Naya Katta
نیا کٹا
آج شام معروف اداکار بہروز سبز واری (قباچہ)کی ویڈیو دیکھی جس میں وہ بظاہر عمران خان کی سائیڈ لیتے ہوئے دراصل ان پر شراب پینے کا الزام لگا رہے ہیں، (خان نے کبھی ایک ڈرنک سے زیادہ نہیں پی)۔
سمجھ سے بالاتر ہے کہ بہروز سبز واری نے ایسا کیوں کیا؟ یہ تو بہرحال یقینی ہے کہ جو کچھ بھی کیا گیا، وہ سوچ سمجھ کر، دانستہ اور بڑی ہوشیاری سے کیا گیا۔
بہروز سبزواری ایک سیانا اور ہوشیار آدمی ہے، بڑا محتاط، سوچ سمجھ کر بات کرنے والا، وہ کبھی ضرورت سے زیادہ بات نہیں کرتا، کبھی پنگا نہیں لیتا، سوشل میڈیا کی بھی اسے اچھی سینس ہے۔ سرائیکی محاورے کے مطابق وہ اتنا ہوشیار ہے کہ کبھی سِنی پھوسی (گیلے گوبر)پر پیر نہیں رکھے گا کہ پیر خراب ہوجائیں گے۔
اس لئے بہروز سبز واری نے جو بھی واردات ڈالی ہے، وہ ہوشیاری سے دانستہ ڈالی گئی اور اس کا مقصد عمران خان کی کردار کشی کے سوا کچھ بھی نہیں۔
اس پوڈکاسٹ میں بہروز سبز واری نے پہلے عمران خان کی تعریف کی، کہا کہ قیدی نمبر آٹھ سو چار کامیاب ہوگا، پھر یہ دعویٰ کیا کہ میں خان کو بہت قریب سے جانتا ہوں، چوبیس سال سے میرا ساتھ ہے، شوکت خانم میں۔
پھر کہا کہ عمران خان پر کو کین کے نشہ کرنے کا غلط الزام لگایا جاتا ہے۔ اس کے بعد بہروز سبز واری نے دعویٰ کیا کہ میں نے بے شمار مرتبہ ان کے ساتھ شراب پی ہے کبھی عمران خان نے ایک ڈرنک سے زیادہ نہیں پیا۔ یہ سب بکواس کرتے ہیں، جھوٹ بولتے ہیں، وغیرہ وغیرہ۔
اب اس میں تین باتیں محل نظر ہیں۔
پہلی بات عمران خان کے ساتھ چوبیس سال کے ساتھ کا دعویٰ ہے۔ وہ کیسے؟ کیا بہروز سبز واری شوکت خانم میں کام کرتے ہیں؟ نہیں۔
البتہ ممکن ہے شوکت خانم کے کسی تقریب یا تقریبات میں وہ بطور فنکار مدعو ہوتے ہوں گے، دیگر درجنوں فنکاروں کی طرح، مگر یہ انہیں عمران خان کا قریبی دوست ہرگز نہیں بناتا۔
کیا بہروز سبز واری عمران خان کے ساتھ لاہور میں یا بنی گالہ اسلام آباد میں ہمہ وقت پائے جاتے تھے، ان کی شامیں خان کے ساتھ گزرتی تھیں؟ بالکل نہیں۔ بہروز سبزواری کراچی میں مقیم ہیں اور ٹی وی ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف رہتے ہیں۔
کیا بہروز سبزواری اتنے احمق ہیں کہ اپنی شراب نوشی کا کھلے عام یعنی ایک پوڈ کاسٹ میں اعتراف کرلیں گے؟ نہیں ہرگز نہیں، وہ ایک بلا کے سیانے بلکہ بالی وڈ محاورے کے مطابق ڈیڈھ شانے آدمی ہیں۔
پھر بہروز نے آئوٹ آف دا وے جا کر اپنی شراب نوشی کا اعتراف کیوں کیا؟ جواب ہے کہ صرف اس لئے کہ وہ عمران خان پر شراب پینے کا الزام لگا سکیں۔
رہی یہ بات کہ خان صرف ایک ڈرنک پیتا ہے، اس سے زیادہ نہیں۔ تو یہ بذات خود ایک احمقانہ بات ہے۔ شراب ایک ڈرنک کیا آدھا ڈرنک پینا بھی حرام اور غلط ہے اور بہروز سبزواری یہ بات اچھی طرح جانتا ہوگا۔
ویسے بھی عمران خان پر کبھی کسی نے الکوحلک یا ڈرنک ہو کر سڑکوں پر پڑنے ہونے کا الزام لگایا ہی نہیں کہ بہروز سبز واری کی اس "دوستانہ گواہی "کی ضرورت پڑے کہ نہیں خان زیادہ نہیں پیتا، صرف ایک ڈرنک پیتا ہے۔ یہ سب دانستہ، ہوشیاری بلکہ مکاری کے ساتھ کیا گیا پلان نظر آ رہا ہے۔
کو کین نہ پینے کی گواہی میں ایک ڈرنک شراب پینے کی دلیل دینے کی کیا تک ہے؟ کیا کو کین کا نشہ کرنے والے شراب نہیں پی سکتے؟ یا کیا یہ لازم ہے کہ کو کین کا نشہ کرنے والے شراب کے چار پانچ پیگ لنڈھائے گا اور صرف ایک پیگ پینے والا کو کین کا نشہ نہیں کر سکتا؟
ویسے ان دونوں نشوں میں تضاد ہے کیا؟ کئی بالی وڈ، ہالی وڈ فنکار یا بعض کھلاڑی دونوں نشے کرتے ہیں، وہ شراب بھی پیتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر کوکین، چرس یا اسی طرح کا کوئی اور نشہ بھی کرتے ہیں۔
معاف کیجئے مجھے بہروز سبزواری کی اس بلاوجہ کی گواہی کی کوئی سمجھ ہی نہیں آئی۔ ایک ہی وجہ ہوسکتی ہے کہ انہیں یہ ٹاسک سونپا گیا ہو کہ عمران خان کی کردار کشی کی جائے اور انہوں نے ہوشیاری کے ساتھ سکرپٹ کے مطابق ایسا کر ڈالا۔ یا پھر دوسرا یہ ممکن ہے کہ یہ سب غلط ہو، ڈیپ فیک ٹیکنالوجی وغیرہ کے ساتھ ویڈیو کلپ کے درمیان میں کوئی گڑبڑ کی گئی ہو۔ ایسی صورت میں بہروز سبزواری کے حوالے سے ظاہر ہے رائے مختلف ہوگی، وہ بے قصور ثابت ہوں گے۔
ویسے بہروز سبزواری کا عمران خان پر الزام تو تصدیق اور گواہی کا محتاج ہے، البتہ ان کا اپنا اعتراف ان کی سزا کے لئے کافی ہے۔ کیوں نہ بہروز سبز واری پر اعتراف جرم کرنے کی نتیجے میں ح د جاری کی جائے اور اسی 80 عدد ک و ڑ ے انجناب کی پشت پر ر سید کئے جائیں تاکہ آئندہ کے لئے وہ اس فعل قبیح سے باز رہ سکیں۔ اس طرح انصاف بھی ہوگا، عدل کا بول بالا بھی اور اسلا می سز ا ئو ں کا عملی نفا ذ بھی۔
کیا فرماتے ہیں ماہرین سوشل میڈیا بیچ اس مسئلے کے؟