Monday, 25 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Khakwani
  4. Nimra Ahmad Ka Naya Novel Mala

Nimra Ahmad Ka Naya Novel Mala

نمرہ احمد کا نیا ناول مالا

ناول نگار نمرہ احمد کی تحریروں کے حوالے سے ایک تفصیلی اور بے لاگ ریویو لکھنے کا کہا تھا، ویسے تو میں جذباتی ہو کر بہت کچھ کہہ دیتا ہوں، مگر بعض اوقات فیس بک فرینڈز کسی وعدے کو بھولنے نہیں دیتے، نمل اور نمرہ احمد پر لکھنا بھی ایسا ہی ایک وعدہ بن چکا ہے۔

اس کے لئے خاصا کچھ مزید پڑھنا پڑا ہے۔ ابھی چند دن پہلے نمرہ کی کتاب "میں انمول" پڑھی۔ دلچسپ کتاب ہے اور اس نے ان کے بارے میں میری رائے بہتر کی۔

میں ان کے ناول مصحف، جنت کے پتے اور نمل کے علاوہ حالم پہلے ہی پڑھ چکا تھا۔ کل بیلی راجپوتاں کی ملکہ پڑھا کہ ایک بہت پڑھی لکھی محترم خاتون نے کہا کہ نمرہ احمد کے دو ناول اہم ہیں، بیلی راجپوتاں کی ملکہ اور قراقرم۔ بیلی راجپوتاں کی ملکہ پڑھا اور شدید ترین مایوسی ہوئی۔ نہایت فضول اور بے کار کہانی۔ ایک کنفرم سی کلاس ناول۔ قراقرم کا تاج محل پڑھنا ہے، مگر ہچکچا رہا ہوں۔

اور ہاں نمرہ احمد کی کتاب ہوم گرل بھی پڑھی ہے، وہ مجھے اچھی لگی، بچیوں کو یعنی لڑکیوں کو وہ پڑھانی چاہیے۔ میرا ارادہ ہے کہ اپنی بیٹی کو ہوم گرل تحفے میں دوں گا۔ اگرچہ اسے انگریزی ناول زیادہ پسند ہیں، خاص کر پائولوکوہہیلو کے۔

میرے نزدیک نمرہ احمد کے سب سے بہتر اور میچور ناول نمل اور حالم ہیں۔

پرسوں سے ان کا نیا ناول مالا پڑھنا شروع کیا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ نمرہ احمد کا اسلوب بہت دلچسپ ہے اور قاری گرفت میں آ جاتا ہے۔ پڑھنے کا سٹیمنا البتہ ہونا چاہیے۔ کہیں کہیں خامیاں بھی ہیں، کچھ تکنیکی غلطیاں بھی جو نمل اور حالم میں بھی نظر آئیں۔ سمجھ نہیں آتی کہ اتنی سامنے کی غلطیوں کی نشاندہی کوئی ایڈیٹر کیوں نہیں کرتا کیونکہ ان کے بیشتر ناول میرے خیال میں خواتین اور شعاع ڈائجسٹ میں چھپتے رہے ہیں، ان کی ایڈیٹر بہت ہی کہنہ مشق خاتون ہیں۔ ممکن ہے انہیں وہ غلطیاں نظر نہیں آئی ہوں۔

میں اس بات کا اعتراف کرنے میں کوئی حرج نہیں سمجھتا کہ مجھے تو نمرہ احمد کا ناول نمل اور حالم ازحد دلچسپ لگا اور میں نے اسے مختلف نشستوں میں پڑھا مگر یوں کہ ایک دن ڈیڈھ دو سو صفحات پڑھتا اور پھر رات بھر انتظار کرتا کہ اگلے دن کب جا کر آگے پڑھوں گا۔

اب یہی معاملہ مالا کا ہے۔ تو یہ کسی بھی رائٹر کی بڑی خوبی ہے کہ وہ قاری کو اپنی تحریر کے سحر میں لے لے اور اسے ایک ازحد ضخیم کتاب پڑھنے پر مجبور کر دے۔ نمل ڈیڈھ ہزار اور حالم لگ بھگ دو ہزار صفحات پر مشتمل تھا۔ میں نے ان دونوں ناولوں کو لفظ بہ لفظ پڑھا ہے۔

بہرحال مجھے یہ دیکھ کو خوف بھی آ رہا ہے کہ مالا خطرناک حد تک طویل اور ضخیم ناول ہے۔ مجھے کہیں سے اسکی اٹھارہ قسطیں ملی ہیں اور وہ خیر سے اٹھارہ سو صفحات سے زیادہ ہیں۔ جبکہ اس کی پانچ سات قسطیں مزید بھی آ چکی ہیں، یعنی ڈھائی ہزار صفحات تو کنفرم ہیں۔ اب پتہ نہیں یہ ناول ابھی تک سلسلہ وار چل رہا ہے یا ختم ہوچکا؟

میری وال پر کچھ خواتین یقینی طور پر ڈائجسٹ پڑھتی ہوں گی۔ براہ کرم مجھے آپ ڈیٹ کر سکیں تو اچھا ہوگا۔ مزید یہ بھی کہ مالا کے بارے میں ان کی کیا رائے ہے؟ یہ بھی کہ آپ کے خیال میں نمرہ احمد کے کون سے ناول اہم ہیں؟

Check Also

Peshawarana Taleem Aur Larkiyan

By Mubashir Aziz