بار بار نفس کی مخالفت، دنیا کی حقیقت، اخلاص کی اہمیت اور نیت کی پاکیزگی پر زور دیتے ہیں۔ اُن کے نزدیک اصل کامیابی صرف یہ نہیں کہ انسان عالم بن جائے، بلکہ یہ ہے کہ وہ خدا کا بندہ بن جائے، ایسا بندہ جس کا دل ہر لمحہ جاگتا ہو، ہر عمل خالص ہو اور ہر قدم حق کی طرف ہو۔
یورپ میں ان کا ترجمہ لاطینی میں ہوا اور ان کی فکری گہرائی نے قرون وسطیٰ کے مسیحی مفکرین کو بھی متاثر کیا۔ عیسائی علما اور فلاسفہ نے غزالی کے ذریعے اسلامی فلسفے سے آشنائی حاصل کی اور مغربی نشاۃ الثانیہ (Renaissance) کی فکری بنیادوں میں ان کا اثر شامل ہوگیا۔
مگر ہمارے اپنے معاشروں میں؟ بدقسمتی سے آج غزالی کو صرف ایک مذہبی شخصیت سمجھا جاتا ہے، جب کہ وہ ایک جامع انسان تھے۔ اگر ہم تعلیم کے میدان میں غزالی کے توازن، سماجی اخلاقیات میں ان کی رہنمائی، نفسیات میں ان کے تجربات، فلسفہ میں ان کی تنقید اور تصوف میں ان کی تطہیر کو سمجھیں تو ہم ایک مکمل انسان اور ایک مکمل معاشرہ بنا سکتے ہیں۔
غزالی ہمیں بتاتے ہیں کہ ایمان، اگرچہ دل کا معاملہ ہے، مگر عقل کی گواہی سے مستحکم ہوتا ہے۔ وہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ علم اگر عاجزی نہ سکھائے، تو وہ وبال بن جاتا ہے۔ وہ ہر اس نظام کو رد کرتے ہیں جو انسان کو کٹھ پتلی بنا دے، خواہ وہ دنیاوی ہو یا مذہبی۔ وہ چاہتے تھے کہ انسان بیدار ہو، باخبر ہو اور باعمل ہو۔
اور شاید یہی ان کی سب سے بڑی میراث ہے، کہ انہوں نے ہمیں خود کی تلاش کا راستہ دکھایا۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا میں بکھرا ہوا ہر علم، ہر جذبہ، ہر سوال، آخرکار اس ایک نکتے کی طرف لے جاتا ہے: میں کون ہوں؟ اور جب انسان اس سوال کا جواب پا لیتا ہے تو باقی سب خودبخود واضح ہو جاتا ہے۔

