Monday, 25 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Khakwani
  4. Waqas Biryani

Waqas Biryani

وقاص بریانی

کیا آپ نے لاہور کی سب سے اچھی بریانی یا پلائو کھایا ہے؟ حیران کن ذائقے والے چاول، ششدر کر دینے والا نرم ملائم منہ میں گھل جانے والا چکن پیس، عمدہ کباب، مزے کا سلاد، رائتہ۔ ایک شاندار تجربہ جس سے ہر باذوق آدمی کو گزرنا چاہیے۔ بہت زیادہ مہنگا بھی نہیں۔

سادہ بریانی کی پلیٹ ساڑھے تین سو روپے، چکن پیس کے ساتھ پلیٹ سات سو روپےجبکہ پلیٹ اتنی بڑی کہ ایک سے زائد کھا سکیں۔ خواتین چونکہ نسبتاً کم کھاتی ہیں، اس لئے ایک کپل تو آسانی سے ایک ہی پلیٹ کھا سکتا ہے۔ میں آج اس شاندار تجربے سے گزرا ہوں اور اس کی لذت ابھی تک دل ودماغ میں سمائی ہوئی ہے۔

ہمارے ایک دوست ضیا الرحمن نے پچھلے سال میرے لاہوری کھانوں کی ایک پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ یہ بریانی کھانے کے بعد گاڑی ڈرائیو نہیں کرنی چاہیے کہ لذت بھرا نشہ آپ پر چھا جاتا ہے۔ بس اسے کھائیں اور پیٹ بھر کر چند منٹ کی غنودگی یا قیلولہ کے مزے لیں۔

اللہ انہیں جزائے خیر دے، کیا ہی سچی بات کی۔ آج وہی کیف بھری کیفیت محسوس کی۔ دراصل یہ بہت مزے کی ڈش کھانے کی لذت ہوتی ہے۔

خیر یہ لاہور کی مشہور وقاص بریانی ہے۔ لاہور کی مشہور مال پر الیکٹرانکس کی بہت ہی مشہور مارکیٹ ہال روڈ ہے، اس میں آگے جائیں تو وقاص بریانی کا آوٹ لیٹ ہے۔ بیڈن روڈ یعنی چمن آئسکریم والی روڈ سے بھی آگے چوک سے بائیں ہو کر راستہ جاتا ہے۔ کسی سے بھی پوچھ لیں۔

دن گیارہ بارہ بجے سے رات گیارہ بجے تک۔ بیٹھنے کی جگہ ہے، گو فیملی کے بیٹھنے کی جگہ زیادہ صاف ستھری اور مناسب ہے۔ رش بہت ہوتا ہے مگر فیملی ہال میں تو پانچ منٹ میں سروس ہوگئی تھی۔ ویسے ٹیک اوے بہت ہی زیادہ ہے۔ دیگوں پر دیگیں ختم ہوجاتی ہوں گی۔

اور ہاں یہ کراچی سٹائل کی بریانی نہیں ہے یعنی روایتی تہہ درتہہ بریانی۔ آپ چاہیں تو اسے پلاو بھی کہہ سکتے ہیں، گو یہ پلائو اور بریانی کے درمیان کی کوئی چیز ہے جس میں چاول بریانی کے مسالوں میں پکا کر ان میں الگ سے تیار کردہ چکن کا لیگ پیس شامل کیا جاتا ہے۔ ایسا نرم ملائم Tender چکن پیس آپ نے زندگی بھر نہیں کھایا ہوگا۔ سمجھ نہیں آئی کہ اسے کس طرح بنایا گیا۔ چاول کا دانا بھی لمبا ہے، لاہور میں ملنے والے عربوں کی مندی کی طرح۔ بہرحال جو بھی ہے کمال ذائقہ ہے۔ وہ بھی مناسب نرخ پر۔ ٹرائی ضرور کریں۔

Check Also

Riyasat Ba Muqabla Imran Khan Aur Do Number Inqelabi

By Nusrat Javed