Zindagi Asan Banaye
زندگی آسان بنائیں
عورت کائنات کی خوبصورت ترین، نفیس اور شاندار مخلوق ہے۔ ایسی جس کے ہونے سے کائنات میں دلکش رنگ گھلے ہوئے ہیں۔ خدانخواستہ وہ نہ ہوتی تو کائنات انتہائی بور، بنجر، یک رخی، یکسانیت سے پر اور صرف سرمئی، بھورے رنگ کی ہوتی۔
مردوں کو عورت کے تین رشتوں ماں، بیٹی، بہن سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ بددماغ، بدتمیز اور اجڈ مردوں کی اکثریت بھی اپنی ماں کے گن گاتی ہے، انہیں دنیا کی عظیم ترین ماں کہتی اور ان کے (بدمزہ)کھانوں کو بھی جنت کے کھانوں کے برابر سمجھتی ہیں۔
کم وبیش یہی معاملہ بہن اور بیٹی کا ہے، مردوں کا اس حوالے سے رویہ نرم اور عمومی طور پر مہربان ہے۔
البتہ بیوی کا رشتہ ایسا ہے کہ اکثر مردوں کی پیشانی پر بل پڑ جاتے ہیں، آنکھیں وہ ماتھے پر رکھ لیتے اور گاہے ان کی زبان زہر اگلنا شروع کر دیتی ہے۔
جس طرح اچھے خاوند، برے خاوند ہوتے ہیں، اسی طرح اچھی بیوی، بری بیوی بھی ہوتی ہے، مگر یقین مانیں بیویوں کی اکثریت اپنے گھر، بچوں اور اپنے مرد کے لئے بہت زیادہ قربانی دیتی ہے۔
ان کی زندگیاں مردوں سے زیادہ کٹھن، زیادہ ہیکٹک اور زیادہ سٹریس والی اور مصروف ہوتی ہے۔ اس کے باوجود وہ اپنے مردوں کو خوش رکھنے کے لئے خاصا کچھ کرتی ہیں۔ مردوں شکایت سے زیادہ ان کی نفسیات، سوچنے کے پیٹرن اور مزاج کو سمجھنا چاہیے، تب بہت سے مسائل ازخود ختم ہوجاتے ہیں۔
کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کسی اچھے مرد کو اتنی اچھی بیوی نہیں ملتی، کبھی اسے بہت پریشان کن، تکلیف دہ حالات سے بھی گزرنا پڑتا ہے، جب حالات اتنے ٹاکسک ہوجائیں، زندگی اجیرن ہوجائے تو خوش اسلوبی سے الگ ہو جانا بہتر ہے۔ یقین مانئے کہ ضروری نہیں آپ کا ہرتجربہ برا ہو۔ رب کریم نے ہر بندے کے لئے بہت اچھے، بہت خوشگوار شیریں شب وروز مختص کئے ہوتے ہیں۔ آپ ایک تلخ تجربے سے گزرے ہیں تو ضروری نہیں کہ ہمیشہ ایسا ہوگا۔
اپنی زندگیوں اور زبانوں کو ٹاکسک ہونے سے بچائیں، اپنے اردگرد موجود خواتین کی زندگیاں آسان بنائیں، ان کے سہولت کار بنیں، ان کی قدر کریں۔ اپنی زبان اور ہاتھ کے شر سے انہیں ہر حال میں محفوظ رکھیں۔
رب کریم یقینی طور پر آپ کی زندگیاں زیادہ خوبصورت، پرسکون اور پرلطف بنائے گا۔