Tuesday, 18 March 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Arslan Aziz
  4. Khud Ko Badalne Ka Waqt

Khud Ko Badalne Ka Waqt

خود کو بدلنے کا وقت

ہر سال اک سال بدلتا ہے
اس بار خود کو بدلیں گے

ہر سال ایک نیا سال آتا ہے، لیکن اصل خوش نصیب وہ ہے جو خود کو بہتر بنانے کے لیے کچھ نیا کرتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں: "میں کسی چیز پر اتنا نادم اور شرمندہ نہیں ہوا جتنا کہ ایسے دن کے گزرنے پر جس کا سورج غروب ہوگیا ہو، جس کی وجہ سے میری زندگی کم ہوگئی، لیکن میرے عمل میں اضافہ نہ ہو سکا ہو"۔

حالات ایسے ہیں کہ دن نہیں گزرتا اور وقت ایسا کہ سال گزر گیا اور پتہ ہی نہیں چلا۔

یاد رکھیں، 2025 میں جو کچھ ہوگا، وہ 2024 میں کیے گئے فیصلوں اور اعمال کا نتیجہ ہوگا۔ اگر ہم 2025 کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں تو ابھی سے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

چھ اہم کام جو آپ کو 2025 میں کرنے چاہئیں۔

اگر چہ آپ کو ظاہراََ یہ کام چھوٹے لگے گیں لیکن یہی چھوٹے چھوٹے کام کرکے آپ توشہ دنیا و آخرت جمع کر سکتے ہیں۔

1۔ اللہ کے لیے کوئی ایک کام مختص کریں کوئی ایک نیک عمل چنیں اور اسے مستقل اپنائیں، جیسے روزانہ 100 مرتبہ درود شریف پڑھنا، روزانہ استغفار کرنا، تہجد پڑھنا، ہفتے میں ایک درخت لگانا، ایک حدیث سیکھنا اور آگے پھیلانا، نیت کریں کہ پورا سال اس کام کو جاری رکھوں گا، انشاء اللہ۔

2۔ صرف ایک برائی کو چھوڑیں اپنی زندگی سے کسی ایک گناہ کو ختم کرنے کا عزم کریں، جیسے جھوٹ بولنا چھوڑ دیں، غیبت نہ کریں، فحش مواد دیکھنا چھوڑ دیں، کم از کم جمعہ کے دن فلم اور گانے نہ سنیں، چھوٹے قدم ہی بڑے انقلاب کی بنیاد بنتے ہیں۔

3۔ کوئی نئی مہارت سیکھیں اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور کوئی نئی اسکل سیکھیں، جیسے ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ، ویب ڈویلپمنٹ، پروگرامنگ، یہی مہارتیں آپ کی زندگی بدل سکتی ہیں۔

4۔ کسی کا بوجھ بانٹیں کسی ضرورت مند کی مدد کریں، جیسے کسی غریب کے لیے راشن کا بندوبست کریں، کسی بیمار کو دوا لا دیں، کسی بزرگ کی مدد کریں، کسی کا بل ادا کر دیں، چاہے مالی مدد ہو یا جسمانی، کسی کے کام آنا اپنی دنیا اور آخرت سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

5۔ پڑھنے کی عادت ڈالیں، اچھے مضامین اور کالم پڑھیں، اسلامی اور اخلاقی کہانیاں پڑھیں، اچھی کتابوں کا مطالعہ کریں، مطالعہ شخصیت میں نکھار پیدا کرتا ہے اور سوچنے کا انداز بدل دیتا ہے۔

6۔ آمدنی کے ذرائع بڑھائیں، صرف ایک نوکری پر انحصار نہ کریں، پارٹ ٹائم کام شروع کریں، اگر آپ ٹیچر ہیں تو اکیڈمی کھولیں، اگر بزنس کرتے ہیں تو آن لائن سیلنگ کا آغاز کریں، یوٹیوب چینل یا فری لانسنگ میں مہارت حاصل کریں، جب مالی استحکام ہوگا تو آپ خود مختار ہوں گے۔

یہ چھ تبدیلیاں اگر ہم اپنی زندگی میں لے آئیں تو نیا سال صرف کیلنڈر کا بدلنا نہیں ہوگا بلکہ ہماری کامیابی کی طرف ایک نیا سفر ہوگا۔

یاد رکھیں، "سہارا کوئی بھی ہو، ہمت خودی کو کرنی ہے، کہ پاؤں چلتے ہیں، بیساکھیاں نہیں چلتیں"۔

یہ نئے سال کا عزم ہے، خود کو بدلیں، اپنی دنیا اور آخرت سنواریں۔

Check Also

Beeswi Sadi Mein Urdu Novel

By Mansoor Sahil